لاہور:
چیئرمین نیب جسٹس رٹائرڈ جاویداقبال نے کہا ہے کہ کرپشن ایک ایسا ناسور ہے جس نے ہمارے ملک کی جڑیں کھوکھلی کر دی ہیں، اب تو غالبا سرجری کے بغیر کرپشن کا خاتمہ ممکن نہیں۔
کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاویداقبال کا کہنا تھا کہ ڈاکٹری کے شعبہ کوہم مسیحا سمجھتے ہیں جو عوام کے دردکا درماں اور تپتی دھوپ میں سائبان کی حیثیت رکھتا ہے، مرض ناقابل علاج اورخطرناک صورتحال اختیارکرچکا ہوتوڈاکٹرسرجری تجویزکرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں سرجنز کے درمیان ہوں،دیمک توکچھ دوائیوں سے ٹھیک ہوسکتی ہے لیکن کرپشن ایک ایسا ناسور ہے کہ غالبا سرجری کے بغیراسکا خاتمہ ممکن نہیں جس کے لیے معاشرے کے تمام طبقوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ نیب نے بدعنوانی کے خاتمے کے لیے ایک منزل کا تعین کرلیا ہے، وہ منزل ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ اور بدعنوان عناصر سے قوم کی لوٹی گئی رقوم کی واپسی ہے۔