پاکستانی فلم اچھی ہو یا بری لوگوں کو اسے سپورٹ کرنا چاہئے، سمیع خان

0
360

کراچی:

پاکستان اور بھارت کے درمیان پروان چڑھتی کشیدگی کے ماحول میں محبت کی کہانی کوبیان کرتی فلم ’’کاف کنگنا‘‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار سمیع خان کا کہنا ہے کہ پاکستانی فلم اچھی ہو یا بری ہمیں اسے سپورٹ کرنا چاہیئے۔

اداکار سمیع خان ہدایت کار خلیل الرحمان قمر کی فلم ’’کاف کنگنا‘‘میں مرکزی کرداراداکررہے ہیں جب کہ اداکارہ ایشال فیاض اس فلم کے ذریعے پاکستانی فلم انڈسٹری میں ڈیبیو کررہی ہیں۔

فلم ’’کاف کنگنا‘‘ کی کہانی پاک بھارت کشیدگی کے ماحول میں پروان چڑھتی محبت کے گرد گھومتی ہے جس میں اداکار سمیع خان پاکستانی لڑکے کا کردار اداکررہے ہیں جسے بھارتی لڑکی ایشال فیاض سے محبت ہوجاتی ہے تاہم دونوں کی محبت کے درمیان سرحدی کشیدگی اور نفرت آجاتی ہے۔ فلم کا ٹریلر9 جون کو جاری کیا گیا تھا تاہم ٹریلرکوحد سے زیادہ ڈرامائی اورمبالغہ آمیز پرفارمنس کے باعث ملا جلاردعمل موصول ہوا۔

 

اس حوالے سے فلم کے ہیروسمیع خان نے فلم کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ فلم کودیکھے بغیر جج نہ کریں۔ اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ کو فلم پسند نہیں آئے گی تو آپ کو لازمی سینما جاکر یہ فلم دیکھنی چاہیئے جس کے بعد آپ کی رائے فلم سے متعلق مکمل طور پر تبدیل ہوجائے گی۔ یہ پاکستانی فلم ہے اور لوگوں کو اسے ہر حال میں سپورٹ کرنا چاہیئے چاہے وہ اچھی ہو یا بری۔

اس موقع پرفلم کی مرکزی اداکارہ ایشال فیاض بھی خاموش نہ رہیں اور کہا صرف ٹریلر دیکھ کر پوری فلم کو جج نہ کریں۔ آپ پہلے جاکر فلم تو دیکھیں۔’’کاف کنگنا‘‘ بہت غیر معمولی فلم ہے جس میں بے حد خوبصورت پیغام بھی دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ فلم کا میوزک بھی بہت اچھا ہے جو اس سے قبل آپ کو کسی پاکستانی فلم میں دیکھنے کو نہیں ملے گا۔

فلم میں اداکارہ عائشہ عمر بھی اہم کردار نبھاتی نظر آئیں گی۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا فلم میں مسئلہ کشمیر کو بھی ہائی لائٹ کیاگیا ہے تو انہوں نے کہا کہ یہ فلم مسئلہ کشمیر کے گرد نہیں گھومتی، لیکن چونکہ فلم کا موضوع پاک بھارت کے گرد گھومتا ہے لہذا اس میں کشمیر کا موضوع بھی ڈالا گیا ہے لیکن بہت کم۔

فلم کے ہدایت کار خلیل الرحمان قمر کا کہنا تھا کہ ’’کاف کنگنا‘‘ پروپیگنڈہ فلم نہیں ہے بلکہ یہ امن کے حامیوں کی فلم ہے۔

واضح رہے کہ ’’کاف کنگنا‘‘ کی تشہیری مہم کا آغاز کردیا گیا ہے جب کہ فلم رواں ماہ 25 اکتوبر کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here