کراچی:
پاکستان میں آج کل صرف ایک ہی ڈرامے ’میرے پاس تم ہو‘ کی گونج سنائی دے رہی ہے اور یہ ڈراما ہمایوں سعید، عائزہ خان اور عدنان صدیقی کی بہترین اداکاری کی وجہ سے پاکستانیوں کا پسندیدہ ڈراما بن گیا ہے تاہم اس کی مقبولیت میں خلیل الرحمان قمر کے ڈائیلاگ ’دوٹکے کی لڑکی کے لیے 50 ملین‘ نے بھی اہم کردارکیا ہے جس نے سوشل میڈیا پرطوفان مچادیا ہے۔
لوگ ڈرامے میں فنکاروں کی حقیقت سے قریب تراداکاری کو بے حد سراہ رہے ہیں اورکہا جارہا ہے کہ یہ کردار ہمایوں سعید، عائزہ خان اورعدنان صدیقی کے علاوہ کوئی کرہی نہیں سکتا تھا لیکن بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ ڈراما بننے سے قبل پاکستان کے کئی مشہور اداکاروں کو اس ڈرامے کی پیشکش کی گئی تھی لیکن انہوں نے مختلف وجوہات کی بنا پریہ ڈراما اور کردار ٹھکرادئیے تھے۔
جانئے ڈراما سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ کے بارے میں دلچسپ حقائق
ہمایوں سعید سے قبل دانش کے کردارکیلئے کسے منتخب کیا گیا تھا
ڈرامے میں اداکار ہمایوں سعید دانش کا مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔ حالانکہ ہمایوں سعید کو ابتدا میں دانش کا کردار بے حد پسند آیا تھا لیکن ڈراما بننے سے قبل دیگر مصروفیات کی وجہ سے انہیں یقین نہیں تھا کہ وہ یہ کردار کرپائیں گے، لہذٰا وہ چاہتے تھے کہ دانش کا کرداراداکار فیروز خان ادا کریں۔ اس کے علاوہ ان کے ذہن میں عدیل حسین کا نام بھی تھا۔ لیکن ڈرامے کے مصنف خلیل الرحمان قمرہمایوں سعید کے اس فیصلے سے متفق نہیں تھے وہ چاہتے تھے کہ دانش کا کردارہمایوں سعید ہی ادا کریں بعد ازاں ایسا ہی ہوا۔
شہوار کا کردار عدنان صدیقی کے بجائے ہمایوں سعید سے کروانے کی خواہش
سوائے خلیل الرحمان قمر کے ڈرامے کی پوری ٹیم چاہتی کہ شہوارکا کردار جسے عدنان صدیقی نے ادا کیا ہے ہمایوں سعید ادا کریں۔ کیونکہ تمام لوگوں کو لگتا تھا کہ اس کردار کو ہمایوں سعید بہتر انداز میں کرسکیں گے لیکن ہمایوں سعید کو شروع ہی سے دانش کا مرکزی کردار پسند تھا، جب کہ خلیل الرحمان قمر کی بھی یہی خواہش تھی۔
ڈرامے کا اسکرپٹ 5 سال قبل لکھا گیا تھا
ڈراما سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ کا اسکرپٹ 5 سال قبل لکھا گیا تھا۔ ہمایوں سعید نے خلیل الرحمان کے لکھے گئے ڈرامے ’پیارے افضل‘ کی کامیابی کے بعد ان سے درخواست کی تھی کہ وہ اپنا اگلا پراجیکٹ ان کی پروڈکشن کمپنی کو دیں۔ تاہم خلیل الرحمان قمر نے یہ اسکرپٹ پروڈیوسر حسن سومرو کو دیا تھا جن سے ہمایوں سعید نے یہ اسکرپٹ خرید لیا۔ شروع میں ہمایوں سعید اس پراجیکٹ میں اداکاری کرنا نہیں چاہتے تھے بلکہ ان کا صرف پروڈیوس کرنے کا ارادہ تھا لیکن اسکرپٹ پڑھنے کے بعد ہمایوں سعید کو دانش کا کرداربے حد پسند آیا۔
عائزہ خان سے قبل سونیا حسین اورعائشہ خان کو ڈرامے کی پیشکش
ایک انٹرویوکے دوران ہمایوں سعید نے انکشاف کیا کہ عائزہ خان سے قبل اداکارہ عائشہ خان کومہوش کے مرکزی کردار کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔ ہمایوں کو یقین تھا کہ عائشہ خان اس کردار کے ساتھ بھرپور انصاف کریں گی۔ لیکن عائشہ خان نے شادی کے بعد شوبز چھوڑنے کا اعلان کردیا تھا جس کی وجہ سے وہ اس پراجیکٹ کا حصہ نہیں بن پائیں۔ بعد ازاں مہوش کے کردار کی پیشکش سونیا حسین کو کی گئی لیکن انہوں نے یہ کہہ کر ڈرامے کو ٹھکرادیا کہ مہوش کا کردار بہت ’خطرناک‘ ہے اور اس میں خواتین کے بُرے پہلو پرروشنی ڈالی گئی ہے۔
ندیم بیگ سے قبل 4 ہدایت کاروں نے یہ ڈراما ٹھکرایا
جب ہمایوں سعید نے ڈرامے کا اسکرپٹ پڑھا تو انہیں بے حد پسند آیا تاہم اس وقت ہدایت کار ندیم بیگ فلم میں مصروف تھے جس کی وجہ سے ہمایوں سعید نے 4 مختلف ہدایت کاروں سے ڈرامے کی ہدایات دینے کے لیے رابطہ کیا، لیکن ان چاروں ہدایت کاروں نے یہ کہہ کر ڈراما ٹھکرادیا کہ کہانی بہت بورنگ ہے۔ بالآخراس ڈرامے کی ہدایات کاری کے فرائض ندیم بیگ کے حصے میں آئے۔
واضح رہے کہ ڈراما سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ کے مصنف خلیل الرحمان قمرہیں جب کہ اس کی ہدایت ندیم بیگ نے دی ہیں۔ ڈرامے کو سکس سگما پلس پروڈکشن کمپنی پروڈیوس کررہی ہے جو ہمایوں سعید کی کمپنی ہے۔