برسبین:
پہلی اننگز میں آسٹریلیا کی پاکستان کے 240 رنز کے جواب میں بیٹنگ جاری ہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان برسبین میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کے 240 رنز کے جواب میں آسٹریلیا کی پراعتماد بیٹنگ جاری ہے، گزشتہ روز ٹیسٹ میچ کے پہلے دن پہلی اننگز میں پاکستان کی پوری ٹیم 240 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔
ٹیسٹ کے دوسرے دن آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز ڈیوڈ وارنر اور جوئے برنس نے کیا، دونوں اوپنرز نے پراعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کیا جس کے باعث پاکستانی بولرز آسٹریلوی اوپنرز کے سامنے بے بس نظر آئے، دونوں اوپنرز کے درمیان 222 رنز کی اوپننگ شراکت قائم ہوئی جس کے بعد جوئے برنس یاسر شاہ کی گیند پر 97 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے تاہم ڈیوڈ وارنر نے سنچری مکمل کی اور وکٹ پر موجود ہیں۔
اس وقت آسٹریلیا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 245 رنز بنائے ہیں جب کہ پاکستان پر 5 رنز کی سبقت بھی حاصل ہے۔
قومی ٹیم ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں صرف 240 رنز ہی بناسکی تھی، پاکستان کی جانب سے اسد شفیق نے سب سے زیادہ 76 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے 4، پیٹ کمنز نے3، ہیزل ووڈ نے 2 جب کہ نیتھن لیون نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔