کراچی:
بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے 5 پاکستانی بینکوں کے آؤٹ لک منفی سے مستحکم کردیا ہے۔
ریٹنگ ایجنسی موڈیز کی 18 ماہ کے وقفے کے بعد 2 دسمبر کو پاکستان کا آؤٹ لک منفی سے مستحکم کیے جانے کے بعد 5 پاکستانی بینکوں کے آپریشنزمیں بہتری اور مقامی کرنسی میں سرمائے کے بڑھتے ہوئے حجم کی بنیاد پر آؤٹ لک منفی سے مستحکم کردیا ہے۔ ان میں حبیب بینک، نیشنل بینک، الائیڈ بینک، یونائیٹڈ بینک اور مسلم کمرشل بینک شامل ہیں۔
موڈیز نے مقامی کرنسی میں ان 5 بینکوں کوبی تھری کی ریٹنگ جاری کی ہے۔ موڈیز کے پاکستان کے 5 بینکوں کے آؤٹ لک کومنفی سے مستحکم کرنے کے فیصلے کی بنیادی وجہ ان کے بیلنس شیٹ اور ساورن کریڈٹ رسک میں وسیع باہمی ربط ہے۔ مذکورہ 5 پاکستانی بینکوں کاحکومت سے براہ راست ایکسپوژر کریڈٹ رسک پروفائل میں اوپرکی ریٹنگ ظاہرکرتی ہے۔