ساﺅتھ ایشین گیمز میں ریسلر محمد انعام بٹ نے بھی پاکستان کے لئے سونے کا تمغہ جیت لیا۔
کھٹمنڈو میں جاری فائنل مقابلے کے دوران انعام بٹ نے 92 کلوگرام ویٹ کیٹگری میں نیپال کے سمیت کمار کو ہرا کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا، پہلے راﺅنڈ میں پاکستانی پہلوان 4 کے مقابلے میں 6 پوائنٹس کے ساتھ خسارے میں تھے تاہم بعد میں انعام بٹ نے حریف پہلوان کی ایک نہ چلنے دی اور گولڈ میڈل جیت کر دنیا بھر میں سبز ہلالی پرچم لہرا دیا۔
اپنی کامیابی کے بعد محمد انعام بٹ کا کہنا ہے کہ میں آج جو بھی ہوں، اس ملک کی بدولت ہوں، خوشی ہے کہ ایک بار پھر پاکستان کے لئے طلائی تمغہ جیتنے میں کامیاب رہا ہوں، ایکسپریس سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی اپنی عمدہ کارکردگی سے پاکستان کا نام روشن کرتا رہوں گا۔