راولپنڈی:
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ بارش رکنے کے بعد دوبارہ شروع کردیا گیا ہے۔
راول پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کا کھیل ابر آلود موسم اور آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے تاخیر سے شروع ہوا۔
شہر میں علی الصبح ہلکی بارش ہوئی اور موسم قدرے صاف ہونے پر مہمان ٹیم نے 5 وکٹ کے نقصان پر 202 رنز سے کھیل کا آغاز کیا۔ ابھی صرف 20 رنز ہی بنے تھے کہ بادل پھر برس پڑے جس کی وجہ سے میچ روک دیا گیا۔
سوا 3 گھنٹے کے وقفے کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا۔ دھنان جے اور ڈک ویلا کریز پر موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پہلا ٹیسٹ؛ پاکستان کیخلاف سری لنکا کے 5 وکٹوں پر 202 رنز
پاکستانی ٹاپ آرڈر اور اوپنرز میں عابد علی، شان مسعود اور اظہر علی جبکہ مڈل آرڈر میں بابر اعظم، اسد شفیق اور حارث سہیل شامل ہیں، وکٹ کیپنگ کے فرائض محمد رضوان سر انجام دے رہے ہیں جبکہ فاسٹ بولرز میں نسیم شاہ، عثمان شنواری، محمد عباس، شاہین آفریدی شامل ہیں۔
کم روشنی اور ابرآلود موسم کے باعث میچ کے پہلے روز کا کھیل بھی قبل از وقت ختم ہوگیا تھا اور سری لنکا نے پانچ وکٹوں پر 202 رنز بنائے تھے۔