اسلام آباد:
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ننکانہ صاحب میں قابل مذمت واقعہ بھارت میں مسلمانوں سمیت اقلیتوں پرحملوں سے مختلف ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے ننکانہ صاحب میں ہونے والے واقعے پر مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ننکانہ صاحب اور بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ جاری سلوک میں بہت فرق ہے، مودی آرایس ایس نظریے کے تحت اقلیتوں پرظلم وستم کی حمایت کرتا ہے اور مسلمانوں کو ہدف بنا کر حملے کرنا آر ایس ایس کے ایجنڈے کا حصہ ہے، بھارت میں ہجوم مسلمانوں کو یرغمال بنالیتا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ننکانہ صاحب واقعہ کوحکومت، پولیس اورعدلیہ کی جانب سے برداشت نہیں کیا جائے گا جب کہ ننکانہ واقعہ میرے ویژن سے متصادم ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے گوردوارہ جنم استھان میں نیوز کانفرنس کی اس موقع پر صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمودالرشید اور پارلیمانی سیکرٹری سردار مہنندر پال سنگھ بھی ان کے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر وزیرداخلہ نے کہا کہ ننکانہ صاحب میں ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا جس کا مقدمہ درج ہو چکا ہے، واقعہ کے تمام کرداروں کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے، غیر ریاستی ادارے ملکی امن خراب کرنا چاہتے ہیں اور عالمی میڈیا میں واقعہ کو توڑ موڑ کر پیش کیا گیا گیا جب کہ وزیر اعظم اور ہماری ہمدردیاں سکھ کمیونٹی کے ساتھ ہیں۔