اسلام آباد:
عدالت میں پیشی کے دوران چیونگم چبانے پر دھوکہ دہی اور فراڈ کے ملزم کی عبوری ضمانت مسترد ہوگئی۔
ایکسپریس نیوزکے مطابق فراڈ اور دھوکہ دہی کے ملزم کو عدالت میں چیونگم چبانا مہنگا پڑ گیا اور اسلام آباد کی مقامی عدالت نے ملزم یاسر عرفات کی عبوری ضمانت مسترد کر دی۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد عدنان نے کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ملزم یاسر عرفات نے فراڈ اور دھوکہ دہی کے الزام میں عبوری ضمانت کرارکھی تھی، ملزم پہلی دفعہ کیس کال ہونے پر عدالت کے سامنے پیش نہ ہوا، ملزم دوسری دفعہ کیس کال ہونے پر وکیل سردار عدنان خان کے ساتھ پیش ہوا، ملزم عدالت کے سامنے پیشی کے وقت چیونگم چبارہا تھا، ملزم سے عدالت کے سامنے پیشی کے دوران چیونگم چبانے کی وجہ پوچھی گئی لیکن ملزم عدالت کو کوئی اطمینان بخش جواب نہ دے سکا۔
عدالتی حکم نامے میں تحریر ہے کہ عبوری ضمانت ملزم کے لیے غیر معمولی ریلیف ہوتا ہے لیکن ملزم کا رویہ وہ نہیں تھا جو عبوری ضمانت میں ضروری ہوتا ہے، عدالت ملزم کی درخواست ضمانت قبل ازگرفتاری مسترد کرتی ہے