کورونا کی کارستانیاں!!!

0
216

سلیم صدیقی، نیویارک

کورونا وائرس نے دنیا بھر کو ساقط کر دیا ہے ماسوائے ہیلتھ کیئر ورکرز کے جنہوں نے اپنی جانیں ہتھیلی پر رکھ کر دن رات اس محاظ پر خدمات کیلئے کمر کس کر رکھی ہے، بڑی تعداد میں ڈاکٹرز اور نرسیں اپنی جانیں لائن آف ڈیوٹی میں قربان کر چکے ہیں کیونکہ دوسروں کی جانیں بچاتے بچاتے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے جا رہے ہیں۔ پاکستان میں اس قربانی کے بدلے نومبر تک 50 لاکھ نئے بچے اس دنیا میں جنم لیں گے، نہ جانے کتنے پاکستانی نئے بچوں کے نام کورونا رکھیں گے۔ نائن الیون کے بعد ہم جیسے تاریخ کے طالب علموں نے کیا کیا بدلتے دیکھا اور دیکھ رہے ہیں ،سیکیورٹی کے نام پر انسانوں کو برہنہ کر دیا گیا، کہیں اپنے ہم جنسوں کے سامنے اور کہیں کیمروں کے آگے اب دوسری آفت نے اسی نظام کو شکست دیکر انہی انسانوں کو مجبور کر دیا ہے کہ ایک دوسرے سے منہ چھپاتے پھریں ایک وقت آیا تھا کہ انگوٹھے ہی سب کچھ تھے ،اب انگوٹھے دستانوں کے اندر چُھپ گئے ہیں اور ماسک نے چہرے ڈھانپ دیئے ہیں جو کبھی جرم سمجھا جاتا تھا، اب لازمی قرار پا چکا ہے۔ آج سوموار سے وائٹ ہاﺅس میں ماسک پہننا لازمی قرار دےدیا گیا ہے کیونکہ نائب صدر کی ایک سیکرٹری اور صدر ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا کی اسسٹنٹ بھی کرونا کی شکار ہو گئی ہیں جبکہ صدر کی سیکیورٹی پر معمور سیکرٹ سروس کے گیارہ ایجنٹوں میں بھی اس وائرس کے آثار مثبت آگئے ہیں ۔ہوائی سفر کیلئے بھی اب ماسک لازمی قرار پا گئے ہیں جبکہ فضائی سفر کے میزبانوں کو بھی اب مکمل کٹ پہننا ہوگی تاکہ وائرس سے بچا جا سکے۔ سیکیورٹی کے نام پر مسافروں کو مزید ذلیل و خوار کیا جائےگا۔ ہیلتھ اور دیگر انشورنس لوٹ مار کے نئے ریکارڈ گرم کرینگی ۔بے روزگاری کے نئے ریکارڈ قائم ہونگے گو کہ کئی ریاستوں میں گورنرز نے لاک ڈاﺅن میں نرمی کا اعلان کر دیا ہے تاہم لوگ گھروں میں محصور ہیں چند کاروبار دوبارہ کھلنے جا رہے ہیں جن میں نیویارک بھی شامل ہے مگر عمومی بزنس ابھی بند رہیں گے۔ اتنے ترقی یافتہ ملک میں ہینڈ سینیٹائزر ، ماسک ،دستانے اور وائپس دستیاب نہیں ہیں الیکشن سر پر ہیں تاہم اس کے لئے حکمت عملی میں تامل ہے۔ سماجی فاصلوں کی وجہ سے کتنے لوگ لائنوں میں کھڑے ہونگے۔ پوسٹل بیلٹ کا قانون وضع نہیں کیا جا سکا نہ ہی ریاستیں ابھی تک اس نظام پر متفق ہو سکی ہیں۔ صدر ٹرمپ جو مقبولیت کی معراج پر تھے اب ان کا ستارہ ٹمٹماتا نظر آرہا ہے۔ صدر جارج بش جو سوویت یونین توڑنے کے اور امریکہ کو واحد سپر پاور بنانے میں بانی بن گئے تھے، امریکی قوم نے انہیں دوبارہ صدر منتخب کرنے کی بجائے بل کلنٹن کو اپنا صدر بنا لیا ہے ۔ماہرین کے مطابق ماضی کے صدور کی جنگوں کو سمیٹنے والے اور سٹیٹس کو بھاری ضربیں لگانے والے ٹرمپ کابھی دوسری بار صدارت کا خواب شرمندہ¿ تعبیر نہیں ہوگا آج سوموار کے روز نیویارک اور نیو جرسی کی ریاستوں میں اموات کی شرح کم بتائی گئی ہے ،نیویارک میں 161 اور نیو جرسی میں صرف 59 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔ خدا کرے کہ اس وباءکا جلد خاتمہ ہو تاکہ مخلوق خدا پھر سے معمولات کی جانب لوٹے۔ عبادت گاہیں بھی آباد ہوں۔ اللہ تعالیٰ کا جاہ و جلال والا گھر لبیک کی صداﺅں سے پھر گونجے اور در نبیﷺ پر درود و سلام کی میٹھی میٹھی پیاری پیاری آوازیں بلند ہونے لگیں ۔آئیے مغفرت کے اس عشرے میں اپنے رحیم و کریم مالک سے توبہ کی بھیک مانگیں اس کے در پر سربسجود ہو جائیں کیونکہ وہ اپنی مخلوق سے بہت پیار کرتا ہے اور یقیناً وہ بڑا مہربان ہے ضرور رحم فرمائےگا۔
٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here