نوازشریف نے معیشت کا ایسا جلوس نکالا کہ قوم آج بھگت رہی ہے، صمصام بخاری

0
793

لاہور:

وزیراطلاعات و ثقافت پنجاب سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ نواز شریف جلوس نکالنے کے شوقین ہیں اسی لیے ملکی معیشت کا ایسا جلوس نکالا کہ قوم آج بھی بھگت رہی ہے۔

گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ نواز شریف اپنے آ پ کو آج بھی قانون اور آئین سے بلند اور خاص چیز سمجھتے ہیں, یہی وجہ ہے کہ نہ وہ جیل قوانین کو خاطر میں لاتے ہیں اور نہ انہیں عام قیدیوں جیسا اسٹیٹس پسند ہے۔ نواز شریف کا عدالتی ریلیف کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنا قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔اسی طرح ان کا اپنی سزا کے عمل کو سیاسی شو بنا دینا عدالت کو عزت نہ دینے کے مترادف ہے۔وہ قانون کی خلاف ورزی کرنے کے پرانے عادی ہیں اسی لئیے جیل مینوئل کی واضح خلاف ورزی کی۔

صمصام علی بخاری نے کہا کہ عدالتی ریلیف کے باوجود 6 ہفتے تک علاج نہ کرانے سے ثابت ہوگیا کہ نواز شریف کا مسئلہ علاج ہی نہیں ہے علاج کو وہ پہلے بھی جیل سے رہائی اور لندن جانے کے لیے ایک بہانے کے طور پر استعمال کررہے تھے اور دوبارہ جیل میں آنے کے بعد بھی ان کی پھر یہی کوشش ہوگی کہ بیماری کے بہانے پھر جیل کی سلاخوں سے کسی طرح باہر نکلا جائے۔ (ن) لیگ کی قیادت کو دیکھنا ہوگا کہ مجرموں کو ہیرو بنا کر جلوس کی صورت میں جیل پہنچانے سے اندرون و بیرون ملک لوگ اس پارٹی کے بارے میں کیا سوچیں گے یہی سوچیں گے کہ کرپشن کا جنازہ ہے ذرا دھوم سے نکلے۔

 

صوبائی وزیر نے کہا کہ سیاست کو اگر عوام کی خدمت سمجھا جائے تو سیاست اپنے طور پر خود احتسابی ہے جس میں ڈیلیور نہ کرنے والے رہنما عوام کے دل سے اتر جاتے ہیں۔ اپنی تجوریاں بھرنے والے عام آدمی کا خیال نہیں کرسکتے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here