نیویارک اسمبلی :5فروری کو ”یوم کشمیر“قراردینے کی قراردادمنظور

0
142

نیویارک(پاکستان نیوز) نیویارک کی اسمبلی نے 5 فروری کو یوم کشمیر قرار دینے کی قرارداد بھاری اکثریت سے منظورکر لی، پاکستان نے قرارداد کی منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے بھارت کشمیریوں کے انسانی حقوق کی پامالیوں کو چھپا نہیں سکتا۔نیویارک اسمبلی میں قرارداد کے ذریعے بھارتی فوج کے مظالم اور کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کے بنیادی حقوق کو تسلیم کیا گیا ہے۔ قرارداد میں کہا گیا کہ 5فروری کو بطور کشمیر امریکن ڈے منایا جائے۔ نیویارک کشمیر ڈے سے متعلق قرارداد منظور کرنیوالی پہلی امریکی ریاست بن گئی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے کہا قرارداد یوم یکجہتی کشمیر پر منظور کی گئی جو خوش آئند ہے ، خیرمقدم کرتے ہیں۔ قرارداد کشمیریوں کی جدوجہد کو تقویت دیتی اور حوصلے کو سراہتی ہے اور کشمیریوں کی منفرد ثقافت اور مذہبی شناخت کو تسلیم کرتی ہے۔انہوں نے مزید کہا یہ قرارداد اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارتی کشمیریوں کے انسانی حقوق کی پامالیوں کو نہیں چھپا سکتا۔ قرارداد کی منظوری میں امریکہ پاکستان ایڈوکیسی گروپ کے کردار کوسراہتے ہیں، اس میں رکن اسمبلی نادر سیگاہ کا کردار بھی قابل قدرہے۔ امریکہ میں پاکستان کے سفیر اسد مجید، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقبل مندوب منیر اکرم، پریس قونصلر ڈاکٹر مریم شیخ نے قرارداد کی منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے اراکین اسمبلی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کشمیر عالمی ایشو ہے ، دنیا کی کوئی طاقت اس مسئلے کو نظرانداز نہیں کر سکتی۔امریکی ارکان کانگریس ٹام سوازی ، الہان عمر اور الیگزینڈریا اوکاسیو نے بائیڈن انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت پر دباو¿ بڑھاتے ہوئے کشمیریوں کو ان کا جائز حق دلوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ اس موقع پر پاکستان ایڈوکشی گروپ کے صدر علی راشد نے کہا کہ ہم اس کام پر 2019ءسے محنت کر رہے تھے اور اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ ہمیں اس میں کامیابی نصیب ہوی، انہوں نے اسے ٹیم ورک کی محنت قرار دیا، انہوں نے کہا کہ ہم اب مزید ریاستوں میں بھی اسی طرح کی قرارداد پاس کرانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here