اسلام آباد(پاکستان نیوز)واپڈا نے مہمند ڈیم کی ڈائی ورشن ٹنل نمبر2کے دو حصوں کو نہایت کامیابی کے ساتھ آپس میں ملا دیا ہے۔مہمند ڈیم کی تعمیر کیلئے دریائے سوات کا رخ موڑنے کی غرض سے ڈائی ورشن سسٹم کی تکمیل کی جانب یہ ایک اہم پیش رفت ہے اور اس ہدف کو واپڈا نے آج سرنگوں کی کھدائی کے دوران حاصل کیا۔مہمند ڈیم ضلع مہند میں دریائے سوات پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ یہ اپنی ساخت کے اعتبار سے دنیا کا پانچواں بڑا ڈیم ہے۔ یہ پراجیکٹ2025ء میں مکمل ہو گا۔ تکمیل پر مہمند ڈیم میں12لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ ہو گا سیلاب سے بچائو میں مدد ملے گی اور ایک لاکھ 60ہزار ایکڑ موجودہ زرعی اراضی کے ساتھ ساتھ 18ہزار237 ایکڑ نئی زمین زیرکاشت لائی جا سکے گی۔ مہمند ڈیم کے پاور ہائوس کی پیداواری صلاحیت 800میگا واٹ ہو گی۔