کراچی:
کسٹمز نے جناح انٹرنیشنل ٹرمینل سے ساڑھے4کلو سونا بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
کلکٹر کسٹمز جے آئی اے ٹی فیروزعالم جونیجو نے جمعرات کو ایئر فریٹ یونٹ میں ایڈیشنل کلکٹرثنااللہ ابڑو ڈپٹی کلکٹرفیصل خان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ حکومت کی جانب سے اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم کی وجہ سے لوگوں نے منی لانڈرنگ کا طریقہ کار تبدیل کرتے ہوئے اب سونے کی اسمگلنگ شروع کردی ہے ، دبئی سفر کرنے والی 2 خواتین سے سونے کی 32 چوڑیاں اورمرد مسافر سے 2 کڑے برآمد کیے گئے جن کا وزن 4517 گرام ہے جس کی مالیت 3 کروڑ 11 لاکھ روپے ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ضبط کیا گیا سونا 24 قیراط کاحامل ہے اورعموما استعمال کے لیے جوسونے کے زیورات تیار کیے جاتے ہیں 24قیراط کے حامل نہیں ہوتے، ضبط شدہ سونے میں کھوٹ شامل نہیں،تینوں مسافرایمریٹس ایئرسے دبئی جارہے تھے ابتدائی تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ بازیاب کیے جانے والے سونے کے زیورات کا اصل مالک شہر کاایک نامورسونے کا بیوپاری ہے جس نے اپنا سونا دبئی اسمگل کرنے کے لیے تینوں مسافروں کواستعمال کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ 4 روز قبل بھی جناح ٹرمینل پر تعینات ڈپٹی کلکٹرکسٹمز فیصل خان نے دلہن کے روپ میں دبئی جانیوالی ایک خاتون مسافر سے60تولہ سونے کے زیورات برآمد کیے تھے جن کی مالیت42لاکھ روپے سے زائدہے۔