اسلام آباد(پاکستان نیوز) پاکستان آئی ایم ایف کو راضی کرنے میں کامیاب ہو گیا، عالمی مالیاتی ادارے نے پاکستان کیلئے قرضے کی چھٹی قسط جاری کرنے کی منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ شوکت ترین کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں بتایا گیا ہے کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کیلئے قرض کی چھٹی قسط فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے، پاکستان کو آئی ایم ایف سے 1 ارب ڈالرز کی چھٹی قسط موصول ہو گی۔ وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی جانب سے ردعمل دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ الحمدللہ آئی ایم ایف بورڈ نے پاکستان کا چھٹا نظرثانی بورڈ مکمل کر لیا ہے اور پاکستان کو ایک ارب ڈالر کی قسط کے اجرا کا فیصلہ کیا ہے، اس فیصلے سے معیشت کے استحکام اور اصلاحات کے عمل میں مدد ملے گی۔ واضح رہے کہ پاکستان نے اسٹیٹ بینک کو خودمختاری دینے سمیت آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کردی ہیں۔ قرض پروگرام کی بحالی کیلئے آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق پاکستان نے 350 ارب روپے کا ٹیکس استثنی ختم کرکے ٹیکس وصولیوں کاہدف271 ارب روپے سے بڑھاکر6100 ارب روپے کردیا ہے۔ پیٹرولیم ڈیویلپمنٹ لیوی کا ہدف 600 ارب روپے سے کم کرکے 356 ارب روپے کر دیاگیا ہے، ہرماہ چار روپے فی لیٹر کے حساب سے پی ڈی ایل بڑھانے کافیصلہ بھی کیا گیا ہے اس کے علاوہ ترقیاتی بجٹ میں 200 ارب روپے کی کمی کے علاوہ بجلی اورگیس کے بلوں میں بھی اضافہ کردیاگیا ہے۔