اظہر علی کو فتوحات کا تسلسل برقرار رہنے کی امید

0
142

لاہور:

اظہر علی کو ورلڈکپ میں گرین شرٹس کی فتوحات کا تسلسل برقراررہنے کی امید ہے۔

پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pkکے پروگرام ’’کرکٹ کارنر ود سلیم خالق‘‘ میں گفتگوکرتے ہوئے اظہر علی نے کہا کہ بھارت سے شکست کے بعد قومی کرکٹرز کو گالیاں دینے کا عمل انتہائی افسوسناک تھا،سب سے زیادہ تکلیف کی بات یہ تھی کہ خود اس کھیل سے وابستہ رہنے والے بعض لوگوں نے بھی نامناسب تنقید کا سلسلہ جاری رکھا، ٹیم جیت رہی ہو تو ہر کوئی ساتھ دیتا ہے لیکن شکستوں کی صورت میں سپورٹ کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔

اظہر علی نے کہا کہ سخت تنقید اور مشکل حالات سے دوچار ہونے کے بعد گرین شرٹس نے جرات مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کم بیک کیا،ٹیم پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز سے شکست کے بعد بھی انگلینڈ کو زیر کرنے میں کامیاب ہوئی تھے، امید ہے کہ فتوحات کا تسلسل آئندہ میچز میں بھی برقرار رہے گا۔

 

ایک سوال پر سابق کپتان نے کہا کہ سرفراز احمد میں بھرپور جذبہ موجود اور وہ ٹیم کی بہترین انداز میں قیادت کررہے ہیں،انھوں نے انڈر 19 ورلڈکپ اور چیمپئنز ٹرافی ٹائٹلز جیتے، وہ تاریخ کو دہراتے ہوئے ایک اور آئی سی سی ٹرافی پانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ بروقت کیا،اظہر علی

اظہر علی کا کہنا ہے کہ ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ بروقت کیا، انجری کی وجہ سے میں مشکلات کا شکار تھا،نوجوان کرکٹرز امام الحق اور فخرزمان میری جگہ لینے کیلیے تیار تھے، میں یونس خان اور مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کے بعد بطور سینئر ذمہ داری اٹھانے کیلیے ٹیسٹ کرکٹ پر توجہ مرکوز رکھنا چاہتا تھا،اس لئے ون ڈے کرکٹ کو خیرباد کہنا ہی مناسب سمجھا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here