اسلام آباد:
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین میچ بہت دلچسپ ہوگا تاہم جہاں تک میچ کا تعلق ہے میری دعا ہے کہ پاکستان جیتے۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان اور افغانستان کے مابین ہونے والے ورلڈ کپ 2019 کے میچ کے حوالے سے خصوصی گفتگومیں کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین میچ بہت دلچسپ ہوگا، افغانستان کی بہت اچھی ٹیم ہے اورانہوں نے کرکٹ پاکستان سے سیکھی ہے، یہاں ان کے مختلف کھلاڑی ٹریننگ کیمپ میں رہے اورپاکستان نے انہیں اس کھیل سے آشنا کیا اور اب وہ بہت اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں، میچ بہت دلچسپ ہوگا اورمیں سمجھتا ہوں کہ یہ اسی ماحول اور فضا میں ہوگا جس میں ہم نے آج اورکل افغان قیادت کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ گوکہ پاکستان نے اچھی پرفارمنس میں تاخیرکی لیکن نیوزی لینڈ ٹیم، جس نے اس سے پہلے تمام میچزمیں کامیابی حاصل کی، اس کے خلاف عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں شکست دی ہے، اس لیے پرامید ہیں، جہاں تک میچ کا تعلق ہے میری تو دعا ہے کہ پاکستان جیتے جب کہ پوری قوم چاہتی ہے کہ پاکستان، افغنستان اوربنگلہ دیش سے میچزجیتے۔