عوامی منصوبے…!!!

0
74
ماجد جرال
ماجد جرال

شہباز شریف کو بہت بڑا فنکار مانا جاتا ہے، تعمیراتی کاموں سے لے کر انقلابی اقدامات تک جس تیز رفتاری کا مظاہرہ شہباز شریف کرتا ہے، وہ پاکستان کے کسی اور سیاستدان میں نظر نہیں آتی۔ پنجاب بیوروکریسی میں میرے چند دوست بتایا کرتے تھے کہ بطور وزیر اعلیٰ شہباز شریف کا ایک رعب و دبدبہ کسی سائے کی طرح ہر دفتر میں منڈلاتا رہتا تھا، جس کی بنیادی وجہ شہباز شریف خفیہ اداروں کو حکومتی اداروں اور اہلکاروں پر نظر اور دیے گئے ٹاسک کا شدت سے پیروی کرنا تھا، یہی وجہ ہے کہ شہباز شریف کے دور میں نہ صرف کام ہوتے ہیں بلکہ بڑی تیزی سے ہوتے ہیں۔اسلام آباد میں دوران صحافت جب کبھی کشمیر ہائی وے (موجودہ سری نگر ہائی وے)پر سفر کرنے کا اتفاق ہوتا تو اپنی ایک جانب تباہ حالی کا شکار ہوتا ہوا میٹرو بس منصوبہ دیکھ کر شدید افسوس ہوتا تھا، یہ خالصتا عوامی منصوبہ ہے، اس پر نواز شریف یا شہباز شریف، عمران خان یا شاہ محمود قریشی، آصف علی زرداری یا بلاول بھٹو، مولانا فضل الرحمن یا چوہدری شجاعت الہی وغیرہ نے سفر نہیں کرنا، یہ بس سروس تو ملازمت پیشہ،ایئرپورٹ پر جانے والے افراد یا اسلام آباد سیاحت کے لیے آنے والے لوگوں کیلئے ایک اثاثہ ہے۔
ایک ترقی پذیر ملک میں یہ ایک ایسی بس سروس ہے جو ترقی یافتہ ممالک کی ان بس سروس سے کسی طور کم نہیں جن کے مثالیں دیتے ہوئے سمندر پاکستانی تھکتے نہیں۔میری نظر میں موجودہ حکومت کا یہ ایک عملی طور پر عوامی مفاد کے لیے اٹھایا جانے والا اہم قدم ہے، جس سے کم ازکم سیاست کی نظر نہیں ہونا چاہئے۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے ہمارے دوست اس بات کا بھی شور مچاتے نظر آتے ہیں کہ بھلا یہ کیسے ممکن ہے شہباز شریف پانچ روز میں اس منصوبے کو مکمل کر لیتا۔درحقیقت مسلم لیگ نون جاتے جاتے اس منصوبے کا 80فیصد کام مکمل کرگئی تھی، سو فیصد کام کے فنڈز جاری کر چکی تھی، مگر پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اپنے تقریبا چار سالہ دور میں بمشکل بیس فیصد کام مکمل کیا، اس عوامی منصوبے میں بھی سیاست کی منافقت کو استعمال کیا گیا، کیوں کہ کریڈٹ مسلم لیگ نون کو جا رہا تھا۔ کاش پاکستان میں ایسا ہو جائے کہ عوامی فلاحی منصوبوں کا کریڈٹ کسی کو بھی نہ جائے، عوامی ٹیکس سے بننے والے یہ منصوبے ہر حکومت کی ترجیحات میں شامل ہو جائیں، تاکہ عوام کو سکھ کا سانس نصیب ہو۔
٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here