المہدی سنٹر بروکلین،نیویارک بھر کے پانچوں باروز منہاٹن ، کوئینز،برانکس ،بروکلین اور سٹیٹن آئیلینڈ میں واحد سنٹر ہے جس کا تعلق اردو زبان والوں سے ہے۔اس شہر میں پاکستانی ،ہندوستانی ہزاروں شیعوں کی تعداد کے باوجود 2001 سے پہلے کوئی سنٹر موجود نہ تھا ۔ نیویارک سٹی میں شیعہ کمیونٹی کو ایک امام بارگاہ اور اسلامک سنٹر کی اشد ضرورت تھی ۔ بالخصوص بروکلین میں جو لٹل پاکستان شمار ہوتا ہے۔اس ضرور ت کے پیش نظر 2001 میں راقم الحروف نے نیوجرسی کا المہدی بیچ کر اس کی، اکیوٹی ، ذاتی اور قومی چندے سے 779 کونی آئلینڈ ایونیو والا سنٹر 4 لاکھ 34 ہزار میں خریدا تھا۔نیوجرسی کے سنٹر کو بیچنے کی بڑی وجہ ایڈیسن زوننگ بورڈ سے عدم اجازت تھی ۔مجھے مجبورا بیچ کر نیوجرسی میں نئی جگہ لینے کی بجائے بروکلین آنا نصیب ہوا۔نیوجرسی اور نیویارک کی کمیونٹی نے بھرپور ساتھ دیا ۔ ستمبر 2001 میں کلوزنگ مکمل ہو گئی ۔تب سے یہ ادارہ تادم تحریر ایک بہترین مسجد، امام بارگاہ، اسلامک سنٹر کے طور پر کام کر رہا ہے ۔اس سنٹر کی خصوصیات میں 5 اوقات کی نماز ہائے باجماعت ، درس و تدریس، نماز جمعہ ، سنڈے سکول، محافل میلاد اور مجالس عزا کا انعقاد، نکاح خوانی، کونسلنگ ، تربیت اطفال، تربیت قوم، دروس قرآن،دروس فقہ، دروس اخلاق ،ختم قرآن اور تحریک دینداری شامل ہیں۔
نارتھ امریکہ میں یہ واحد شیعہ اسلامک سنٹر ہے جہاں ہر نماز کے بعد مرحومین کے لئے اجتماعی طور پرفاتحہ خوانی ہوتی ہے۔ زندہ معاونین کے لئے دعائے خیر اور مرحوم معاونین کے لئے دعائے مغفرت کی جاتی ہے۔ دیکھتے ہی دیکھتے المہدی سنٹر ملٹی لینگیول اور ملٹی کلچرل سنٹر بن گیا ۔ اس میں اردو، انگریزی، عربی ، فارسی اور پنجابی میں ذکر الٰہی و محمد و آل محمد علیہم السلام ہوتا ہے۔اس سنٹر میں 21 سالوں میں سینکڑروں غیر مسلموں کو کلمہ اسلام پڑھایا گیا۔سینکڑوں جنازے پڑھائے گئے۔ ہزاروں فاتحہ خوانیاں ہوئیں، سینکڑوں سنڈے سکول چلائے گئے، سینکڑوں ورکشاپس ہوئیں۔21 سالوں میں رمضان المبارک کے شاندار پروگرومز کئے گئے۔ محرم و صفر و ربیع الاول کی مجالس و محافل بھر پور انداز میں ہوئیں۔سال بھر ولادت معصومین کے جلسے اور شہادت معصومین کی مجالس عزا ہوتی رہیں۔ سینکڑوں دروس فقہ اور بیسیویں دروس اخلاق دئیے گئے،نسل بچاو مہم شاندار انداز میں چلائی گئی، سینکڑوں یوتھ ورکشاپس کی گئیں۔غریب و نادار کمیونٹی ممبرز کی خدمت کی گئی، زندہ و مردہ کمیونٹی ممبرز کی خدمت کے ریکارڈ قائم کئے گئے۔ خاص طور پر کرونا وائرس کے دوران غسل و کفن جنازہ و دفن کے انتظامات قابل رشک تھے۔ بیسیوں مرحومین کی میتیں پاکستان سمیت کئی ممالک بھجوائی گئیں ،یہ سب بے لوث ہوا اور ہوتا رہے گا۔دنیا بھر کے شیعوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز اٹھائی گئی۔ پاکستان میں شیعوں کے جبری اغوا کے خلاف آواز اٹھائی گئی ۔عاشورہ کے روز کا مرکزی جلوس لٹل پاکستان میں شروع کیا گیا۔تعمیر جنت البقیع کا سالانہ جلوس بھی شروع کیا گیا۔ عید میلاد النبی کے جلوس کو ویلکم کیا اور شرکا کی خدمت شروع کی گئی۔ سینکڑوں مختلف علما نے یہاں خطابات فرمائے۔ سینکڑوں دروس حوزہ پڑھائے گئے۔ ابتدائی تعلیم سے درس خارج تک تعلیم دی گئی ۔سرٹیفائیڈ علما تیار کئے گئے۔ جو مختلف جگہوں پر جمعہ و جماعات کے فرائض انجام دے رہے ہیں ۔ یا چیپلین کی جابز کر رہے ہیں حوز علمیہ کے کیمپس نے بیسیووں علما تیار کئے۔ خطابت کورسز پڑھائے گئے۔ تجوید القرآن کے کم و بیش 21 دورے پڑھائے گئے۔ درس تفسیر قرآن بسم اللہ سے والناس تک ختم کیا اور دوسرا دورہ آدھا ختم ہونے کو ہے۔سنٹر میں واقع المہدی ٹی وی کے ذریعے دنیا بھر میں ہزاروں محافل، مجالس ، دروس، ورکشاپ اور سیمینارز نشر کئے گئے اور بہت کچھ تبلیغی، تعلیمی سفر میں کمیونٹی کو دیا گیا۔ کمیونٹی اس کو اپنا سنٹر سمجھتی ہے۔ اس کی دلیل یہ ہے کہ 62 لوگوں کے پاس سنٹر کی چابی موجود ہے۔ٹراسپیرنٹ اکاونٹنگ پروفیشنلز سی پی اے کے ذریعے نہ فقط ریکارڈ پر ہے بلکہ پروفیشنلز سی پی کے ذریعے آئی آر ایس میں درج کرائی جاتی ہے۔اسٹیٹ میں بھی سالانہ رپورٹ بھیجی جاتی ہے۔کمیونٹی کی طرف سے دئیے گئے چندے کے ایک ایک سینٹ کا حساب موجود ہے۔ان 21 سالوں میں ،میں نے کبھی سنڈے اسکول ، درس قرآن ، ورکشاپس ،درس اخلاق ، کونسلنگ یا خدمت اموات جنازہ وغیرہ کی نیاز وصول نہیں کی ۔ جمعہ ، مجالس و محافل کی نیاز کا کبھی مطالبہ نہیں کیا،ملنے یا نہ ملنے پر شکر خدا کیا۔21 سال مسلسل جھاڑو دیا، گاربیج بیگ باہر رکھے۔ عموما پیسٹ کنٹرول والوں کو اپنی جیب سے پیسے دئیے۔ سینکڑوں بلز مجالس سے ملنے والی نیاز سے دئیے اور اکا دکا مہینے کے علاوہ ہمیشہ ریذیڈنٹ عالم اور متولی کی تنخواہ اپنے پاس سے دی، ہزاروں ڈالر اپنی نیاز سے سنٹر کو دئیے جو کبھی واپس نہیں لئے۔
21 سالوں میں سوائے ایک مہینے کے کبھی ماہانہ خدمت نہیں لی ۔مومنین و مومنات کا تعاون قابل رشک تھا اور ہے چونکہ ہم اکثر لوگ تقریبا ورکنگ کلا س ہیں، اس لئے کمیونٹی پر بوجھ بننا کبھی پسند نہیں کیا، واکنگ کلاس ہونے کے باعث 779 کونی آئیلیند کے لون کو پے آف کرنے میں تقریبا 17 سال لگ گئے۔پھر بھی اللہ کا شکر ہے کہ پے آف ہو گیا۔ کمیونٹی کا شکریہ ۔ کرونا سے قبل مجمع قابل دید تھا ۔ تاہم اس وقت کرونا کے خطرات کے باوجود بھی جمعہ میں افراد کی تعداد 80 سے 90 اور محافل و مجالس میں 100 سے اوپر ہوتی ہے۔ خصوصی محافل و مجالس میں 200 ، رمضان میں 300 اور محرم میں 700 سے 1000 تک پہنچ جاتی ہے۔ازبک کمیونٹی کے تعداد بھی اوسطا ایک سو سے زیادہ ہے جو ہفتہ وار پروگرام کرتے ہیں۔ خواتین کی مجالس کی تعداد بھی اوسطا اتنی ہی ہے۔کمیونٹی بڑے عرصہ سے محسوس کر رہی تھی کہ جگہ کو وسعت دی جائے۔جس کے پیش نظر الحمد للہ 10 فروری 2022 بروز جمعرات 781 کونی آء لینڈ ایونیو کی بلڈنگ خرید کر لی گئی تھی، اب ہمارا سنٹر ڈبل ہو چکا ہے ۔ الحمد للہ
قارئین ! یہ اللہ کی خاص عنایت اور محمد و آل محمد علہیم السلام کی کرامت ہوئی ،اب اگلا مرحلہ کنسٹرکشن اور لون کے پے آف کا ہے جس کے لئے اللہ کی ذات اور محمد و آل محمد علہیم السلام کی نصرت کے ساتھ اپنی کمیونٹی کی معاونت درکار ہے۔ یہ بہت بڑا بوجھ ہے جو ہمت کر کے اٹھا لیا ہے۔ دونوں بلڈنگز کی ڈیڈز پر المہدی فاونڈیشن لکھا ہے ۔
پہلی بلڈنگ کے لئے 2001 میں بینک سے لون نہیں ملا تھا جس کی وجہ سے مجبورا مجھے اپنے نام پر بلڈنگ رکھنی پڑی ۔ جبکہ اب فاونڈیشن کے نام پر لون مل گیا تھا ۔البتہ گارنٹر میں ہی ہوں۔مگر ان دونوں بلڈنگز سے میرا ذاتی یا میرے خاندان کا کوئی تعلق نہیں ۔ یہ اللہ اور محمد و آل محمد علہیم السلام کی امانت ہے۔
دونوں بلڈنگز ٹرسٹ کے نام پر ہیں ۔ پہلی بلڈنگ پر کوئی بینک لون نہیں تھا تبھی تو ڈاون پے منٹ کے لئے اس پر اب لون لیا گیا۔ 21 سال کے اکاونس ٹرانسپیرینٹ ہیں۔ موجودہ بلڈنگ کو بغیر فنڈ ریزنگ کے کلوز کرا لیا گیا ۔فاونڈیشن کی تفصیلات پبلک کر دی گئیں فانڈیشن ،سینٹر ، بورڈ آف ٹرسٹیز، بورڈ آف ڈائریکٹرز، انتظامیہ کی تفصیلات پبلک ہیں ۔ اللہ کریم کا لاکھ لاکھ شکر ہے ،ہمیشہ اپنی عدالت، شرافت، دیانت، امانت کو محفوظ رکھا ہے۔ خدمت میں کوئی کوتاہی نہیں کی ۔
21 سال تک ایک سنٹر 100 فی صد کامیاب چلا لیا اور اسے دوبرابر بھی کر لیا ۔ المہدی سنٹر کے دروازے ساری کمیونٹی کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں تاہم اگر کوئی سمجھتا ہے کہ شرارت یا قبضہ کرنے آئے گا تو وہ ایسے ہی منہ کی کھائے گا جیسے پیش رو کھا چکے ہیں۔ دیندار بن کر آئیں تو ہم جوتے بھی اٹھا ئیں گے، فی الحال اتنا ہی، باقی آئندہ
اللہ کریم المہدی سنٹر کے معاونین کو اجر و ثواب مرحمت فرمائے ۔آمین یا رب العالمین
کار خیر اور صدقہ جاریء میں مدد فرمائیں
Please send your checks to
Al-Mahdi Foundation,Inc
779 Coney Island Ave
Brooklyn, NY 11218
718-675-6987
٭٭٭