انسانیت مذہب ہے، یا اسلام؟

0
58
مفتی عبدالرحمن قمر
مفتی عبدالرحمن قمر

آج کل ایک نئی کاریگری پاکستان میں شروع ہے ،رکشوں اور گاڑیوں کے پیچھے لکھا ہوتا ہے انسانیت میرا مذہب ہے، غیر یہی چاہتے ہیں کہ مسلمانوں کو کوئی جدید نعرہ دیکر میدان میں اتارا جائے۔ ظاہر ہے یوٹیوب پر جتنی آپ کی سبسکریپشن ہوگی اتنے ڈالر ملیں گے ،یہ نئی چال ہے خود لڑنے مرنے کی بجائے پیسے دے کر ان کو ان سے لڑا دیا جائے۔ سو وہ اپنی چال میں کامیاب ہوتے نظر آرہے ہیں ،سوشل میڈیا پر پرنٹ میڈیا پر اور بسوں، رکشوں اور گاڑیوں پر آپ کو لکھا نظر آئیگا”ہیومنٹی مائی ریلجن” حالانکہ مذہب اسلام ہے انسانیت اس کا ایک معمولی حصہ ہے۔ کیونکہ اسلام نے خدمت خلق کے دائرہ کار کو صرف مسلمانوں تک ہی محدود نہیں رکھا۔ بلکہ غیر مسلموں کے ساتھ بھی انسانی ہمدردی اور حسن سلوک کو ضروری قرار دیا ہے، اللہ پاک کے پاک پیغمبر نے جو رحمتہ اللعالمین ہیں، فرمایا پوری مخلوق اللہ کا کنبہ ہے خاندان ہے اگر آپ چاہتے ہیں کہ اللہ کا قرب حاصل ہوجائے تو انسانیت کی خدمت شروع کردو۔ اس فرمان نبی ۖسے انسانیت کی تعمیر کے لئے آپس میں ہمدردی، باہمی تعاون کی وسیع بنیادیں فراہم ہوئی ہیں ۔پڑوسی کے حقوق مریضوں کی تیمار داری، غرباء کی امداد مسافروں کے حقوق سیلاب زدگان کی بلارنگ ونسل مذہب آباد کاری اسلام نے یکساں سلوک کا حکم دیا ہے۔ مگر کاریگر لوگوں نے ہمیں یہ باور کرانے کی کوشش کی ہے کہ اسلام میں خدمت خلق کا کوئی جامع تصور موجود ہی نہیں ہے جب کہ سچائی یہ ہے کہ اسلام نے مسلمانوں کو اس بات کا پابند بنایا ہے کہ بلاتفریق مسلک مذہب، رنگ نسل ایک دوسرے کی ہمدردی کریں جبکہ اللہ پاک نے قرآن پاک میں فرمایا کہ نیکی یہی نہیں ہے کہ نماز ،روزہ، حج زکواة ادا کریں اور بس۔ بلکہ فرمایا حقوق اللہ کے بعد حقوق العباد کی تکمیل سے ہی انسانیت کی تکمیل ہوگی اور تکمیل انسانیت ہی اسلام ہے، سلف صالحین میں ایک بڑا نام امام فخر الدین رازی ہیں جو فرماتے ہیں کہ پوری عبادت کا خلاصہ یہ ہے کہ امر الہٰی کی تعظیم اور خلق خدا پر شفقت سرکار دو عالم نے ایک جگہ ارشاد فرمایا تم میں بہترین فائدہ پہنچانے والا انسان ہی ہے۔ خیرالناس من منفیع الناس فرمایا اے میرے ہندو تم زمین والوں پر رحم کرو، اللہ تمہارے اوپر رحم کرے گا۔ فرمایا جو مخلوق خدا پر رحم نہیں کرے گا اللہ اس پر رحم نہیں کریگا۔ فرمایا اللہ تعالیٰ اس وقت تک بندے کی مدد کرتا رہے گا جب تک وہ اپنے بھائی کی مدد کرتا رہے گا ۔لہٰذا اے میرے بھولے بھالے بھائیو کاریگروں کی کاری گری سے بچو اسلام کو سمجھو مغربی ایجنڈے کو سمجھو کہ انسانیت میرا مذہب ہے، اسلام کے خلاف نعرہ ہے بلکہ آگے بڑھو اور سمجھائو لوگوں کو کہ اسلام ہی انسانیت سکھاتا ہے، اسلام میرا مذہب ہے اور خدمت خلق اس کی ایک شاخ ہے۔
٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here