ارشد شریف زندہ ہے!!!

0
217
سردار محمد نصراللہ

قارئین وطن! بروز جمعہ آصف چوہدری پاکستان تحریک انصاف امریکہ کے بانی رہنمائوں میں شمار اور عمران خان کے شیدائیوں میں سے ہیں اور ان کے ساتھ بیرسٹر رانا شہزاد صاحب بھی بڑے پر ستاروں میں سے ہیں، دونوں صاحبان نے نواب زادہ میاں ذاکر نسیم کو کہہ رکھا تھا ،عمران خان صاحب کی سات سیٹوں پر کامیابی پر وہ دوستوں کو پر تکلف دعوت دیں گے ،اس میں میرا پاکستان جانا بھی شامل تھا کہ فیئر ویل پارٹی بھی سردار صاحب کے جانے کی خوشی میں چوہدری آصف صاحب نے دوستوں کا ایک ہجوم اکھٹا کیا ہوا تھا ق لیگ کے ڈپٹی سیکٹری انفارمیشن سلیمان کھوکھر (شورشِ پاکستان)مسیحی وقت سعود انصاری صاحب، شاہد نواز چغتائی صاحب ، مرزا آصف ، کامران انصاری صاحب ، بیرسٹر رانا شہزاد صاحب ، زاہد خان جدون صاحب ، راقم سردار نصراللہ ، طارق اشرف اور نواب زادہ میاں ذاکر نسیم اس پر وقار دعوت پر جمع تھے اور ہم نے ایک ہنگامہ برپا کیا ہوا تھا شورش پاکستان چونکہ نئے نئے پاکستان سے آئے تھے انہوں نے وطن عزیز کی سیاست پر خوب روشنی برسائی اور عمران خان کی سیاسی بصیرت پر بڑی کھل کر گفتگو کی ، انہوں نے مزید عمرانی سیاست پر روشنی ڈالتے ہوئے مجلس کو بتایا کہ ملک اس وقت جن مشکلات سے گزر رہا ہے اس کا واحد حل الیکشن ہے جو ملک کو اور اس کے قیمتی اثاثوں کو نادیدہ ہ ہاتھوں سے محفوظ رکھ سکتا ہے –
قارئین وطن! محفل چونکہ عمران خان کی سات نشستوں میں سے چھ نشستوں پر کامیابی کی وجہ پر برپا کی گئی تھی دوستوں نے خوب شور شرابہ مچایا ہوا تھا سب نے اپنے اپنے انداز میں امپورٹڈ اور خاکی والوں کی سخت مذمت کی سب کی طان اس بات پر ٹوٹتی کہ چوروں ڈاکوئوں اور لٹیروں کو قوم پر مسلط کرنے کے بجائے خاکی خود براجمان ہو جاتے حالانکہ یہ بھی کوئی اچھا اقدام نہیں تھا تو تھوڑا بہت برہم رہ جاتا لیکن افسوس کہ ہماری سلامتی کے اداروں کو کب سمجھ آتی ہے انہوں نے وہی کچھ کرنا ہے جو انکل ٹام ان کو بتاتا ہے خیر انقلاب نوشتہ دیوار پر لکھا جا چکا ہے آج آئے کہ کل آئے دروازے پر زور زور سے دستک سنائی دے رہی ہے !!
سب تاج اچھالے جائیں گے
سب تخت گرائے جائیں گے
قارئین وطن! بقول ہمارے مرحوم دوست میاں اشرف جب بھی کوئی مجلس دوستاں برپا ہوتی دوسرے دن ہم شئیر دی گلوری مناتے ابھی دوست عمران خان کی جیت کی خوشی منا رہے تھے ابھی گلے سے ایک آدھا نبیذ کا گھونٹ اترا ہی تھا کہ فیس بک پر مایہ ناز اینکر ارشد شریف کی رحلت کی خبر سنی اناِللہِ و انا الیہ راجعون سب دوست سکتے میں آگئے کسی کو یقین ہی نہیں آتا تھا کہ ارشد ہم سب سے بچھڑ گیا ہے – ایک دن پہلے تو وہ بڑے ہشاش بشاش اندا میں میر سپاہ کے توشہ خانے سے اٹھائے ہوئے تحفوں کی فہرست گنوا رہا تھا ہائے اللہ یہ کیا ہوا یقین جانئے کسی کو یقین ہی نہیں ہوتا تھا کہ ارشد شریف شہید ہو گیا ہے ،میں ارشد کا بہت بڑا فین تھا اس کا اے آر وائی پر پاور پلے بڑے شوق سے دیکھتا کہ وہ ایک پولیٹیکل ورکر کی حثییت سے اور وطن سے دور ہونے کی وجہ سے انفارمیشن کا بہت بڑا سورس تھا میں نے کئی بار سوچا کہ اس کو بطور مہمان نیو یارک بلوایا جائے لیکن سچی بات ہے کہ میری خواہش کو میری غریبی نے کبھی پورا ہونے ہی نہیں دیا اب تو اس نے اتنی دور ٹھکانے بنا لئے ہیں کہ کوئی دولت اس کو واپس نہیں لا سکتی اب ہم صرف اس کی اچھی باتوں کو اس کے کارناموں کو یاد کر کر کے محفلوں کو اس کی یادوں سے روشن کر سکتے ہیں،اللہ پاک اس کی شہادت قبول فرما کہ اس نے پاکستان کی مظلوم عوام کے لئے کسی جابر حکمران کی پروا نہیں کی اور حق کی آواز بلند کرتا رہا ،اے اللہ اس کے درجات بلند فرما اس کی والدہ اور بیوی بچوں کو صبرِ جمیل عطا کر کہ اس کا مسکراتا ہوا چہرہ جب تک زندہ ہیں چمکتا رہے گا ،اے میرے اللہ اس کے قاتلوں کو جلد بے نقاب کر اور کڑی سے کڑی سزا دلوا ،
ارشد شریف ہمارے لئے زندہ ہے ۔
٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here