اچھے برُے لوگ!!

0
99
رعنا کوثر
رعنا کوثر

زندگی کے سفر میں بہت اچھے اور بہت برُے لوگوں سے ملاقات ہوتی ہے۔ اور سفر کو اسی لئے وسیلہ ظفر کیا گیا ہے کہ اس کے ذریعے ہم ہر طرح کے تجربے سے گزرتے ہیں۔ اسی لئے اپنے گھر سے نکل کر سفر ضرور کرنا چاہئے تاکہ ہم اچھے برُے حالات سے گزر کر لوگوں کو بھی پہچان سکتے ہیںاور جب ہم کو اچھے لوگ ملتے ہیں جو اجنبی ہوتے ہیں مگر ہمارے کام آتے ہیں تو ہم حیران ہوتے ہیں کے یہ اجنبی ہمارے کس طرح کام آئے،انسانوں کی اچھائی پر اعتماد بڑھتا ہے۔ ابھی حال ہی کی بات ہے ہم نے دوسری ا سٹیٹ سے نیوجرسی کے ایئرپورٹ کا ٹکٹ لیا۔ نیویارک کا ٹکٹ مطلوبہ تاریخ میں مل نہیں رہا تھا، ہم سوچ رہے تھے کے نیوجرسی میں ایئرپورٹ پر کوئی آنے والا تو ہے نہیں ہمیں لینے اور ٹیکسی بھی بہت مہنگی پڑے گی ،پتہ چلا کے نیویارک ایئرپورٹ سے ٹرین بھی چلتی ہے جو نیویارک لے کر آتی ہے۔ ہم نے اللہ کا نام لے کر فلائٹ بک کرالی اور جہاز اپنے مقرر وقت پر ہمیں نیو جرسی کے ایئرپورٹ پر لے آیا جتنے کی ہم کو فلائٹ ملی تھی اتنے میں ہی ٹیکسی ملتی، ہم نے سوچا کے ٹرمین لے لیں مگر کیسے لیں بھئی ہم نیویارک کی ٹرین میں تو بہت بیٹھے ہیں مگر نیوجرسی کی ٹرین میں کیسے بیٹھا جائے۔ کافی مختلف راستہ تھا۔ حالانکہ یہاں جگہ جگہ سائن بورڈ لگے ہوئے ہیں مگر پھر بھی ہم نے مناسب سمجھا کسی سے پوچھ لیا جائے۔ ہم باتھ روم گئے تو وہاں ایک لڑکی نظر آئی جو ہماری فلائٹ میں تھی۔ اس نے ہلکے ہرے رنگ کا حجاب پہنا ہوا تھا۔ سانولا رنگ تھا۔ افریقن مسلمان تھی ہم نے اس سے پوچھا کے نیویارک جانے والی ٹرین کہاں سے ملے گی۔ اس نے پہلے تو پتہ بتایا پھر کہنے لگی میں بھی نیویارک کی ٹرین لے رہی ہوں۔ میرے ساتھ آجائو۔ سب سے پہلے ہم ایئر ٹرین کی طرف گئے پھر وہاں سے ٹکٹ خریدا۔ اس لڑکی نے جدید طریقے پر بنے بوتھ پر ہماری مدد کی۔ پھر ہم ایئر ٹرین میں بیٹھے تین سٹاپ بعد اترے۔ وہاں سے کافی لمبا راستہ طے کرنا تھا جہاں سے نیوجرسی کی ٹرین چلتی ہے اس لڑکی نے کوئی جلدی کیے بغیر ہمارے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلتی رہی۔ نیوجرسی کی ٹرین آنے میں دیر تھی اور سردی بہت زیادہ اس نے کہا آپ ویٹنگ روم میں بیٹھ کر انتظار کریں۔ باہر بہت سردی ہے ہم اندر چلے گئے۔ وہ سامنے ہی کھڑی رہی تاکے ہم پریشان نہ ہوں۔ جیسے ہی ٹرین آئی اس نے اشارہ کیا ہم ٹرین میں بیٹھ کر نیویارک پہنچے۔ وہاں بھی اس نے ہم کو بتایا کے ہم ٹائم سکوائر کیسے پہنچیں گے تاکے اپنے گھر کی ٹرین لے سکیں۔ یوں ہم اس کو دعائیں دیتے اپنے گھر پہنچے۔ پہنچے تو ہم ویسے بھی جاتے مگر کسی کی رہنمائی اس کا صبر سے ہمارا ساتھ دینا ہم کو اس گھبراہٹ سے بچا گیا جو کہ اجنبی جگہ اور اجنبی راستوں کو تلاش کرتے ہوئے ہو جاتی ہے۔ ایسے بہت سارے تجربے ہمارے کئی ساتھیوں کو ہوئے ہوں گے۔ ہم ہمیشہ برُے ہم سفر کی نشاندہی کرکے لوگوں کو یہی بتاتے ہیں کے ہوشیار رہیں۔ لوگ بہت برُے ہیں۔ لوٹ سکتے ہیں یا کوئی اور نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ یہ بات بالکل صحیح ہے کہ کوئی سفر میں جارہا ہو تو اس کو تھوڑا بہت ضرور آگاہ کر دیا جائے کہ گھر سے نکلو تو سوچ سمجھ کر رہو مگر اچھے لوگوں اور اپنے ساتھ ہونے والے اچھے تجربات کا ذکر بھی ضرور کرنا چاہئے۔ دنیا میں اچھے لوگ بھی ہیں جو اچانک سرراہ مل کر آپ کے کام آتے ہیں۔
٭٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here