چودھری منیر اختر کی خدمات!!!

0
28

قارئین کرام! اُمید کہ آپ بخیر و عافیت ہونگے، ہمارا گزشتہ کالم ”کیا غلامی قوم کی تقدیر ہے” پر آپ کی پسندیدگی اور رد عمل نے اگرچہ وطن عزیز کے حوالے سے ہمارے مطمع نظر اور سوچ کو تقویت دی لیکن اس حقیقت کو بھی اُجاگر کیا ہے کہ ہم جیسے بے لاگ و محبت وطن کو بھی اُجاگر کیا ہے کہ ہم جیسے بے لاگ و محبت وطن میں ڈوبے خواہ وطن اور وطن والوں کے حالات زار پر کتنی بھی آہ و بکاء کریں، درخواستیں کریں ہمارے سیاسی و مقتد رشیشہ گروں کے کان پر جُوں نہیں رینگتی اور ہماری تحریریں نقار خانے میں طوطی کی آواز ہی ہیں۔ سچ تو یہ ہے کہ پاکستان میں سیاسی آئینی، قانونی حتیٰ کہ عمومی حالات پر لکھ لکھ کر تھک چکے ہیں اور اس نتیجہ پر پہنچے ہیں کہ سیاسی حوالوں سے ہٹ کر ایسے موضوعات پر بھی قلم اٹھائیں جو انسانیت معاشرت اور فلاح کے حوالے سے ہوں اور عوام و کمیونٹی کے مفاد اور بھلائی کے عکاس ہوں۔ الحمد اللہ شکاگو لینڈ میں پاکستانی کمیونٹی میں پاکستانی کمیونٹی اور وطن عزیز کی بہتری و فلاح کیلئے مختلف شخصیات و ادارے ایسی خدمات و اقدامات انجام دے رہے ہیں۔ ایسے ہی لوگوں میں ایک ہستی ریاست کے مقتدر کاروباری و سماجی رہنما چودھری منیر اختر کی ہے جو میر کے اس شعر کی مکمل تفسیر ہیں!
بارے دنیا میں رہو غمزہ یا شاد رہو
ایسا کچھ کر کے چلو یاں کہ سدا یاد رہو
چودھری منیر اختر ریاست کے بہت بڑے ادارے RNA کے سربراہ ہونے کیساتھ نہایت درد دل رکھنے والی وہ شخصیت ہیں جو اپنی سماجی و فلاحی خدمات کے باعث نہ صرف الی نائے میں بلکہ پاکستان میں با عزت و احترام کے حامل ہیں۔ انہوں نے پاکستان اور پاکستانیوں کے ہر موقع ہر وقت پر آگے بڑھ کر فلاح و بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کیا ہے پاکستان میں قدرتی، ارضی آفات ہوں صحت و تعلیم کے معاملات یا لوگوں کی معاشی و معاشرتی مشکلات ہوں، چودھری منیر اختر اپنا مثبت کردار ادا کرنے میں پیش پیش رہے ہیں۔
چشتیاں سے تعلق رکھنے والے چودھری منیر اختر نے اپنے شہر و موضوع کے صحت و علاج کے نامساعد حالات اور عوام کو درپیش مشکلات و نا ہمواری کے پیش نظر چشتیاں کے چک نمبر 13 میں پاکستان کے معروف طبی ادارے المصطفیٰ چیریٹیبل ٹرسٹ کی وساطت سے جدید سہولیات و آلات سے مزین چیریٹیبل ہاسپٹل کے قیام کا بیڑہ اٹھایا ہے پروجیکٹ کیلئے چودھری صاحب نے کروڑوں روپے مالیت کا 2 ایکڑ زمین کا ہدیہ کیا ہے، تقریباً ڈیڑھ برس قبل شروع کئے جانے والے ہسپتال کی تکمیل دسمبر میں انشاء اللہ ہوگی اور افتتاح 29 دسمبر کو متوقع ہے۔ چودھری منیر اختر کے مطابق ہسپتال میں مستحقین اور کم آمدنی والے افراد و خاندانوں کو مفت علاج، دوائیاں اور دیگر مفت طبی سہولیات کو بنیاد بنایا گیا ہے۔ ہسپتال میں سی ٹی اسکین، ڈائیلیسز کا بھی انتظام یقینی بنایا گیا ہے اور اگلے مرحلے میں MRI کی سہولت مہیا ہوگی۔ (واضح رہے کہ پورے ضلع میں ایم آر آئی کی سہولت میسر نہیں اور عوام کو دُور دراز کے شہروں میں جانا ہوتا ہے)
کروڑوں بلکہ اربوں روپے کے ہسپتال کی تکمیل کیلئے چودھری منیر اختر کی سربراہی میں المصطفیٰ چیریٹبل ٹرسٹ کے اشتراک سے جمعہ 10 نومبر کو ایمبیانس بنکوئیٹ ہال ولا پارک میں فنڈریزنگ عشائیہ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ یہ حقیقت ہے کہ عوامی فلاح و صحت کیلئے شکاگو کی مخیر کمیونٹی اور اداروں نے ہمیشہ بڑھ چڑھ کر اپنا کردار ادا کیا ہے اور یہ بھی سچائی ہے کہ چودھری منیر اختر کی معتبر و مقتدر شخصیت اور المصطفی چیریٹیبل ٹرسٹ کی بے مثال طبی خدمات (40 ہسپتال و مراکز) و فعالیت اہم سند اعتماد ہے۔ چشتیاں میں چیریٹیبل ہسپتال کی تکمیل و علاقے کے عوام کیلئے خدمات کے اس پروجیکٹ کیلئے ہماری تمام پاکستانیوں سے بالخصوص اور دیگر کمیونٹیز و اداروں سے مخلصانہ درخواست ہے کہ وہ عظیم خدمت انسانی کے کار خیر میں بھرپور اعانت کریں اور عطیات، زکوٰة، صدقات سے فنڈ ریزنگ کو کامیاب بنائیں۔ واضح رہے کہ المصطفی چیریٹیبل ٹرسٹ (C) 501 کے تحت نان پرافٹ آرگنائزیشن ہے اور اس کو ہونیوالی ادائیگیاں ٹیکس سے مستثنیٰ ہیں۔ یہاں یہ بتانا بھی ضروری ہوگا کہ چودھری منیر اختر ہسپتال کی تکمیل کے بعد چشتیاں میں ہائی اسکول نہ ہونے کے سبب اگلے پروجیکٹ یعنی ہائی اسکول کی تعمیر و قیام کے منصوبے پر کام کا آغاز کر چکے ہیں۔ علامہ اقبال نے چودھری منیر اختر جیسے انسانیت نوازوں کیلئے ہی کہا ہے!
خدا کے بندے تو ہیں ہزاروں بنوں میں پھرتے ہیں مارے مارے
میں اس کا بندہ بنوں گا جس کو خدا کے بندوں سے پیار ہوگا
٭٭٭٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here