”جمہوری روح”

0
44
ماجد جرال
ماجد جرال

یہ سن کر افسوس ہوتا ہے کہ آج پاکستان میں انتخابات کروانا ایک مشکل کن فیصلہ ہو چکا ہے، جس کے پیچھے ایک بنیادی وجہ مالی وسائل کا کم ہونا ہے، انتخابات کسی بھی جمہوری ملک کے لیے روح کی مانند ہوتے ہیں، اگر یہ انتخابات ہی نہ ہوں تو کوئی بھی جمہوری ملک زندہ نہیں رہ سکتا۔ انتخابات کی اسی اہمیت کے پیش نظر تمام ممالک اپنے انتخابی اداروں کے پاس ایک مخصوص فنڈ ہر وقت ان کی دسترس میں رکھتے ہیں، شاید ماضی میں پاکستان کے اندر یہ گفت و شنید کبھی موضوع کا باعث بنی ہو کہ حکومت کے پاس انتخابات کروانے کے لیے فنڈز نہیں مگر پاکستان میں گزشتہ چند سالوں سے کیے جانے والے سیاسی تجربات اور ماضی کی کئی دہائیوں سے فوجی اسٹیبلشمنٹ کی چالبازیوں کے سبب آج ہم اس نہج تک پہنچ چکے ہیں کہ ہماری پریشانی کم نہیں ہو رہی کہ انتخابات کرواتے ہیں تو ملکی خزانہ اس کا بوجھ اٹھانے کے قابل نہیں، میں اخبار میں پڑھ رہا تھا کہ پاکستان میں الیکشن کمیشن کہ ایک سابقہ اعلیٰ آفیسر فرما رہے تھے کہ اگر پاکستان میں انتخابات ہوتے ہیں اور ان انتخابات کو اگر کسی بھی سیاسی جماعت نے تسلیم کرنے سے انکار کر دیا تو انارکی کے باعث پاکستان دیوالیہ پن کی جانب گامزن ہو جائے گا۔یہ حال ہو گیا ہے پاکستان کا کہ اب ہمیں اپنے جمہوری عمل کے ہونے پر بھی دیوالیہ پن کے شکوک و شبہات بننے لگے ہیں۔ہم نے سوچا ہے کہ ہمارے ہمسایہ ممالک میں ہمارے متعلق کیا سوچ پروان چڑھ رہی ہوگی یعنی جس ملک کی حالت یہ ہو کہ اس کے پاس اپنے انتخابات کروانے کا سرمایہ بھی نہ ہو اس کو کوئی کسی سٹریٹیجک پارٹنرشپ کا حصہ کس طرح بنائے گا۔اس طرح کے تاثر سے ملک صرف اندرونی طور پر نہیں بلکہ بیرونی طور پر بھی کمزور ممالک کی فہرست میں شامل ہوگا۔ہم عالمی فورمز پر کمزور سے کمزور ملک کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے کے شاید قابل نہ رہیں تو پھر اس حال تک ملک کو پہنچانے والوں کو معاف کر دینا اس ملک کے ساتھ زیادتی ہے مگر پاکستان میں بلی کے گلے میں گھنٹی باندھے کون؟اللہ پاکستان کا حامی و ناصر ہو۔ آمین!
٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here