معین اختر کی 13 ویں برسی!!!

0
10
شمیم سیّد
شمیم سیّد

مجھے یقین نہیں آرہا کہ معین اختر ہم سے جُدا ہو گیا ہے، ابھی کل کی ہی بات ہے جب ٹی وی پر خبر چل رہی تھی کہ معین اختر دل کا دورہ پڑنے سے اپنے خالق حقیقی سے جاملے اور اس بات کو 13 سال گزر گئے اور ابھی تک ہمارے دلوں سے معین اختر نہیں جا سکا۔ ہر وقت یہی محسوس ہوتا ہے کہ وہ ہمارے قریب ہی ہے، خواب میں تو وہ اکثر آتا ہی رہتا ہے اور کیوں نہ آئے ہماری دوستی بہت پرانی تھی جب بھی ہماری ملاقات ہوتی تھی تو معین یہی کہتا تھا کہ ہماری دوستی کو 40 سال ہو گئے ہین جو وقت ہم نے ساتھ گزارا تھا وہ کسی سے چھپا ہوا نہیں تھا۔ 67 سے لے کر 1976ء تک میں معین کیساتھ کراچی میں تھا، شاید ہی کوئی ایسا فنگشن ہو جو میں معین کیساتھ نہ ہوتا تھا کراچی کی بے شمار یادیں ہیں جو ہم نے معین کیساتھ گزاری ہیں لیکن مجھے یہ پتہ نہیں تھ اکہ معین اختر کبھی لیاری میں بھی رہا ہو جبکہ سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ معین اختر کا بچپن لیاری میں گزرا ہے شاید مجھے اس کا علم نہیں ہے ہاں البتہ لالو کھیت کے دو گھر ایک دو نمبر لیاقت ااباد اور دوسرا گھر جہاں مہندی حسن خان صاحب رہتے تھے، اس کے بعد معین اختر ناظم آباد سر سید کالج کے پیچھے اس کے بعد 13-D میں پھر آخری گھر ملیر کینٹ میں تھا جو اب بھی ہے اور وہیں سے معین اختر اس دنیا سے رخصت ہو گیا اور ہم سب کو سوگوار کر گیا۔ معین اختر کے انتقال پر جو لوگوں کا ہجوم تھا وہ ایک تاریخی ہجوم تھا۔ معین اخت رجہاں رہتا تھا وہاں پر بغیر شناختی کارڈ کے دکھائے کوئی داخل نہیں ہو سکتا تھا لیکن اس دن وہ گیٹ کھول دیا گیا تھا تاکہ اانے والوں کو تکلیف نہ ہو، معین اختر نے جو کچھ ہماری انڈسٹری کو دیا ہے وہ بہت ہی کم لوگ گزرے ہیں جہاں بھی کام کیا وہ لاجواب کیا جب اس نے اس فیلڈ میں قدم رکھا اس وقت کے مزاحیہ فنکاروں میں جن کا طوطی بولتا تھا شوکت افضال کی جوڑی، جن کے بغیر کراچی سٹیج کا کوئی پروگرام کامیاب نہیں ہوتا تھا۔ رنگیلا کراچی والا، خالد نظامی، سلیم چھیلا، ملک انوکھا، فرید خان اور آغا سرور جیسے فنکار موجود تھے ان میں اپنی شناخت بنوانا بہت بڑا کارنامہ تھا معین اختر اس وقت ایک نئی چیز لے کر آیا اس زمانے میں اداکاروں کی آواز جس میں محمد علی، وحید مراد، لہری، نرالا کی آوازیں نکالنے کی وجہ سے بہت جلدی اپنا مقام بنا لیا۔ پھر دیکھتے ہی دیکھتے اس نے اپنے آپ کو منوا لیا جن حالات میں معین اختر نے یہ مقام بنایا وہ لوگوں کو نہیں معلوم گھر کی طرف سے اجازت نہیں تھی رات کو گھر دیر سے آنے کی وجہ سے ابا نے معین اختر کا بستر گھر کے باہر رکھ دیا تھا۔ ابا بہت پریشان تھے مجھ سے کہتے تھے کہ اس کو سمجھائو کوئی کام کر لے ، کہیں نوکری پر لگوا دو اس کو اس زمانے میں ثناء اللہ وولن ملز کے طارق و جنید میرے دوست تھے ان سے کہہ کر معین اختر کو ٹیلیفون آپریٹر کی نوکری دلوا دی جس کی وجہ سے معین اختر کے والد میری بہت عزت کرتے تھے۔ رات کی جگائی کی وجہ سے معین اختر زیادہ دن وہاں کام نہیں کر سکا غالباً دو تین مہینے کام کیا لیکن اس کو تو بہت آگے جانا تھا اور وہ کامیڈی میں چھا گیا۔ اس کے بعد اس نے کبھی مُڑ کر نہیں دکھا۔ کامیڈی کے بعد کمپیئرنگ، پھر ٹی وی، اس کے بعد فلمیں ، فلموں میں کامیابی حاصل نہ کر سکا لیکن ٹی وی اور تھیٹر میں خوب نام کمایا اور کام کیا معین اختر اور عمر شریف مرحوم کے بارے میں لوگوں نے بہت سی غلط باتیں پھیلائی ہوئی تھیں۔ معین اختر نے مجھ سے خود کہاتھاکہ عمر شریف کو خود بھی نہیں معلوم کہ وہ کتنا بڑا فنکار ہے اور عمر شریف نے کبھی معین اختر کو معین اختر نہیں کہا ہمیشہ بھائی کہا ہے جب بھی عمر شریف کو کوئی کام کروانا ہوتا تھا تو وہ معین کے پاس آتا تھا۔ معین اختر نے اپنے دور میں اپنے ساتھی فنکاروں اور سینئر فنکاروں کے بہت کام کروائے اور کام کیے اور ان کی ہر طرح سے مدد کرتا تھا جن فنکاروں کے بارے میں لوگ کہتے تھے کہ انہیں معین اختر پال رہا ہے ان میں چچا نرالا، اداکار لہری، مجیب عالم، ملک انوکھا، یہ وہ نامور فنکار تھے جن کو معین نے بہت کام دلوایا۔ اداکار لہری کے آپریشن کا انتظام الطاف حسین بھائی سے کہہ کر کروایا، ایک بات اور میں آج لکھ دوں، انور مقصود اور معین اختر ایکد وسرے کیلئے لازم و ملزوم تھے ایک دوسرے کے بغیر اُدھورے تھے معین اختر سے اچھا کوئی انور مقصود کیلئے کوئی نہیں کر سکتا تھا اب انور مقصود بھائی کیوں نہیں کوئی پروگرام نہیں دے سکے جیسا معین اختر کیساتھ دیتے تھے بس آج برسی کے موقع پر دل کی کچھ بھڑاس نکال دی، اللہ تعالیٰ معین اختر کے درجات بلند کرے اور اعلیٰ ترین مقام پر فائز فرمائے۔ آمین۔ اس نے بہت سے لوگوں کی مدد کی تھی، اللہ تعالیٰ اس کا ضرور اجر دے گا۔
٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here