ڈاکٹر مقصود جعفری: نابغ روزگار شخصیت!!!

0
57

ڈاکٹر مقصود جعفری نابغ روزگار اور کثیر الجہات شخصیت ہیں، تیغِ بے نیام ہیں۔ شبِ تیرہ و تاریک میں مینار نور ہیں، حسد اور تکبر سے دور ہیں۔ مستند دانشور، شاعر، کالم نگار، مقرر ، مدبر، محقق اور سیاست دان ہیں۔ اس وقت تک آپ کی شاعری اور نثر میں سات زبانوں میں کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ آپ انگریزی زبان کے پروفیسر اور شاعربھی ہیں۔ آپ آمریت و فسطائیت سے بے زار، ملائیت و خانقاہیت سے منتنفر ، جاگیرداری، سرمایہ داری، رجعت پرستی، فرقہ واریت، نسلی و لسانی تعصب سے نالاں ہیں۔ آپ انسانیت، آزادی، مساوات ، امن اور جمہوریت کے زبردست علم بردار ہیں۔ آپ کو شاعرِہفت زباں، شاعرِ انسانیت اور فلسفء دوراں کہا جاتا ہے۔ آپ کی شخصیت کی تین جہات اظہر من الشمس ہیں۔
اول: بحیثیتِ دانشور: آپ کی انگریزی اور اردو نثر کی کتب علم و عرفان کا بے بہا سرمایہ ہیں۔ آپ کی فکر جدید ہے۔ آپ اجتہاد اور عقلیت پسندی کے علم بردار ہیں۔ آپ کا مغربی اور مشرقی مذاہب، ادبیات اور فلسفہ کا وسیع مطالعہ ہے۔ آپ نے کئی علمی، ادبی اور مذہبی مسائل پر اپنی عالمانہ بے باک رائے دی ہے۔
دوم: بحیثیتِ شاعر: آپ پیدائشی شاعر اور زود گو ہیں۔ تاحال آپ کی انگریزی، عربی، فارسی، اردو، پنجابی، کشمیری اور پونچھی زبان شاعری اور مضامین کی کتابیں شائع ہو چکی ہیں اور کچھ زیرِ طبع ہیں۔ آپ کی شاعری کا مرکز و محوراحترامِ انسانیت ہے۔ آپ کو ممتاز شاعروں، نقادوں اور دانشوروں نے عہد ساز شاعر اور فلسفی قرار دیا ہے۔ اب تک آپ کی شاعری پر چار ایم فِل اور دو پی ایچ ڈی کے مقالے لکھے گیے ہیں اور مزید لکھے جا رہے ہیں۔
سوم: بحیثیت سیاست دان : آپ کو بچپن سے ہی سیاست کا شوق رہا ہے۔ ہر سیاسی اور انقلابی تحریک میں آپ نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ آپ کے نامور سیاست دانوں سے دوستانہ مراسم ہیں۔ آپ سیاست کو خدمت اور عبادت کا درجہ دیتے ہیں۔ سیاست میں دشمنی ، فریب کاری اور لوٹ مار کے سخت خلاف ہیں۔ آپ سیاست میں رواداری اور برداشت کے حامی ہیں۔ آپ وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار محمد عبدالقیوم کے مشیر رہے ہیں اور وزیرِاعظم پاکستان محترمہ بے نظیر بھٹو صاحبہ کے Political Research Cell کے انچارج اور مشیر بھی رہے۔ گویا آپ شعلہ و شبنم کا حسین امتزاج ہیں ۔ شاعر بھی اور سیاست دان بھی۔ بقولِ شیخ سعدی!
این سعادت بزورِ بازو نیست
تا نبخشد خدائے بخشندہ
٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here