موسم گرما
کی رونقیں!!!
جون کا مہینہ امریکہ میں گرم ترین مہینہ ہوتا ہے مگر اسی مہینے میں بے شمار تقریبات ہوتی ہیں۔سب سے پہلے تو بچوں کی گریجویشن ماں باپ کے لئے خوشی کا باعث ہوتی ہے چاہے وہ کنڈن گارڈن کا بچہ ہو یا پھر بی اے ایم اے کی گریجویشن والدین کے لئے یکساں خوشی کی بات ہوتی ہے اور وہ اس خوشی کو مناتے بھی بہت اہتمام سے ہیں۔ جگہ جگہ گریجویشن پارٹیاں شروع ہو جاتی ہیں۔ گھروں میں ریسٹورنٹ میں جو بھی بہتر لگتا ہے لوگ خوشیاں مناتے ہیں اس کے بعد جو تقریبات اس مہینے کا حصہ ہیں وہ ہیں شادیاں جون جولائی میں بے شمار دعوتیں آپ کی منتظر ہوں گی آپ کی سمجھ میں نہیں آئے گا کے کس کی شادی میں جائیں اور کس شادی کو چھوڑ دیں۔ یہ سب رحمتیں ہم سب کو اللہ کی طرف سے ملی ہیں کیونکہ ایک زمانہ تھا جب امریکہ میں پاکستانی آبادی بہت کم تھی اور لوگ کسی بھی جان پہچان والے کو بلا لیتے تھے۔ اور جسے بھی دعوت نامہ ملتا تھا وہ خوش ہوجاتا تھا کہ ہم کو شادی کے کپڑے پہننے کو ملیں گے کیونکہ اس وقت شادیاں بھی بہت کم گھرانوں میں ہوتی تھیں تب پاکستان جاکر شادیاں کرنا پسند کرتے تھے۔
تیسری تقریبات جو ہماری جون جولائی میں منائی جاتی ہیں۔ وہ ہیں کسی کی کتاب کی رونمائی مشاعرے کیونکہ گرمیوں میں شعراء و کرام آسانی سے دوسرے ملکوں سے آجاتے ہیں اس کے علاوہ پاکستانی کلچرل پروگرام، اگست میں پاکستان ڈے پریڈ، یوم پاکستان کی تقریبات عروج پر ہوتی ہیں کیونکہ اس مہینے میں ہمارے ملک کے فنکار بھی امریکہ کا دورہ آسانی سے کرتے ہیں۔ گرمیوں میں ہی نیویارک جیسے شہر میں گھومنا پھرنا اور رہنا آسان ہے۔ مہمانوں کی آمد بھی ان دو تین مہینوں میں شروع ہوجاتی ہے کوئی پاکستان سے آرہا ہے تو کوئی لندن سے کوئی دبئی سے یعنی ٹورسٹ بھی ان مہینوں میں ہی نیویارک کا دورہ کرتے ہیں یوں دیکھتے ہی دیکھتے گرمیوں کے یہ خوبصورت مہینے گزر جاتے ہیں۔ نیویارک میں ستمبر سے لے کر اپریل تک سردی کا موسم ہوتا ہے۔ سب گرمیوں کا انتظار کرتے ہیں۔ بچوں کی چھٹیاں بھی اسی مہینے میں ہوتی ہیں۔ لہٰذا اس کا استعمال بھی ضروری ہے۔ سب کو گھومنے پھرنے بھی جانا ہوتا ہے بچے تو سمندر کے کنارے یا پھر نمائش کے لئے بے چین رہتے ہیں کہ وہاں خوب کھیل تماشے ہوتے ہیں۔ والدین کی یہ بھی ذمہ داری ہوجاتی ہے۔ ہمارے علماء بھی ان ہی مہینوں میں ادھر سے ادھر جاتے ہیں کوئی پاکستان کوئی مڈل ایسٹ سے آتا ہے درس وتدریس اکنا کے پروگرام بھی ان ہی مہینوں میں ترتیب پاتے ہیں۔نیویارک کی رونقیں تو ہمیشہ قائم رہتی ہیں مگر ان مہینوں میں بہت زیادہ بڑھ جاتی ہیں۔ تمام سرد علاقے شکاگو، ورجینیا واشنگٹن ان مہینوں میں نہ صرف انتہائی خوبصوت ہوجاتے ہیں بلکہ پھول، پودے، ہری گھاس اور ساتھ ہی پررونق شامیں ان شہروں کو بہت گہما گہمی عطا کرتی ہیں، اللہ انہیں شاد باد رکھے(آمین)۔
٭٭٭٭٭