آج اور کل !!!
امریکہ ایک خوبصورت ملک ہے یہاں ہر طرح کی نعمتیں انسانوں کو حاصل ہیں ،کھانے ،پینے کی سہولت ہے بچوں کو تو ہر طرح کا کھانا پینا والدین فراخ دلی سے دیتے ہیں ،چاکلیٹ ، آئس کریم ، جوس ہر طرح کے Snacsبچوں کو صرف فرمائش کرنے کی دیر ہوتی ہے گھر میں چپس سے لے کر ہر مزیدار چیز آجاتی ہے اسی طرح بچوں کے کھلونوں سے لوگوں کے کمرے بھرے ہوئے ہیں گاڑیوں کا انبار ہے چھوٹی بڑی گاڑیاں اور ٹرک اور گڑیاں اور گڑیوں کے گھر ہر طرح کے کھلونے بچوں کی فرمائش پر لئے جاتے ہیں ان بچوں کو جھولنہ کھانے پینے کی کمی ہے اور نہ ہی اچھے کھلونوں کی اسی طرح جیسے ہی بچہ پیدا ہونے کی خبر آتی ہے بچوں کے لئے ایک سے ایک کپڑے آنے شروع ہوجاتے ہیں۔ جمپرفرا کیس اور کئی طرح کے تولیے کمبل اور بہت کچھ جمع ہوجاتا ہے۔ بچوں کے کمرے یوں سجائے جاتے ہیں کہ پریوں کے دیس کا گمان ہوتا ہے۔ مگر ان سب سے ہٹ کر امریکہ کے اکثر جوڑے یہ شکایت کرتے نظر آتے ہیں کہ ان کو بچہ پیدا ہونے کے بعد کوئی مددگار نہیں ملتا۔ کام کرنے والی خواتین تو بہت پریشان ہوتی ہیں جاب سے بھی زیادہ چھٹی نہیں ملتی ڈے کیئر بہت مہنگے ہیں اور بچے سنبھالنے والی آیائیں بہت پیسے مانگتی ہیں ایسے میں صرف والدین اور بہن بھائیوں کا سہارا ہوتا ہے بچے کے باپ بھی پورا وقت اپنے بچوں پر لگا لیتے ہیں مگر گھر کے کام نوکری اور کوئی مدد نہ ہونا تھکا دیتا ہے بچے کے نانا نانی اور دادا دادی کی صحت اگر اچھی ہے اور وہ کام آرہے ہیں تو کچھ مدد مل جاتی ہے ورنہ ان کی خرابی صحت یا پھر کوئی اور مصروفیت بھی ہو تو وہ مدد سے انکار کردیتے ہیں یوں امریکہ میں بچے پیدا کرنے کا رحجان کم ہی ہوتا جارہا ہے ایک یا دو بچوں کے ساتھ والدین تھک جاتے ہیں کچھ لوگ ایک ہی بچہ مناسب سمجھتے ہیں اور اس کا دل کھلونوں سے بہلاتے رہتے ہیں۔ اس لحاظ سے ہمارے ملک پاکستان کی لڑکیاں خوش قسمت ہیں کے اردگرد بہت مدد کرنے والے ہوتے ہیں ساس نندیں ماں باپ بہن بھائی بچوں کو یوں پال دیتے ہیں کے پتہ بھی نہیں چلتا اور کئی بچے پل جاتے ہیں۔
اس لیے دنیا جہاں کی نعمتوں سے بڑھ کر میرے نظر میں انسان کا خاندان ساتھ کھڑے رہنے والا خاندان پیارے ساس سر نندیں جو وقت پر کام آتی ہیں ان کے بچے بہن بھائیوں کے بچے جو بہت سارے کھلونوں سے بہتر ہوتے ہیں ان کے ساتھ کھیلتے کودتے بچے بڑے ہوجاتے ہیں مگر آج کل علیحدگی کا زمانہ ہے سب ایک دوسرے سے علیحدہ رہنا چاہتے ہیں والدین کا اپنا گھر ہے اور بچوں کا اپنا گھر ہے ایسے میں چھوٹے بچوں کو کون سنبھالے کھلونے کپڑے ڈے کیئر اور گھر میں رہنے والی نینی ان کی ساتھی ہوتی ہیں۔ نہ جانے پہلے کا زمانہ صحیح تھا یا آج کل کا زمانہ، جب لوگ گھروں میں گڑیاں بنا کر بچوں کو پکڑا دیتے تھے اور لڑکے گیند سے کھیلتے تھے یا پھر خالی ڈبوں کی ریل گاڑی بنا کر کھیلتے تھے ہر تھوڑی دیر بعد خاندان کا کوئی نہ کوئی فرد گود میں لے کر باہر گھما کر آجاتا تھا، ہم کو تو پہلے کا زمانہ ہی زیادہ پسند ہے کیا خیال ہے آپ کا ۔
٭٭٭













