محترم قارئین! حضور محدث اعظم پاکستان رضی اللہ عنہ نے ساری زندگی اتباع سنت اور عشق مصطفیٰۖ کا سبق پڑھایا اور خود بھی ڈٹ کر عمل کیا، اہل قربت حیران رہ جاتے آپ کے تقویٰ اور اخلاص کو دیکھ کر کیونکہ آپ رضی اللہ عنہ علم وعمل کی حسین داستان تھے۔ آپ انتہائی تقویٰ، اپنی خوداری اور اعزاز علم کی بنا پر دنیا دار اور امراء وافسران کے دروازوں پر گھومنا اور ان کے آستانوں پر گھومنا پسند کرتے تھے۔ بعض اعلیٰ افسران آپ کو بلانا چاہتے لیکن آپ اجتناب فرماتے۔ مکہ مکرمہ میں آپ کی علمی جلال وبزرگی سے مطلع ہوکر بعض افسران نے آپ کی دعوت کرنا چاہی لیکن آپ نے عرض فرمایا آپ ساری عمر کیسی غیر شرعی کچہری میں نہیں گئے۔ مخالفین نے بار بار جھوٹے مقدمات بنائے اور آپ کو کچہری بلانے کے لیے پورا زور لگایا مگر اللہ کے فضل وکرم سے آپ کو کبھی کچہری جانا نہیں پڑا۔ بعض اوقات مخالفین آپ کو کچہری بلوانے کی تگ ودو میں مصروف ہوتے لیکن آپ حضور داتا علی ہجویری رضی اللہ عنہ کی بارگاہ اقدس میں حاضر ہوجاتے۔ اللہ کے ولی کی بارگاہ اقدس میں حاضری کی برکت سے معاملہ رفع دفع ہوجاتا اور فیصلہ آپ کے حق میں ہوتا۔ آپ رضی اللہ عنہ دنیا کے حرص ولالچ سے بہت دور تھے، بس اپنے پڑھے پڑھائے پر مکمل عامل تھے۔ قیام بریلی کے دوران نواب آف بہاولپور نے آپ کو اپنے ہاں قیام کی دعوت دی اور ساتھ ہی دس مربع زمین کی پیشکش کی آپ نے نواب کی دعوت قبول نہ کی۔ احباب کو جب معلوم ہوا کہ نواب دیگر سہولتوں کے علاوہ دس مربع زمین بھی دے رہا ہے تو انہوں نے آپ سے کہا کہ اس کی پیشکش قبول کر لینی چاہئے تھی۔ دس مربع زمین سے معاشی حالت کافی بہتر ہوجانی تھی تو آپ نے فرمایا کہ روزی رب تعالیٰ کے پاس ہے” یونہی خواجہ ناظم الدین نے اپنے دور اقتدار میں کراچی سیکرٹریٹ کی جامع مسجد میں مستقل خطابت کے لئے تشریف لانے کی دعوت دی تو آپ نے قبول نہ فرمائی۔ یاد رہے اس دعوت کو آپ بہت خوشی سے قبول فرماتے جس میں دنیاداری اور حرص ولالچ کا شائبہ نہ ہو۔ اگر کوئی صحیح العقیدہ غریب سنی دعوت کی پیشکش کرتا تو جہاں تک ممکن ہوتا آپ قبول فرما لیتے اور اس کے معمولی وسادہ کھانے پر اس کی بہت تعریف کرتے تاکہ اس کے دل میں کوئی ملال نہ آئے۔ ایک مرتبہ ایک غریب شخص کی دعوت پر آپ اس کے گھر تشریف لے گئے۔ جبکہ اس کا گھر ایک چھپڑ نما اور بدبودار علاقہ میں تھا پھر بھی آپ نے اس کی دلجوئی کیلئے اس کے گھر کھاناتناول فرمایا۔ اپنے کسی عمل سے اس غریب کو محسوس نہ ہونے دیا کہ آپ بدبو محسوس کر رہے ہیں۔ حالانکہ آپ رضی اللہ عنہ کی طبیعت اتنی نفیس تھی کہ معمولی سی بدبو بھی آپ برداشت نہ کرتے تھے۔ صوفی اللہ رکھا کا کہنا ہے کہ ایک دن آپ کے کسی عقیدت مند نے آپ کی دعوت کی جب آپ اس کے گھر پہنچے تو صاحب خانہ نے ایک چار پائی پر ترپال ڈال کر اس پر آپ کو بٹھایا اور کھیر پیش کی جو پانی میں پکی ہوئی تھی۔ آپ رضی اللہ عنہ انگلی سے اس کھیر کو چکھتے جاتے اور ساتھ ہی فرماتے جاتے ماشاء اللہ کیسا بہترین کھانا پکایا ہے۔ اور کتنی محبت سے پکایا ہے یعنی صاحب خانہ کو ذرا محسوس نہ ہونے دیا اور نہ کھانے میں کسی طرح کا عیب نکالا آپ رضی اللہ عنہ کا ہمیشہ کا اندازہ یہی تھی پورے تنصیب سے حدیث مبارکہ پر عمل تھا کیونکہ اللہ کے نبی ۖ نے بھی کھانے میں کبھی عیب نہیں نکالا تھا۔
اور آپ رضی اللہ عنہ کا ایک اندازیہ بھی تھا کہ قیام بریلی کے دوران نواب آف بہاولپور نے آپ رضی اللہ عنہ کو اپنے ہاں قیام کی دعوت دی اور ساتھ ہی دس مربع زمین کی پیشکش کی آپ نے نواب کی دعوت قبول نہ کی لیکن غریب ترین لوگوں کی دعوت کو فوراً قبول فرما لیا۔ صلہ رحمی کا بہت خیال فرماتے کیونکہ احادیث میں جابجا صلہ رحمی کا حکم موجود ہے ،قرآن مجید نے بھی متعدد مقامات پر ذکر کیا ہے۔ بھائیوں سے محبت اور صلہ رحمی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ آپ نے اپنی زمین کی پیداوار سے کبھی حصہ نہیں لیا تھا۔ آپ کے بھائی ہی آپ کا حصہ لیتے۔ آبائی گائوں میں بھائیوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ ہماری زمین میں ایک باغ ہونا چاہئے آپ نے متحدہ ہندوستان کے مختلف شہروں سے عمدہ قسم کے آم اور کیلے کے پودے خریدے اور الہ آباد(انڈیا) سے امرودوں کے پودے منگوائے اور دیال گڑھ میں باغ لگوایا یہ تمام مصارف آپ نے خود برداشت کئے اگرچہ اس باغ میں بھائیوں کا حصہ برابر تھا۔ آپ رضی اللہ عنہ کے چھوٹے بھائی چوہدری محمد اسماعیل بیان کرتے ہیں کہ آپ نے باغ کیا لگوایا بس خیروبرکت کی بنیاد رکھی گئی۔ الحمد للہ اخلاق وعادات کا یہی تسلسل حضور شمس المشائخ رضی اللہ عنہ کی طرف سے دیکھا گیا فیض کا وہی دروازہ قائد ملت اسلامیہ صاحبزادہ پیر قاضی محمد فیض رسول حیدر رضوی دام فیوضہ کی وساطت سے کھلا ہے۔ اللہ پاک یہ سلسلہ تاقیامت نسلوں میں بھی جاری فرمائے اور احباب اہل سنت کو زیادہ سے زیادہ مستفیض فرمائے(آمین)۔
٭٭٭٭
- Article
- مفسر قرآن حضرت مولانا مفتی لیاقت علی خطیب مرکزی سنی رضوی جامع مسجد جرسی سٹی، نیو جرسی یو ایس اے