واشنگٹن میٹروپولیٹن ایریا امریکہ کا اہم علاقہ ہے کیپیٹل سٹی ہونے کیساتھ ورجینیا اور میری لینڈ کے بارڈرز بھی ہیں امریکہ کی معیشت میں کئی دفعہ اُتار چڑھائو آئے لیکن یہ علاقہ کبھی بھی بیروزگاری، بری معیشت کا شکار نہیں ہوا، یہاں تارکین وطن کی بہت زیادہ تعداد ہے جن میں لاکھوں کی تعداد میں مسلمان ہیں، گزشتہ بیس سالوں میں مسلمانوں کی تعداد بڑھنے کیساتھ ساتھ مساجد اور اسلامک سینٹریز کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے، الیگزینڈریا، ورجینیا ایسا ایریا ہے جہاں کافی تعداد میں کئی ممالک کے مسلمان آباد ہیں زیادہ تعداد پاکستانیوں کی ہے ۔بیس سے پچیس سال قبل مسجد بنانے کیلئے اسلامی تنظیم نے فنڈریزنگ تقاریب کا آغاز کیا اور چار لاکھ ڈالر سے زائد رقم اکٹھی کر لی ۔ تنظیم بالآخر 2010-11ء میں دو گھر خرید لیے جو تقریباً ساڑھے چھ لاکھ ڈالر کے تھے اور اس میں پانچ وقت نماز اور بچوں کی اسلامی تعلیم کا آغاز ہوا، لیکن کچھ ہی عرصہ کے بعد تنظیم ان مکانوں کے سرکاری واجبات ادا نہ کر سکی اور ڈیفالٹ سے بچنے کیلئے ڈھائی لاکھ ڈالر درکار تھے۔ ایک پاکستانی اٹھا جس نے طاہر القادری صاحب کی محبت میں اڑھائی لاکھ ڈالر ادا کر کے مسجد کے بچائو اور دوبارہ تعمیر کیلئے دونوں مکان قادری صاحب کے کارکن کے نام لگا دیئے۔ اس کارکن نے پانچ لاکھ چالیس ہزار ڈالرز میں دونوں مکان فروخت کر دیئے، اس رقم سے مسجد کی جگہ لینے کا اعلان کر دیا جو آج تک پورا نہ ہو سکا۔ یہ پانچ لاکھ چالیس ہزار ڈالر آج تک اسی کارکن کے زیر استعمال ہیں یہ رقم الیگزینڈریا ورجینیا کے لوگوں کی ہے جو آج تک مسجد کے قیام کے انتظار میں ہیں۔ دس سال سے آج تک ڈالر کی ویلیو کیا سے کیا ہو گئی ہے جو پراپرٹی اس وقت پانچ لاکھ ڈالر کی تھی اب پندرہ لاکھ ڈالر کی ہو چکی ہے۔ اسی دوران ایک اور مولانا صاحب پیر بن کر میدان میں آئے دوبارہ لوگوں سے لاکھوں ڈالر لئے اور وڈ برج میں ملین ڈالر کی مسجد خرید لی اور مالکانہ حیثیت سے چلا رہے ہیں۔ الیگزینڈریا ورجینیا کے لوگ پھر مایوس ہیں منتظر ہیں کہ کب یہاں مسجد کا قیام ہوگا۔ڈاکٹر طاہر القادری صاحب بلا شبہ آپ نے دین اسلام کی بہت خدمت کی ہے اور کر رہے ہیں دنیا بھر میں آپ کا نیٹ ورک کامیابی اور کامرانیوں سے چل رہا ہے سینکڑوں کی تعداد میں ادارے قائم ہیں اور نوجوانوں کی خواتین کی، خاندانوں کی دینی و روحانی تعلیم و تربیت کر رہے ہیں۔ لاکھوں کی تعداد میں علماء کرام پوری دنیا میں دین متین کی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ واشنگٹن میٹروپولیٹن ایریا میں اسلامک اداروں کی از حد ضرورت ہے اسلامی سکول کیساتھ اہل محبت اسلامک اداروں کی ضرورت مسلمان نوجوانوں میں عشق مصطفی اہل بیت سے اظہار محبت اور اولیاء اکرام کا ادب جیسی تعلیمات کی ضرورت ہے۔ آج سے دس سال قبل پانچ لاکھ چالیس ہزار ڈالر ویلیو بلا شبہ کم ہوئی ہے لیکن جب اس علاقے میں مسجد کیلئے آغاز کیا جائیگا تو لوگ پہلے سے بڑھ چڑھ کر مالی امداد کرینگے لہٰذا بڑے ادب سے آپ کی خدمت میں درخواست ہے لوگوں کے مسجد کیلئے فنڈریزر سے دی گئی رقم کو مسجد کے فوری قیام کیلئے استعمال کیا جائے ان ورکروں کو حکم دیں کہ الیگزینڈریا ورجینیا کے لوگوں کیلئے فنڈز کو فوری زیر استعمال لائیں۔ مسجد (اسلامک سینٹر) پراپرٹی خریدیں تیس سال سے علاقہ کے لوگ مسجد کے انتظار میں ہیں اب یہ کام آپ کی ذمہ داری ہے ۔جناب ڈاکٹر پروفیسر طاہر القادری صاحب کہ کس طرح آپ ورکروں کو جن کے پاس پانچ لاکھ چالیس ہزار ڈالر موجود ہیں مسجد قائم کرنے کا حکم دیتے ہیں تاکہ لوگوں کے رہتے ہوئے فنڈز جس مقصد کیلئے دیئے اس میں لگائے جائیں۔ کئی سال قبل بھی درخواست کی تھی لیکن ابھی تک علاقہ کے لوگ منتظر ہیں۔ راقم الحروف کو پوری امید ہے آپ اس درخواست کو سنجیدہ لینگے۔ الیگزینڈریا ورجینیا کے لوگوں کی دیرینہ مطالبے کو پورا کرینگے۔
٭٭٭














