عزت وذلت رب کریم کا اختیار ہے !!!

0
790
جاوید رانا

الحمدللہ پاکستان ہی نہیں دنیا بھر میں بھارت کی پاکستان دشمن کمینگی اور جارحیت کے جواب میں ہماری کامیابی کا اعتراف اب ہر طرح اور تمام اقوام عالم میں عسکری، سفارتی، اسٹرٹیجک، ڈپلومیٹک اور مہارت وجرات کے حوالے سے کیا جارہا ہے جبکہ پہلگام کے فالس فلیگ ڈرامے کی آڑ میں بھارتی سازش، بزدلانہ کاروائی کے جواب میں مودی، ہندتوا کے پرچاریوں اور گودی میڈیا کو ذلت، رسوائی، تباہی وناکامی کے ساتھ خود اندرخانہ سیاسی، عسکری، ابلاغ اور معاشرت ونظریاتی تقسیم کے بھنور میں ڈبو دیا ہے۔ یہی نہیں عالمی سطح پر مقتدر اقوام، اداروں، میڈیا اور معاشی حوالوں سے بھی مودی سرکار کو ناکام، کاذب، اور بزدل ریاست قرار دیا جارہا ہے۔ چار روزہ محاذ آرائی میں وطن عزیز کے عساکر، قوم اور ہر شعبہ حیات نے جس عزم، استقلال واتحاد کا مظاہرہ کیا، آج ساری دنیا کے ممالک، میڈیا، دانشور، سیاسی، سفارتی واسٹرٹیجک حلقے اس کا اعتراف کر رہے ہیں۔ قارئین گزشتہ24اپریل سے اب تک کے ایک ایک واقعہ و لمحے سے بخوبی آگاہ ہیں، تفصیل میں جانے سے گریز کرتے ہوئے ہم صرف اتنا عرض کریں گے کہ حق کی فتح ہوئی ہے اور باطل کو ذلت ورسوائی۔
کتاب مبین میں واضح وعید ہے کہ آپ کہہ دیجیئے ”اے تمام جہاں کے مالک! تو جسے چاہے عزت دے اور جسے چاہے ذلیل کرے، ہر طرح کی بھلائی تیرے ہی ہاتھ ہے اور بیشک تو ہر چیز پر قادر ہے”۔ بلاشبہ حق وباطل کے ہر معرکے میں غزوہ بدر سے حالیہ معرکہ حق وباطل میں رب قدیر نے حق کو ہی فتح وعزت سے نوازا ہے۔ حالیہ معرکے میں پاکستان سے ہر طرح مادی، افرادی، معاشی وحربی حوالوں سے کئی گنا استعداد کے غرور اور دنیا کی مقتدر قوتوں وحکمرانوں کی حمایت کے زعم میں ڈوبے ہندتوا کے جنونی بھارت کو جس ذلت ورسوائی اور تباہی کا سامنا ہوا ہے وہ اس وعید کی آفاقی شہادت ہی تو ہے۔ پاکستانی قوم، جرات وعزم کے غازیوں، شہیدوں نے عزم وہمت کی جو تاریخ رقم کی ہے وہ اکناف عالم میں حیرت واستعجاب کا سبب تو بنی ہے، اس کے نتیجے میں عالمی منظر نامہ بھی یکسر تبدیل ہوتا نظر آرہا ہے۔ ایک جانب جنوبی ایشیا باالخصوص خطے میں جنونی بھارت کی سبقت کا جھوٹا بُت پاش پاش ہوگیا ہے اور نہ صرف تمام ہمسایوں سے اس کا ناطقہ تنگ ہوگیا ہے بلکہ نوبت یہاں تک پہنچی ہے کہ اس کے ٹکڑے ٹکڑے ہونے کے سامان نظر آتے ہیں۔ اروناچل پردیش کے26شہروں اور پہاڑی علاقوں و سلسلوں کے چینی نام رکھا جانا اکھنڈ بھارت کے تصور ومنفی مقصد کی پامالی ہی نہیں چین کے ہاتھوں مزید شکست وتباہی کا پیش خیمہ اور خالصتان کشمیر ودیگر ریاستوں کا احیا وقیام بھی ہوسکتا ہے۔ رب تعالیٰ کا بے بہا شکر کہ پاکستان حالیہ چار روزہ معرکہ میں عسکری وتکنیکی، تربیتی وپیشہ ورانہ صلاحیتوں اور ساری قوم کے اتحاد، جوش وجذبے وسیسہ پلائی دیوار کی طرح بنیان مرصوص بن کر سرخرو ہوا۔ پاکستان بھر اور بیرونی ممالک میں پاکستانی قوم نے اظہار تشکر کیا بلکہ چین، ترکی، آذربائیجان سمیت دیگر ممالک نے بھی پاکستان کی کامیابی اور بھارت کی بدترین شکست پر خوشیاں منائیں۔ امریکی صدر ٹرمپ نے مودی کی آہ وزاری پر سیز فائز بھی کرا دیا البتہ کشمیر کے مسئلے کو حل کرنے کو مرکزی نقطہ بنا کر واضح کردیا کہ جنوبی ایشیا کی چوہدراہٹ اب بھارت کے بس کی بات نہیں جو پاکستان کے مقابل بھی ذلیل ورسوا اور شکست خوردہ رہا، چین کے سامنے اس کی کیا حیثیت؟ ہم نے گزشتہ سطور میں اس حقیقت کا حوالہ دیا ہے کہ معرکہ حق میں پاکستان کی فتح کے بعد بھارت عسکری، سفارتی، سیاسی حتیٰ کہ ابلاغ و معاشرتی ومعاشی حوالوں سے نہ صرف ذلیل ہوا ہے بلکہ کسی بھی طرح کی حمایت سے محروم ہوچکا ہے۔ صدر ٹرمپ کے بیانات، ایپل کے سربراہ کو موبائل فونز کی مینوفیکچرنگ بھارت سے امریکہ منتقل کرنے، ٹرمپ کے بزنس پارٹنر کے بیٹے اور بٹ کوائن کے سربراہ کے پاکستان آکر معاہدہ کرنے سے جہاں امریکہ کی بھارت کے بارے میں معاشی سوچ اجاگر ہوتی ہے وہیں برطانوی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان وبھارت کے موقع پر ریمارکس ”وعدے کے مطابق بھارت نے ہمیں پہلگام سانحے کے شواہد نہیں دیئے ہیں” اس امر کی غمازی ہیں کہ دنیا کی نظر میں اب مودی اور ہندتوا بھارت کی کیا حیثیت رہ گئی ہے جبکہ گودی میڈیا عالمی سطح پر جھوٹ اور بہتان طرازی کا پلندہ گردانا جارہا ہے بقول شاعر ”سن تو سہی جہاں میں ہے تیرا فسانہ کیا۔ کہتی ہے تجھ کو خلق خدا غائبانہ کیا”۔
مشہور مقولہ ہے، ”بغل میں چھری منہ پہ رام رام ” نازی ازم کے مقلدین اور ہندوازم واکھنڈ بھارت کے یہ جن سنکھی اسی مقولے کے حامل ہیں۔ اہنسا کے نام پر ہنسا ان کا مشن ومقصد ہے اور اس پر عمل کرنا ان کا مطمع نظر ہے۔ پاکستان سے ازلی بیر انہیں نہ صرف پاکستان کے خلاف جارحیت، جنگوں اور مکروہانہ اقدامات پر اکساتا ہے بلکہ خود بھارت میں بھی اقلیتوں کے خلاف قتال، بربریت اور انسانیت کے خلاف حرکات میں ملوث رکھے ہوئے ہے۔ پاکستان سے بدترین ذلت وشکست دنیا بھر میں شرمندگی اور خیرات میں سیز فائیر لینے کے باوجود ان کی دُم ٹیڑھی ہی ہے۔ اپنے ہی جرنیلوں، سیاسی اشرافیہ، عالمی رائے عامہ کے سمجھانے کے باوجود ان کو پاکستان کے خلاف حملہ کرنے کا بھوت سوار ہے۔ بھارتی وزیر دفاع کا بیان، یہ تو ٹریلر ہے، فلم ابھی باقی ہے اور افغان وفد سے ملاقاتیں کہ افغانستان سے بھی پاکستان کا پانی روکنے کی سازش کی جائے بے معنی نہیں۔ ہماری عسکری قیادت، حکومت اور عوام وسیاسی قیادت پرْعزم ومستعد ہے اور دشمن کو وہ سبق سکھانے کے لئے تیار ہے جو وہ تاقیامت یاد رکھے گا۔ ہمیں رب کریم کا وہ ارشاد بالیقیں ہے کہ وہ معبود جسے چاہے عزت دے اور جسے چاہے ذلیل کر دے بیشک وہ ہر چیز پرقادر ہے۔
اللہ کے وعدے پہ مجاہد کو یقین ہے
اب فتح مبیں، فتح مبیں، فتح مبیں ہے
٭٭٭٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here