صاف ستھرے شہر !!!
موسم بہار جلوہ گر ہے ،میں فلاڈیلفیامیں ایک چھوٹے سے شہر میں ہوں اور بہار کے موسم کو پوری طرح محسوس کر رہی ہوں۔ اس لئے کے نیویارک، نیوجرسی اور اس سے ملحق ہرا سٹیٹ اس خوبصورتی سے بہار کے موسم میں پھول اور پودوں کے ساتھ سجتی ہے کہ دل خوش ہوجاتا ہے۔اس موسم میں آج جب کہ میں یہاں کے ایک چھوٹے سے پارک میں بیٹھی ہوں۔بہت اچھا لگ رہا ہے یہ ایک پھولوں سے لدی چھوٹی سی کیاری کے ساتھ اندر داخل ہونے کا راستہ دکھاتا ہے نہ پھول گلاب کے ہیں اس لئے اسے روز گارڈن کہا جاتا ہے۔ سرخ اور پیلے گلابوں سے لدا یہ گیٹ اچھا لگتا ہے پھر اس کے اندر بھی کچھ کیاریاں ہیں جہاں انواع واقسام کے پھول پودے لگے ہیں یہاں گنتی کی تین بینچ پڑی ہیں جن پر ہر شام کو ایک گھنٹہ بیٹھ کر میں اردگرد کا جائزہ لیتی ہوں، پھول پودوں کو دیکھتی ہوں اور سڑک پر چلنے والے لوگوں کو دیکھ کر دل بہلاتی ہوں۔ یہاں بہت سارے چھوٹے چھوٹے خوبصورت ریسٹورنٹ ہیں چونکہ موسم اچھا ہوچکا ہے اس لئے ہر ریسٹورنٹ کے سامنے چھوٹی خوبصورت کرسیاں اور گول ٹیبل لگے ہیں۔ ان ٹیبلوں پر نوجوان گورے جوڑے، ادھیڑ عمر جوڑے اور جوان لڑکیاں اور لڑکے گروپ کی شکل میں بیٹھے ہیں اور کھانے پینے کا دور چل رہا ہے ہر شام ایسی ہی ہے خاص طور سے ہفتے اور جمعہ کی شام تو ہر جگہ رونق ہوتی ہے امریکہ میں خاص طور سے ان علاقوں میں جہاں کا میں نے ذکر کیا سردیاں اتنی طویل ہوتی ہیں کے لوگ گھروں میں بند رہ کر بور ہو جاتے ہیں اس لئے جیسے ہی موسم بہار شروع ہوتا ہے ہر کوئی اپنے گھر سے باہر نکل آتا ہے اور گہما گہمی شروع ہوجاتی ہے۔ ہر کوئی گھومتا پھرتا اور زندگی کے مزے لینا اپنا حق سمجھتا ہے اور یوں بہار اور گرمیوں کی چھٹیاں یہاں بہت پرلطف گزرتی ہیں جیسا کے میں نے ایک روزگارڈن کا ذکر کیا یہ بہت چھوٹا سا باغ ہے مگر صاف ستھرا رہتا ہے کوئی ان گلابوں کو ہاتھ نہیں لگاتا ہے کوئی اپنے ساتھ ٹشو پیپر اور کھانے پینے کی چیزیں لا کر زمین پر پھینک کر یوں ہی گندگی پھیلا کر چلا نہیں جاتا ہے۔ یہ صفائی ستھرائی نیویارک میں نظر نہیں آتی کیونکہ وہ بڑا شہر ہے مگر ہر چھوٹے شہر میں رکھتی ہے۔ یہ خوبصورتی پھولوں کی نفاست تراش خراش چھوٹے شہروں میں زیادہ دکھتی ہے۔ اور اسی لئے سیاح ادھر کھنچے چلے آتے ہیں۔ لوگ چھوٹے شہروں میں رہنا پسند کرتے ہیں ہمارے ملک میں بھی چھوٹے شہروں کو رہنے کے قابل بنا دیا جائے تو بڑے شہر کا بوجھ یہ چھوٹے شہر بانٹ لیں۔
٭٭٭٭٭
















