ڈاکٹر مقصود جعفری اردو ادب کے اْن زعماء میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے اپنے فکری اور تہذیبی شعور کے ساتھ ساتھ عصری ظہور کے ذریعے شاعری کو محض جذبے کے اظہار تک محدود نہیں رکھا بلکہ اسے انسان کی سماجی آگہی کا وسیلہ بنانے کی کوشش کی ہے۔ ان کا شعری مجموعہ شورشِ جنوں اسی تخلیقی اور فکری سفر کی ایک اہم کڑی ہے۔ تقریباً ایک سو پچاس صفحات پر مشتمل یہ مجموعہ، جس سے قبل پینتیس صفحات میں مختلف اہلِ قلم کے تاثراتی، تجزیاتی، اخباری اور تفکراتی تبصرے شامل ہیں، شاعر کی شخصیت، فن اور ادبی مقام کا جامع تعارف پیش کرتا ہے۔ محمد ساجد قریشی، فرزند علی ہاشمی، ڈاکٹر رحمت عزیز، ڈاکٹر مہناز انجم، ڈاکٹر شازیہ اکبر، رانا افتخار ثاقب اور محترمہ شفقت نورین جیسے ناقدین اور اہلِ علم کی آرا اس امر کی غماز ہیں کہ ڈاکٹر مقصود جعفری کی شاعری محض انفرادی وارداتِ قلبی نہیں بلکہ اجتماعی شعور کی نمائندہ بھی ہے۔
شورشِ جنوں کا سب سے نمایاں وصف اس کی موضوعاتی وسعت ہے کیونکہ اس مجموعے میں غزل کی صنف میں رہتے ہوئے شاعر نے فنی تقاضوں کے ساتھ اپنی فکری جہات کو مؤثر انداز میں پیش کیا ہے۔ یہاں محبت بھی ہے، ہجر و وصال کے تجربات بھی، معاشرتی ناانصافیاں بھی، سیاسی انتشار بھی اور انسانی عظمت کا خواب بھی پنہاں ہے۔ شاعر نے داخلی کرب اور خارجی حقائق کے درمیان ایک ایسا رشتہ قائم کیا ہے جو قاری کو محض الفاظ کے حسن سے نہیں بلکہ معانی کی گہرائیوں سے بھی آشنا کرتا ہے۔
ڈاکٹر مقصود جعفری کے ہاں زندگی کا تصوّر محض جذباتی واردات تک محدود نہیں بلکہ فکری اور فلسفیانہ جہتوں کا حامل بھی ہے۔ ان کے درج ذیل شعر میں اس فکری جہت کی عکاسی ہوتی ہے:
شعورِ زیست بھی لازم ہے آگہی کے لیے
کسی کا ساتھ ضروری ہے زندگی کے لیے
اس شعر میں شاعر نے انسانی زندگی کے بنیادی سوالات کو نہایت سادگی مگر گہرائی کے ساتھ بیان کیا ہے۔ شعورِ زیست اور آگہی جیسے الفاظ محض شعری آرائش نہیں بلکہ فکر و دانش کے استعارے ہیں۔ شاعر انسان کو محض جینے کی تلقین نہیں کرتا بلکہ اسے باشعور زندگی بسر کرنے کی دعوتِ فکر بھی دیتا ہے اور یہی فکری رویہ ان کی شاعری کو روایتی عشقیہ شاعری سے ممتاز کرتا ہے۔
شورشِ جنوں کی غزلوں میں کلاسیکی روایت کا احترام ہے اور جدید احساسات کی ترجمانی بھی شامل ہے۔ ڈاکٹر مقصود جعفری نے روایتی غزل کی لطافتوں اور رمزیت کو برقرار رکھتے ہوئے عصرِ حاضر کے مسائل اور انسان کی داخلی کشمکش کو شعری پیرائے میں ڈھالا ہے۔ اس امتزاج کی خوب صورت مثال ان کا یہ شعر پیش کرتا ہے:
حسن کو دیکھ مگر حسنِ نظر سے پہلے
یہ سفر ہوتا ہے تکمیلِ سفر سے پہلے
اس شعر میں حسن اور حسنِ نظر کے درمیان جو معنوی ربط قائم کیا گیا ہے، وہ شاعر کی فکری بالیدگی کا مظہر ہے۔ شاعر محض ظاہری حسن کی ستائش نہیں کرتا بلکہ حسن کو دیکھنے کے شعور اور بصیرت کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ یہ شعر انسانی ادراک کے مختلف مدارج کی طرف اشارہ کرتا ہے اور یوں قاری کو غور و فکر کی دعوت دیتے ہوئے اپنا فریضہ ادا کرتا ہے۔
ڈاکٹر مقصود جعفری کی شاعری میں عصری بیحسی، معاشرتی زوال اور انسانی المیوں کا احساس بھی شدت کے ساتھ موجود ہے، جیسا کہ ان کا یہ شعر ملاحظہ کیا جا سکتا ہے:
بہاروں میں بجلی گرائی گئی ہے
ہر اک شاخِ تازہ جلائی گئی ہے
اس شعر میں بہار زندگی، امید اور تازگی کی علامت ہے، جب کہ بجلی اور جلائی گئی ہے جیسے الفاظ تباہی، جبر اور ظلم کا استعارہ بن جاتے ہیں۔ شاعر نے نہایت اختصار کے ساتھ ایک ایسے معاشرے کی تصویر کھینچی ہے جہاں امیدوں کے چراغ بجھا دیے گئے ہیں اور نئی نسل کے خواب روند دیے گئے ہیں۔ اس شعر میں سیاسی، سماجی اور تہذیبی سطحوں پر کئی معنوی پرتیں موجود ہیں جو شاعر کے مشاہدے کی وسعت کو ثابت کرتی ہیں۔
شورشِ جنوں کی غزلوں میں ڈاکٹر مقصود جعفری کی فکری توانائی پوری قوت کے ساتھ جلوہ گر ہے اور ان کی غزل محض جذباتی بیان نہیں بلکہ سماجی اور تہذیبی شعور کی آئینہ دار ہے۔ وہ اپنے عہد کے مسائل کو نہ صرف محسوس کرتے ہیں بلکہ ان کے اسباب اور نتائج پر بھی غور کرتے ہیں۔ ان کی غزلوں میں احتجاج کی آواز بھی ہے، امید کا چراغ بھی اور انسانی وقار کی جستجو بھی دکھائی دیتی ہے۔
شاعر کی زبان و بیان کا جائزہ لیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ انہوں نے لفظوں کے انتخاب میں خاص احتیاط اور فنی مہارت سے کام لیا ہے۔ ان کی شاعری میں سادگی اور شگفتگی کے ساتھ ساتھ فکری گہرائی بھی موجود ہے۔ وہ پیچیدہ فلسفیانہ تصورات کو بھی عام فہم انداز میں پیش کرنے کا ہنر رکھتے ہیں، اسی لیے ان کے اشعار خواص کے ساتھ ساتھ عام قارئین کو بھی متاثر کرتے ہیں۔
ڈاکٹر مقصود جعفری کے اس شعر میں زمانے کی تبدیلی اور اقدار کے انحطاط کا احساس نمایاں طور پر ابھرتا ہے:
جو سنایا تم نے مجھ کو وہ فسانہ اور ہے
وہ زمانہ اور تھا اور یہ زمانہ اور ہے
یہ شعر صرف ماضی اور حال کے فرق کی نشاندہی نہیں کرتا بلکہ انسانی تاریخ، سماجی اقدار اور تہذیبی تغیرات کے ایک وسیع منظرنامے کو اپنے اندر سمیٹے ہوئے ہے۔ شاعر نے نہایت ہی سادہ پیرائے میں ایک گہری سماجی حقیقت بیان کی ہے کہ وقت کے ساتھ صرف حالات ہی نہیں بدلتے بلکہ انسانی زاوی? نگاہ کے ساتھ ترجیحات بھی تبدیل ہو جایا کرتی ہیں۔
معروف نقاد اور شاعر جناب نسیمِ سحر کی نظر میں کشمیر کے ڈاکٹر مقصود جعفری جواں فکریت سے بھرپور شاعری کرنے کا ادراک رکھتے ہیں، جبکہ اردو ادب کے استاد پروفیسر ڈاکٹر شفیق آصف بھی جناب مقصود جعفری کی شاعری کو نئی نسل کی رہنما شاعری قرار دیتے ہیں۔
مجموعی طور پر شورشِ جنوں ڈاکٹر مقصود جعفری کے فکری، فنی اور تخلیقی سفر کا معتبر حوالہ ہے۔ یہ مجموعہ ان کے شعری مزاج، فکری بصیرت اور فنی مہارت کا آئینہ دار ہے۔ غزل کی روایتی جمالیات کو جدید فکری تقاضوں کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کا جو ہنر ڈاکٹر مقصود جعفری کے ہاں دکھائی دیتا ہے، وہ انہیں معاصر اردو شاعری میں ایک منفرد مقام عطا کرتا ہے۔ شورشِ جنوں صرف ایک شعری مجموعہ نہیں بلکہ ایک عہد کی فکری، تہذیبی اور جذباتی دستاویز ہے۔ اس کے مطالعے سے قاری نہ صرف شاعر کی شخصیت اور فن سے روشناس ہوتا ہے بلکہ اسے اپنے عہد کے مسائل، امکانات اور انسانی خوابوں کی تعبیر سے بھی آشنائی میسّر آتی ہے، جو کہ کسی بھی بڑے شاعر اور بڑی شاعری کا اصل امتیاز ہوتا ہے۔















