اسلام آباد:
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ترک صدر نے پارلیمنٹ سے خطاب میں نہ صرف پاکستانیوں بلکہ کشمیریوں کے دل بھی جیت لیے۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ترک صدر رجب طیب اردوان کا دورہ پاکستان توقعات سے بڑھ کر مثبت رہا، ترک صدر نے پارلیمان سے تاریخی خطاب کیا جس میں انہوں نے ناصرف پاکستانیوں بلکہ کشمیریوں کے دل بھی جیت لیے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پر ترکی کا موقف واضح رہا ہے، رجب طیب اردوان نے پارلیمان میں کشمیر پر واضح کیا کہ کشمیر پاکستان یا کشمیریوں کا ہی نہیں بلکہ ترکوں کا بھی مسئلہ ہے، انہوں نے کہا کہ اگر کوئی پاکستان کو ڈاؤن پلے کرے گا تو ہم بھی پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، صدر اردوگان کا یہ کہہ دینا کہ ایف اے ٹی ایف پر ہم پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، یہ موقف ایف اے ٹی ایف کے اراکین کو اپنا واضح پیغام دینا ہے، دو نکات پر موقف کا دو ٹوک اظہار لازوال دوستی کا اظہار ہے، ترک صدر کے بیان اور ٹائمنگ دونوں اہم ہیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ ترک ہم منصب سے مشرق وسطیٰ کشیدگی، فلسطین پر امن منصوبہ اور افغانستان پر بات ہوئی، علاقائی امور پر پاکستان اور ترکی کی سوچ میں مکمل ہم آہنگی ہے، خطے کے کچھ ممالک کے مابین کشیدگی میں پاکستان بہتری کے لیے مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔