ریاست مدینہ کے خدو خال!!!

0
180

سلیم صدیقی، نیویارک

پاکستان میں تحریک انصاف کی حکومت نے اقتدار میں آتے ہی ریاست مدینہ کی طرز پر اقدامات اختیار کرنے کا اعلان کیا اور وزیراعظم عمران خان ہر تقریر میں اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ وہ پاکستان کو ریاست مدینہ کے اصولوں پر استوار کرینگے اور انہوں نے اس ضمن میں کئی اقدامات اُٹھائے ہیں مگر اس میں بڑا وقت درکار ہوگا۔
خلیفہ اول حضرت ابوبکرؓ اور خلیفہ دوم حضرت عمرؓ بن خطاب نے اپنے مختصر ادوار میں عملی اقدامات کئے، مغرب میں حضرت عمرؓ کی فلاحی ریاست کے اقدامات کو” عمر لاز“ کے نام سے نافذ بھی کیاگیا ہے۔ اتوار کے روز میں نے اس کا عملی مظاہرہ دیکھا۔ کرونا وائرس جس نے اب پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے امریکی انتظامیہ بہرحال حرکت میں آچکی ہے اور سٹی ہال سے لے کر وائٹ ہاﺅس تک میئر سے صدر امریکہ تک روزانہ اس ناگہانی وباءسے نپٹنے کیلئے عوام سے مخاطب رہتے ہیں۔اتوار کو نیویارک کے گورنر کومو نے کمال تدبر سے پریس کانفرنس میں جس انداز سے احاطہ کیا ،وہ صحیح معنوں میں ایک سیاست دان سے زیادہ مُدبر لگے ،انہوں نے اس وباءسے پیدا ہونےوالے اثرات کا گہرائی میں جا کر جائزہ لیا جس میں ایک عام آدمی صفائی کرنے والے سے لے کر ٹیچر، پولیس مین، فائر فائٹر اور سینئر سینیٹرز کے مسائل پر روشنی ڈالی اور اس کا حل بھی بتایا۔ صدر ٹرمپ اپنے نائب صدر اور پوری کابینہ کے ہمراہ ماہرین کی ٹیم کےساتھ لائیو پریس کانفرنس کی اور پوری دنیا پر کرونا وائرس کے اثرات پر گفتگو کی ۔اس وباءسے نمٹنے کیلئے کئی کھرب ڈالر کے پیکج کا اعلان کیا نتیجتاً سوموار اور منگل کو سٹاک مارکیٹ سنبھل گئی ،پیر اور منگل کو کئی ریاستوں کے گورنرز اور میئرز نے ہنگامی بنیادوں پر کام کئے اور اب منگل کی شام کو تقریباً پورا امریکہ لاک ڈاﺅن ہو چکا ہے ۔امریکی انتظامیہ نے عوام کے تحفظ اور ان کی ضروریات زندگی کی مہم رسائی کیلئے اقدامات کئے، عوام میں ان اقدامات کی بدولت بے چینی پھیلنا قدرتی امر ہے، لوگ سٹوروں پر چڑھ دوڑے نتیجتاً سماج دشمن عناصر نے ناجائز فائدہ اٹھا کر اشیاءضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا۔ سٹی اورا سٹیٹ کے اداروں نے ہاٹ لائن قائم کی رپورٹ ملتے ہی بھاری جرمانے عائد کر کے سٹور بھی سیل کر دیئے ،عوام کا فرض ہے کہ فوری طور پر ایسے گرانفروشوں کا حکام کو بتائیں ،حکومت کے ساتھ کمیونٹی لیڈروں اور آئمہ کرام کا فرض ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں کمیونٹی کی مدد اور رہنمائی کریں۔ حکومتی اقدامات کو اُجاگر کریں ،سٹی ہالز کا مقامی حکومتوں کےساتھ مل کر ایک وبائی کا مقابلہ کرنے کیلئے اپنی خدمات پیش کریں، بوڑھے اور ضرورت مند افراد کی مدد کیلئے کمیونٹی کے جوانوں کو موبلائز کریں، اللہ تبارک وتعالیٰ سے دعا ہے کہ اس وبا سے عالم انسانیت کو بچائے، اسلام کی حقانیت اور ارفع ترین اصول نائن الیون کے بعد ایک بار پھر دنیا کی رہنمائی کر رہے ہیں آئیے ایک بار پھر حوصلے اور تدبر سے کام لیں اور قوانین کی پابندی کریں۔
٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here