اسلام آباد:
موسمیاتی تبدیلی اور لاک ڈاؤن آم کی فصل پر بھی اثر انداز ہوا ہے اور اب پھلوں کے بادشاہ کی فصل تیار ہونے میں تاخیر کا سامنا ہے۔
پاکستان فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل ایسوسی ایشن کی جانب سے وزارت تجارت کو خط بھجوایا گیا ہے جس میں آم کی ایکسپورٹ 20 مئی کے بجائے یکم جون سے شروع کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ وزارت تجارت نے آم کی ایکسپورٹ کے آغاز کے لیے 20 مئی کی تاریخ مقرر کی تھی لیکن موسمیاتی اثرات کی وجہ سے آم کی فصل تیار نہیں ہوسکی، اس کے علاوہ آم کے باغات میں افرادی قوت کی کمی کا مسئلہ درپیش ہے، کچے آم ایکسپورٹ ہونے سے پاکستان کی ساکھ متاثر ہوگی، اس لئے آم کی ایکسپورٹ 20 مئی کے بجائے یکم جون سے شروع کی جائے۔