بے چینی کا حل !!!

0
67
مفتی عبدالرحمن قمر
مفتی عبدالرحمن قمر

آج کل میں پاکستان میں ہوں۔ اپنے پوتے جناب احمد بدرصاحب کی شادی کیلئے حاضری ہوئی ہے احمد بدر ایک خوبصورت نوجوان ہے۔ پاکستان کے مشہور سکالر جناب علامہ پروفیسر محمد بدر الزمان قادری رضوی کے بیٹے ہیں اور علامہ صاحب میرے سگے بھتیجے ہیں ۔پاکستان میں جس گھر میں جانا ہوا۔ جس دوست سے ملاقات ہوئی پریشان دیکھا ،ایک پاکستان میں مہنگائی نے واقعی غریب کی کمر توڑ رکھی ہے۔ اور دوسرا ہر شخص یہی کہتا ہوا پایا مصائب و آلام نے میرا گھر دیکھ لیا ہے، مجھے فلاں رشتہ دار نے بڑا تنگ کر رکھا ہے۔ میرے اوپر جادو کرا رہا ہے۔ اور پاکستان میں جادوگروں کی تعداد میں بھی ہوش ربا اضافہ ہوچکا ہے اور تو اور ٹیلی وژن پر بھی علمیات، ستارہ شناسوں کا قبضہ ہے۔ رہی سہی کسر مولوی نما عامل حضرات استخارہ کا چکر دے کر پیسے بٹور رہے ہیں۔ سوشل میڈیا کھولنے کی دیر ہے وظائف بتانے والوں کی بھرمار ہے حدیہ ہے کہ خواتین بھی الٹے سیدھے وظیفے بتا رہی ہیں۔ یہ بات ہر مسلمان جانتا ہے کہ قرآن کریم میں زیر زیر کے فرق سے انسان کفر تک پہنچ جاتا ہے۔ مثلاً اَنعَمتَ کی جگہ اگراَنعَمت پڑھ دیں تو بندہ کافر ہوجاتا ہے۔ مہنگائی کا علاج تو ریاست کی ذمہ داری ہے۔ جو اپنی ذاتی لڑائیوں میں اس قدر مگن ہیں۔ کہ غریب آدمی کی تکلیف کا احساس ہی نہیں کرتے اور آئندہ بھی ریاستی ذمہ داروں کی ترجیح میں غریب کے درد کا کوئی مداوا نظر نہیں آتا، میں وظیفہ کا منکر نہیں ہوں۔ اور نہ ہی استخارہ کا، استخارہ تو فرمان نبی ہے اگر آپ خود کریں۔ چونکہ کام آپ کا ہے آپ ذات باری سے مشورہ مانگیں عاملین کو پیسے دے کر اپنا ایمان اور پیسہ دونوں ضائع کرنا ہے۔ اگر وظیفوں سے کام ہوتا تو حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ بائیس لاکھ مربع میل کبھی نہ فتح کرتے۔ اور اسلامی سرحدیں دنیا میں نہ پھیلتیں۔ کیا سلطان صلاح الدین ایوبی نے بہت المقدس وظیفوں کے زور پر فتح کیا تھا۔ اس لئے میرے بھائیو ریاستی عہدیداروں کو ووٹ دھیان سے دو۔ تاکہ غریب کی فلاح وبہبود کا کام ہو خود اپنے بنکروں میں بیٹھ جائیں اور غریب عوام کو جیلوں میں بھجوا دیں۔ ان نام نہاد لیڈروں کی سیاسی چالوں کو سمجھنا ہوگا۔ پھر کہیں آپ کو ہوش آئے گی۔ دوسرا پورا قرآن مجید وظیفہ ہے صرف ایک آیت نہیں ہے۔ اللہ کا نام لیکر ہم پہنچ وقتہ نماز شروع کردیں۔ اور تلاوت قرآن پاک شروع کردیں۔ بے شک ایک صفحہ ہو۔ مگر روزانہ ہو۔ اگر ساتھ ہی اس صفحہ کا ترجمعہ بھی پڑھ لیں تو میرا ایمان ہے انشاء اللہ ہماری بے چینی دور ہو جائے گی۔ اور گھر میں بھی برکت شروع ہوجائے گی صبر اور شکر ہے دو کام ایسے ہیں۔ جو انسان کو جنت میں لے جانے کا سبب بنیں گے۔ باقی اگر ہم سوشل میڈیا کی عاملوں سے جان چھڑالیں۔ تواس دنیا میں بھی ہمارا بھلا ہوگا۔ اور آخرت میں بھی بھلا ہوگا خوش حال پاکستان کیلئے سب کو کام کرنا ہوگا۔
٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here