صدر پی ٹی آئی !!!

0
46
عامر بیگ

چیئر مین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے پرویز الٰہی کو پاکستان تحریک انصاف کا صدر مقرر کر دیا ہے ،اس سے پہلے یہ عہدہ جاوید ہاشمی کے پاس تھا وہی بات پرویز الٰہی نے بھی کہہ دی ،ہاشمی صاحب نے بھی یہی کہا تھا کہ جس طرح کی عزت پی ٹی آئی نے مجھے دی ہے ایسی کہیں نہیں ملی مگر ہاشمی صاحب نے پی ٹی آئی کی پیٹھ میں چھرا گھونپا اور دوبارہ اسی جگہ چلے گئے جہاں سے آئے تھے مگر عزت وہاں بھی نہ مل سکی ،عزت اللہ دیتا ہے کسی کے کہنے یا دینے سے عزت نہیں ملتی اور اس کے لئے وعدہ وفا کرنا پڑتا ہے ،اللہ بھی عزت اسی کو دیتا جو اللہ کے احکامات پر عمل کرتا ہے ،عمران خان کو عزت دینے والے اللہ نے اسے ایک خاص مقصد کے لیے چنا ہے اور وہ مقصد ہے انسانیت کی بھلائی جو لوگ اللہ کی مخلوق کے لیے اپنا تن من دھن لگا دیتے ہیں ،اللہ انہیں ایک خاص عزت سے نوازتاہے جو ہر کسے کے حصے میں نہیں آتی ،پرویز الٰہی ایک وضع دار خاندان کا چشم وچراغ ہے، سب جانتے ہیں کہ وہ اور اسکے بڑے پاکستان کی سیاسی تاریخ میں ایک اہم مقام رکھتے ہیں یہ پورا خاندان گجرات اور پاکستان میں نام کے علاوہ کام کرنے کی حیثیت سے جانا جاتا ہے، اسٹیبلشمنٹ سے اسکے روابط کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں،پاک آرمی میں ایک بڑے عہدے پر فائز میرے ایک دوست نے چند ماہ قبل اس بات کی پشین گوئی کر دی تھی اور کہا تھا کہ دیکھو جہاں آرمی کا مفاد ہوگا وہاں یہ خاندان چلا جائے گا باقی پرویز الٰہی نہ صرف خان سے متاثر ہے بلکہ اسے اوراسکے پڑھے لکھے بیٹے کو دیوار کے پار بھی صاف نظر آ رہا ہے کہ مستقبل کس کروٹ بیٹھتا نظر آرہا ہے ۔خان نے ایک ٹرینڈ سیٹ کر دیا ہے اب عوام میں شعوربیدار ہو چکا ہر ایک کے پاس انفارمیشن کا زخیرہ ہے ،عوام کے شعور کا لیول اس حدتک جا چکا ہے کہ اب اسے ٹی وی پر لائیو تقریروں کے آنے یا نہ آنے سے کوئی فرق نہیں پڑنے والا ،عوام جانتی ہے کہ کون اسکے حق میں بہتر ہے کس نے غریبوں کے لیے کام کیا ،کس نے اسلام کا صرف نام لیا اور کس نے اسلام اورناموس رسالتۖ کے لیے عملی اقدامات اٹھائے ،کس نے بھوکوں کے پیٹ میں کھاناڈالا اور کوئی بھوکا نہ سوئے جیسے پروگرام کو بروئے کار لایا اور کس نے منہ کا نوالہ بھی چھین لیا اور انہیں آٹے کے لیے لمبی لمبی قطاروں میں کھڑا کر دیا ،عوام کابنیادی مسئلہ بھوک ہے اب حالت یہ ہے کہ غریب عوام کو تین وقت کے کھانے میں سے ایک وقت کا کھانا بھی نصیب نہیں ،دوسرا مسئلہ جان و مال کی حفاظت اور تیسرا مسئلہ صحت کی سہولیات ہیں تینوں عوام سے چھن چکیں اورکس نے چھینی عوام بخوبی جانتے ہیں اسی لیے الیکشن سے بھاگ رہے ہیں پرویزالٰہی نے تحریک انصاف کے منشور پر لبیک کہا ہے ان کے کریڈٹ پر عشق رسول پر عملی نفاذ کے علاوہ گیارہ بائیس اور عمران خان کیساتھ ڈٹ کر کھڑا ہوناشامل ہے ،ڈپٹی پرائم منسٹر کو پی ٹی آئی کے شایان شان اسکے صدر کا عہدہ مبارک اس شرط کے ساتھ وفاداری بشرط استواری اصل ایماں ہے کے مصداق اگر نبھائیں گے تو ٹھیک ورنہ جاوید ہاشمی جہانگیر ترین اور علیم خان کی طرح گجرات تو کیا پورے پاکستان کی لعن طعن سہنا ہو گی کہ عہدے آنے جانے والے ہوتے ہیں اصل بات مخلصی ہے جو چھپائے نہیں چھپتی۔
٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here