ہم امریکی دو چہرے رکھتے ہیں ایک چہرہ عام امریکی کا ہے جس میں ہم بھی شامل ہیں۔ عام امریکی ملنسار، ہمدرد، خدمت کے جذبے سے سرشار ہے آپ کسی بلڈنگ میں داخل ہو رہے ہوں۔ تو کوئی نہ کوئی دروازہ کھول کر کھڑا ہوگا۔ جب تک آپ داخل نہیں ہوجائیں گے۔ دروازہ پکڑ کر کھڑا رہے گا۔ ذرا سے لڑکھڑاتے ہوئے بزرگ کا ہاتھ پکڑ لے گا۔ منزل مقصود تک پہنچا آئے گا۔ ہر ادارے میں ہر نیک میں آپ کیلئے والینٹر کھڑے ہوں گے، آگے بڑھ کر آپ کے کاغذ فارم لے کر آپ کا کام مکمل کروا دیں گے۔ آپ گاڑی لے کر باہر نکلے ہیں۔ موڑ پہ مڑنے کے لئے اشارہ لگائیں گے۔ تو پوری ٹریفک رک کر آپ کو موقع دے گی ،آپ گھنٹوں انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔ شروع شروع میں جب امریکہ آیا تھا۔ پاکستانی لائسنس پر دو سال گاڑی چلائی۔ دو تین مرتبہ ہائی وے پر گاڑی روکی۔ وارننگ دے کر بغیر چالان کے چھوڑ دیا گیا اور یہی کہا کہ جنٹلمین نیویارک کا لائسنس بنوائیں۔ عام امریکی کا چہرہ ہشاش بشاش چہرے سے خدمت نمایاں نظر آتی ہے۔ ہماری دیسی لوگوں کی آمد سے دور ہماری ہوشیاریوں سے تھوڑے محتاط ہوگئے ہیں مگر جذبہ اب بھی وہی ہے دنیا میں جہاں کہیں زلزلہ آئے۔ مصیبت آئے، سیلاب آئے ،عام امریکی اپنی بساط کے مطابق وہاں پہنچتا ہے اور خدمت کرتا ہے ،ہیلی کاپٹر سے امریکی ایڈ کے تھیلے پھینکتے ہیں۔ جن لوگوں کو مدد ملتی ہے وہ امریکہ کے گن گاتے ہیں۔ مگر ہم امریکیوں کا دوسرا چہرا انتہائی بھیانک ،مکروہ، سفاک ،قابل نفرت ہے۔ عام امریکی محنت کرتا ہے ٹیکس دیتا ہے کسی قسم کی کوئی معافی نہیں مگر ہمارا دوسرا چہرہ عیش کرتا ہے۔ ٹیکس چور ہے ،کتے پالتا ہے، کینگرو پالتا ہے، شیر اور چیتے پالتا ہے۔ بڑے بڑے محلوں میں رہتا ہے۔ ٹیکس بچا بچا کے بے بنیاد دولت اکٹھی کرلی ہے۔ کانگرس میں سینیٹر، وزراء اور حتیٰ کے صدر ان کے ہاتھ میں ہے اس کی تازہ مثال ٹرمپ کی ہے۔ بے پناہ دولت ہے مگر ٹیکس چور ہے۔ یہ ٹولہ انتہائی سفاک اور بے رحم ہے چونکہ حکومت ان کے ہاتھ میں ہوتی ہے۔ دوسری تازہ مثال یہ ہے کہ غزہ پر بے گناہ انسانوں کو قتل کیا جارہا ہے۔ بچوں اور بوڑھوں عورتوں سب کو شہید کیا جارہا ہے۔ جن لوگوں کو پکڑتے ہیں کپڑے اتار کر ان کی تصویریں وائرل کرتے ہیں۔ رحم نام کی کوئی شے ان کے وجود میں نہیں ہے۔ سلامتی کونسل کے پندرہ میں سے تیرہ ملکوں نے جنگ رکوانے کے لئے درخواست جمع کرائی برطانیہ نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔ امریکہ بہادر نے جو ہمارا دوسرا چہرہ ویٹو کر دیا۔ نہ صرف ویٹو کیا بلکہ بغیر کانگریس کے منظوری کے اسلحہ جاری کردیا۔ دنیا کو ہمارا یہی چہرہ نظر آتا ہے مگر عام امریکی شہر میں بڑی بڑی ریلیاں نکال رہے ہیں۔ مگر میڈیا سارا ان سفاک اور بے رحم لوگوں کے ہاتھ میں ہے لہذا وہ بلیک آئوٹ کئے ہوئے یں جیسے کچھ ہوا ہی نہیں ہے کبھی کبھی ڈر لگتا ہے اللہ نہ کرے امریکی بے رحم لوگوں کی وجہ سے عذاب آئے تو ہم بھی ساتھ ہی رگڑے جائیں گے مالک کریم سے دست بدعاہیں اے اللہ ان ظالموں کو ظلم سے اپنے فضل سے روک دے اور دوسرا چہرہ بھی صاف ستھرا بنا دے تاکہ اچھے اور برے کی تمیز ہوجائے۔
٭٭٭