”مشہد مقدس کی زیارات”

0
12
Dr-sakhawat-hussain-sindralvi
ڈاکٹر سخاوت حسین سندرالوی

جمعہ کی شب شروع ہو رہی تھی اور ایرانی طیارہ شاہ خراسان کی نگری میں لینڈ کر رہا تھا۔ مجھے عہد طفولیت سے ہی امام علی رضا علیہ السلام سے ایک خاص عقیدت ہے ۔ اس لیے کہ میں دوسری جماعت کی طالبعلمی میں خواب میں امام رضا کو دیکھا تھا جن کے میرے سینے اور شکم پر ہاتھ پھیرنے سے مجھے شفا ملی تھی ۔نیز انہوں نے اپنے ملک میں تعلیم حاصل کرنے کی بشارت بھی دی تھی۔ ائیر پورٹ پر اذان مغربین ہو گئی تھی تو نماز مغربین کی ادائیگی کی سعادت حاصل کی۔ حصول سامان کے بعد ہمارے کارواں سالار عاصم علی زوار اور مولانا سید ضامن نقوی کے ہمراہ مشہد ہوٹل روانہ ہوئے یہ امام رضا کی نگری میں فائیو سٹار ہوٹل ہے۔ نیاز امام رضا تناول کرکے ضامن آہو ع کی خدمت میں پہنچے۔ 110 ایکڑ پر تعمیر یہ روضہ دنیا بھر کے روضوں میں سے سب سے بڑا اور دنیا کے محلات شاہی سے خوبصورت ترین ہے ۔ روضے کی جالی میں ہاتھ ڈال کر دیر تک اپنے گناہوں کی معافی کیلئے امام ضامن ع کو وسیلہ بنایا۔ اپنے دوست احباب رشتے داروں و تعلق داروں کیلئے دعا کی، سلام عقیدت پیش کیا۔ 72 ایکڑ میں تو کارپٹ ہی بچھا ہے، جس طرح ویٹیگن سٹی مرکز مسیحیت ہے ویسے ہی یہ مرکز محبان اہل بیت ہے۔ امام رضا ع امام رف ہیں۔ آپ کا روضہ مرجع جہان خلائق ہے۔ چوبیس گھنٹے یہ حرم کھلا رہتا ہے۔ پورے شہر مشہد کو قمقموں سے سجایا گیا ہے۔ دنیا کا سب سے بڑا دستر خوان بھی یہیں لگتا ہے۔ پورا ایران امام رضا ع کا مقروض رہتاہے۔ ہر نماز امام کے حرم میں پڑھی۔ ہم ہمے سنے، نالے سنے، ندائیں بلند ہوئیں۔ معراج اظہار عقیدت کی والہانہ فکر محسوس ہوئی۔ ہفتہ کو دو بجے قافلہ کے ہمراہ نیشاپور کے سفر پر روانہ ہوگئے دوگھنٹے میں قدم گاہ رضوی کی زیارت کی اس بڑے پتھر پر کھڑے ہوکر تیس ہزار راویوں کے سامنے سرکار امام رضا ع نے خطبہ ارشاد فرمایا تھا جسے حدیث سلسلہ الذہب کہا جاتا ہے۔ پتھر پر قدم رکھتے ہی آپکے پائوں کے نشان پتھر پر گڑ گئے تھے۔ جو آج تک قدم گاہ ابراہیمی کی یاد تازہ کراتے ہیں۔ میں نے زمانہ طالبعلمی میں دونوں کو ناپا ۔ بالکل طول و عرض ایک جتنا تھا ۔ امام رضا ع جب تشریف لائے تھے تو آپکو اور آپکے قافلہ والوں کو وضو کیلئے پانی درکار تھا اور اہل قریہ کے بقول پانی یہاں تہہ میں تھا ہی نہیں ۔ تو آپ نے پتھر کو پائوں کی ٹھوکر مار کر پانی نکالا۔ جو بہت شیریں ہے اور مشابہ زم زم ہے ۔ اسی لیے اسے زمزم رضوی کہا جاتا ہے۔ ان دونوں چشموں کے پانی کو فلٹریشن کی چنداں احتیاج نہیں ہے۔مشہد مقدس میں امام رضا ع انٹرنیشنل یونیورسٹی، چیپٹر آف جامعت المصطفیٰ قم اور شعب حوزہ علمیہ بھی موجود ہے۔ چند روز دنیا و مافیا سے ہٹ کر عبادت میں گزارے ۔ بہت روحانی ایام گزرے،اللہ ہمیشہ توفیق دے۔ دوست احباب کو بھی یاد رکھا۔
٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here