نثری نظم کیا ہے؟

0
11
ڈاکٹر مقصود جعفری
ڈاکٹر مقصود جعفری

گزشتہ سے پیوستہ!!!
فارسی اساتذہ حافظ شیرازی، شیخ سعدی، فردوسی ، عمر خیام، جامی اور کئی دیگر بڑے شاعروں نے پابند شاعری کی ہے۔ البتہ عصرِ حاضر میں چند ایرانی شاعروں نے آزاد شاعری میں اپنے آپ کو منوایا ہے جن میں اخوان ثالث، احمد شاملو اور فروغ فرخ زاد شامل ہیں۔ قافیہ اور ردیف کی شاعری میں موسیقی کا بھر پور تاثر ملتا ہے۔ اسی طرح اردو شاعری میں میر، غالب ، انیس ،اقبال فیض احمد فیض ، احمد ندیم قاسمی، ساحر لدھیانوی ، منیر نیازی اور احمد فراز نے بھی پابند شاعری میں اپنا عالمی پیغام دیا ہے۔ البتہ انگریزی شاعری میں ولیم شیکسپئر اور جان ملٹن کی بعض نظمیں نظم معری میں ہیں۔ ولیم شکسپئیر کی( Sonnets) پابند شاعری ہے اور اس کے منظوم ڈرامے آزاد شاعری کے زمرے میں آتے ہیں۔ نظمِ معری میں قافیہ ، ردیف کو ترک کر دیا جاتا ہے لیکن ہر مصرع ایک ہی بحر میں ہوتا ہے۔ بعد میں سہولتِ اظہار کے لیے کچھ شاعروں نے آزاد نظم( Free Verse) لکھی جس میں نہ تو قافیہ ردیف کی پابندی ہوتی ہے اور نہ ہی ہر سطر ایک بحر میں ہوتی ہے لیکن نظم میں موسیقیت اور درہم ہوتا ہے۔ اردو شاعری میں ن۔ میم۔ راشد، میرا جی اور کئی دیگر شاعر ہیں جنہوں نے نظمِ معری اور آزاد نظمیں لکھی ہیں۔فیض احمد فیض ، ساحر لدھیانوی اور احمد فراز کی پابند شاعری کے ساتھ ساتھ نظمِ معری اور آزاد نظمیں بھی ملتی ہیں۔ یہ سب ساختیاتی تجربات ( Structural Experiments) سہولتِ اظہار کے لیے کیے گئے ہیں۔ شاعری اور موسیقیت کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ نثری شاعری ( Prose poetry ) موسیقیت سے عاری ہوتی ہے اس لیے دل پر اثر نہیں کرتی۔ البتہ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ وہ فلسفی ہے اوروہ روایتی پابند شاعری میں سہولت سے اپنا مدعا بیان نہیں کر سکتا تو بہتر ہے وہ نثری نظم لکھنے کی بجائے اپنے افکار کو نثر میں بیان کرے تاکہ لوگوں تک اس کا پیغام پہنچ سکے۔ نثری شاعری غیر فطری ہے۔ ایک مرتبہ میں نے جوش ملیح آبادی سے نثری شاعری کے بارے میں استفسار کیا تو انہوں نے فرمایا نثری شاعر مخنثانِ ادب ہیں۔ میری ہنسی چھوٹ گئی ۔ مزید فرمایا انسان یا مرد ہوتا ہے یا عورت، یا پھر وہ مخنث ہوتا ہے۔ نثری شاعر ادب کا مخنث ہے۔در اصل جو پیدائشی شاعر نہیں ہوتا وہ شاعروں کی صف میں کھڑا ہونے کے لئے الٹے سر کھڑا ہوتا ہے تاکہ وہ تماشا تو بنے گا لیکن اس کے اِس غیر فطری حرکت کا لوگ نوٹس تو لیں گے۔ نثری شاعری عجزِ شاعری ہے۔ جو لوگ پابند شاعری ، نظمِ معری یا آزاد شاعری نہیں کر سکتے وہ نثری نظمیں بے شک لکھیں ان پر پابند شعر لکھنے کی قانونِ ادب میں نہ کوئی پابندی ہے اور نہ کوئی سزا مقرر ہے۔ ہر گلے را رنگ و بوئے دیگر است ۔میں نے یہ رائے فیس بک پر متضاد آرا کو پڑھ کے اپنی رائے دی ہے ۔ کسی کی دل شکنی میرا مقصد نہیں ہے ۔ پیشگی معذرت ۔
٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here