عید کا خصوصی پیغام !!!

0
62
مفتی عبدالرحمن قمر
مفتی عبدالرحمن قمر

جب آپ کے ہاتھ میں یہ اخبار ”پاکستان نیوز”ہوگا عید کے ایام گزر رہے ہوں گے اور آپ اور ہم عید کی خوشیوں کو سمیٹنے میں مصروف ہوں گے ،اللہ کرے ہمارے یہ خوشی کے ایام اچھے گزریں۔ اسلام ایک معتدل دین ہے یہ ہمیں سبق دیتا ہے کہ خوشی اور غمی کے کچھ حدود وقیود ہیں۔ ہمارے اندر خوشی کے موقع پر یاد خدا اور خوف خدا نہیں بھولنا چاہئے اور غمی میں اس حد تک نہ جائیں کہ زندگی عذاب لگنے لگے دولت مند حضرات اس مقدس دن جس کو انعام کا دن کہا گیا ہے۔ اس حد تک بڑھ جاتے ہیں کہ ہر قسم کی خرافات کر گزرتے ہیں۔ جان بوجھ کر ایسی محفلیں سجانا کہ عوام الناس پر رعب پڑے ان کی فیاضی اور شاہ خرچی کے چرچے ہوں۔ جو ایک مسلمان کے لئے اچھی بات نہیں ہے عوام الناس بھی پیچھے نہیں رہتے۔ چندہ اکٹھا کرتے ہیں ہر راہ گیر کو روک کر شرمندہ کرتے ہیں۔ وہ بے چارہ مجبور ہو کر اپنی وہ پونجی لٹا بیتھا ہے جو گھر سے سبزی لینے کے لئے لایا تھا۔ چاند رات کو گلیوں بازاروں میں لائوڈ سپیکر کا انتظام کیا جاتا ہے۔ کسی قاری صاحب کو بلا کر تلاوت اور نعت خوان کو بلا کر نعت پڑھوائی جاتی ہے پھر قوالی لگادی جاتی ہے جب سونے کا ٹائم ہوتا ہے گانے لگا دیئے جاتے ہیں۔ نہ بیمار کی پرواہ، نہ بوڑھوں کی پرواہ حالانکہ جس ماہ مبارک کے اختتام پر ہمیں یہ عید کا تحفہ ملا ہے۔ اس مقصد ہی اللہ رب العزت نے فرمایا لعلکم تتقون، تاکہ ہمارے اندر تقویٰ کی صفت پیدا ہو۔ خوف خدا پیدا ہو۔ بھوکے رہ کر بھوکوں کی بھوک کا ادراک ہو۔ رمضان کے اختتام پر فطرانہ کی شکل میں غریب کی مدد ہو تاکہ وہ بھی عید کی خوشیوں میں شریک ہوسکیں عید ہمیں خوشی کا موقع فراہم کرتی ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں مگر عید ساتھ ہی بھائی چارے اور مل جل کر خوشی منانے کا موقع بھی فراہم کرتی ہے۔ خود احتسابی اور لشکر کی دعوت دیتی ہے۔ پاکیزگی کا سبق دیتی ہے عید صرف نئے کپڑے پہننے کے لئے نہیں ہے بلکہ اپنے کردار کو بھی پاکیزہ کرنے کی دعوت دیتی ہے۔ عید عمدہ اور بہترین کھانے کا صرف دن نہیں ہے بلکہ اپنے قرب وجوار میں غریب رشتہ داروں کو بھی شریک کرنے کا دن ہے۔ عید صرف نئی نئی سواریوں پر بیٹھ کر سڑکوں پر دوڑانے کا نام نہیں ہے بلکہ اپنے نفس پر قابو اور گناہوں پر بریک لگانے کا دن ہے ہم میں سے جس نے بھی گناہوں سے کنارہ کشی اختیار کرلی سمجھ لو مقصد الٰہی یعنی صاحب تقویٰ میں شمار ہوگا اللہ ہمیں عید کی حقیقی خوشی عطا کرے۔(آمین)
٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here