بالآخر کنجیشن پرائز کا ڈرامہ اپنے اختتام کو پہنچ گیا ،گورنر کیتھی ہوکو اُن تمام شرائط پر راضی ہوگئیں جس کا صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حکم دیا تھا ، جب سے کنجیشن پرائز کا واویلا شروع ہوا ہے گورنر ہوکو میں لوگوں نے بہت ساری تبدیلیاں محسوس کیں ہیں ، اُن کے چہرے پر پہلے کی طرح ہوائیاں اُڑتی نظر نہیں آتیں ہیں، بلکہ اِس کے برعکس اُنکا چہرہ مالش پالش کی وجہ کر چمکتا دمکتا نظر آتا ہے، اور لباس تو سیاہ کے بجائے سرخ میں تبدیل ہوگیا ہے جیسے وہ نئی نویلی دلہن ہوں، مختصرا”عرض یہ ہے کہ گورنر کیتھی ہوکو بھی کچھ چاہتی ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ تو اُس موقع کا انتظار کر رہے تھے جب گورنر ہوکو اُن سے پرائیویٹ میں ملاقات کرنے پر راضی ہوجائیں۔پہلی ڈیٹ تو گو ناگوں وجوہات کی بنا پر کینسل ہوگئی تھی لیکن گورنر ہوکو واشنگٹن میں مٹر گشت کر رہی تھیں اِسلئے ایک تقریب میں اُن کی ملاقات صدر کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف اسٹیفن مِلر سے ہوگئی اور اُنہوں نے مِلر سے درخواست کی کہ کیا یہ ممکن ہے کہ وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کرسکیں اور اُسی کے چند گھنٹے بعد گورنر ہوکو کو یہ پیغام ملا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اُن سے شام کے چھ بجے ملاقات کرنے پر راضی ہوگئے ہیں، گورنر ہوکو اپنے میک اپ پر ایک اور لبادہ اوڑھ کر وائٹ ہاؤس میں حاضر ہوگئیں، صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملاقات کی یہ شرائط رکھی تھی کہ گورنر ہوکو اپنے اسٹاف اور اپنے اسٹیٹ پولیس کو وائٹ ہاؤس کے گیٹ پر چھوڑ کر تن و تنہا حاضر ہونگی، شکر ہے کہ صدر ڈ و نلڈ ٹرمپ نے یہ شرط نہ رکھی تھی کہ تن کی عریانی میں جھلکتے ہوئے لباس کو وہ زیب تن کرکے حاضر ہوں۔ایک مرتبہ نیویارک اسٹیٹ کی سینیٹر کرسٹین گیلی برانڈ ڈونلڈ ٹرمپ سے اپنے انتخابی مہم کیلئے امداد لینے گئیں تھیں چند عرصہ بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے اُس ملاقات کو فراموش نہیں کیا اور ایک جلسے میں ببانگ دہل اُن کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ” یہ اُس طرح کی عورت ہیں جو پیسے کیلئے سب کچھ قربان کرنے کیلئے تیار ہوجاتی ہیں۔ اِس لئے کنگ نے موقع ضائع کئے ہوئے یہ کہہ دیا کہ آپ جیسی نازک اندام خاتون یہ کیا گورنر شپ کے چکر میں پڑی ہوئی ہیں ، میں آپ کو صدر امریکا بنا سکتا ہوں، گورنر ہوکو نے اُنکی پیش رفت کی مزاحمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ساری باتیں بعد میں ہونگی، صدر امریکا اپنی سرکاری حیثیت کو بالائے طاق رکھ کر گورنر ہوکو کے حسن کی تعریف کرنے لگے، اور کہا کہ میں وقتا” فوقتا”آپ کے بارے میں سوچتا رہتا ہوں، آپ امریکا کی خواتین کی سیاسی زندگی کی جان ہیں، آپ سے قبل ہیلری کلنٹن تھیں جو اب نانی اماں بن چکی ہیں لیکن میں آپ کے ہر پہلو کے بارے میں سوچتا ہوں، آپ فینسی بیڈ پر مخملی چادر پر کیسی لگیں گی، اِسکرٹ میں آپ کا حسن کیسے شباب پر ہوگا، اے کاش ! کہ میں ایک شاعر ہوتا،گورنر ہوکو نے جواب دیا کہ اب وہ ضعیف ہوچکی ہیں، اُن کی عمر 66 کی ہے لیکن اُنہوں نے اپنی صحت کو برقرار رکھا ہے، وہ پابندی سے ورک آؤٹ کرتیں ہیں اور ڈائٹنگ کا خیال رکھتی ہیں۔صدر ٹرمپ نے اُنکے جسم پر ایک طائرانہ نظر ڈالتے ہوئے کہا کہ ہم لوگ انڈین مسالہ دار کھانا کھاتے وقت ڈائٹنگ کو فراموش کر دیتے ہیں اگر آپ چاہیں تو میں اپنے انڈیا کے دورے میں آپ کو ہمراہ لے جاؤں لیکن کیوں نہیں ہم ضروری باتوں کو پہلے نمٹالیں، گورنر ہوکو نے کہا تو فرمائیے ! کیا ضروری باتیں آپ کو کرنی ہے۔ گورنر ہوکو نے کہا کہ آپ کے ٹرانسپورٹیشن سیکرٹری شان ڈفی نے اپنے خط میں نیوجرسی کے ٹرانسپورٹیشن کمشنر کا یہ حوالہ دیا ہے کہ صدر ٹرمپ کنجیشن پرائز کو ختم کر دینگے، کمشنر نیوجرسی کو یہ اختیار نہیں کہ وہ ہمارے معاملات میں دخل اندازی کریں، گورنر ہوکو نے شکایتوں کا ایک پنڈورا بکس کھول کر رکھ دیا تاہم بعد ازاں وائٹ ہاؤس کے ترجمان کش ڈیسائی نے میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا غیر مبہم اور واضح طور پر یہ موقف ہے کہ کنجیشن پرائز نیویارک کے عوام کے چہرے پر ایک طمانچہ ہے ، اور وہ اِسے کسی قیمت پر برداشت نہیں کرینگے۔گورنر ہوکو اپنے تئیں یہ سوچتی رہیں کہ وہ صدر امریکا کے سامنے بہتر طریقے سے اپنا موقف پیش کرنے میں کامیاب رہیں، اُنہوں نے صدر ٹرمپ کو خوش کرنے کیلئے یہ کہا کہ ٹرمپ ٹاور کے ارد گرد ٹریفک میں بہت حد تک کمی ہوگئی ہے اور اب بہت کم لوگ مین ہٹن کے مرکزی علاقے میں داخل ہوتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ میٹرو پولیٹن ٹرانسپورٹیشن اتھارٹی نے یہ اعداد و شمار پیش کیا ہے کہ کنجیشن پرائز کے ذریعہ ایم ٹی اے نے 48.6 ملین ڈالر کمایا ہے۔اِس امر میں کوئی شک نہیں کہ کنجیشن پرائز ٹرمپ اور ہوکو انتظامیہ کے مابین ایک گھمسان کی جنگ کا پیش خیمہ بن گئی ہے،گورنر ہوکو یہ سوچنے پر مجبور ہوگئی ہیں کہ اُن کے پاس اِس کے سوا اور کوئی چارہ نہیں کہ وہ عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں جو اُنہوں نے کردیا ہے اور دوسری جانب صدر ٹرمپ اپنی بندوق صاف کرکے نشانے پر لگادی ہے، صدر ٹرمپ کے پاس کئی آپشن ہیں اور اُن میں سے ایک یہ بھی ہے کہ وہ فیڈرل فنڈنگ نیویارک اسٹیٹ کو دینا بند کردیں۔