سہہ حرفی لفظ ” صبر” جس کے معنی برداشت کرنے کے ہیں یعنی بیماری پر برداشت ، تکلیف پر برداشت ، مصیبت پر برداشت ، لوگوں کی تکلیف پہنچانے پر برداشت ، صراطِ مستقیم پر چلتے ہوئے اذیتیں سہنے پر برداشت ، ضروریات زندگی کے کم ہونے پر برداشت ، خاص نعمتیں یعنی بینائی چلے جانے ، سماعت کے ختم ہونے ، ہاتھ پیروں کی نعمت چھن جانے اور ذہنی فقدان کے ہونے پر برداشت ، دوسرے لوگوں کی نسبت آسائشوں کے نہ ہونے پر برداشت وغیرہ وغیرہ ۔صبر کا سلسلہ بہت وسیع ہے جو لامحدود ہو سکتا ہے، اصل مقصد تو رب العالمین نے کسوٹی سے ہماری پہچان کرنی ہوتی ھے کہ آیا میرا بندہ کہاں تک صبر کرتا ہے صبر ” جنت ثمر” ۔۔۔۔مندرجہ بالا بیان کی گئی سب تکلیفوں میں سب سے زیادہ اپنے پیاروں کے بچھڑ جانے پر برداشت کرنا پڑتا ہے اسی لئے تو ہم جب کسی فوتگی والے گھر جائیں تو لواحقین کو ” صبر جمیل” کی دعا کثرت سے دے رہے ہوتے ہیں ۔ آزمائشوں کا سب سے کڑا اور سخت سلسلہ اللہ سبحانہ وتعالیٰ نے اپنے پیغمبروں پر رکھا ، مقصد صرف اور صرف سخت جان بنانا اور اسی معاشرے میں رہتے ہوئے سب کچھ برداشت کرنے کی ہمت پیدا کرنا تھا ۔ہم نہ ہی فرشتوں میں شامل ہیں اور نہ ہی پیغمبروں کی طرح ہو سکتے ہیں ۔ہم تو گناہوں میں جکڑے خطاکار لوگ ہیں ۔ ہم میں سے کتنے بیشمار لوگ کسی نہ کسی آزمائشوں میں گھرے ہیں تو آئیے مل کر ان ہمت کرنے والے صابرین کے لئے دعا کرتے ہیں جن کے لئے رب العزت نے قرآن پاک میں ارشاد فرمایا کہ! ”ان اللہ مع الصابرین ”
ماہ رمضان المبارک تو خود صبر و تحمل سے بھرپور مہینہ ھے جس میں پورے مہینے ہمیں صبر کا مظاہرہ پیش کرنا ہوتا ھے ۔۔ آئیے مل کر سچے دل سے سب صابرین کے لئے رب العالمین کے آگے ہاتھ پھیلاتے ہیں تاکہ صابرین کے صبر میں جابجا اضافہ ہو اور ان کی تکلیفوں میں کمی ہو ۔ یا ارحم الراحمین ! یا ارحم الراحمین ! یا ارحم الراحمین ! اس دنیا میں ہمارے جتنے بہن بھائی صبر جیسی تکلیف سے گزر رہے ہیں یا اللہ ان کو صبر وتحمل عطا فرمائے ۔ یا ودود یا اللہ! صابرین کی تمام مشکلوں کو دور کر دیجئے ۔ یا مالک الملک ! وہ ہمارے پیارے صابر بہن بھائی جو بستر پر محتاج پڑے ہیں اور ہماری طرح چل پھر نہیں سکتے یا رب ان کو بہت زیادہ ہمت عطا فرمائیے تاکہ ان کو اس تکلیف میں صبر کرنا آسان ہو جائے ۔ یا رب العالمین ! ہم میں سے کتنے لوگ ہوں گے جو دوسروں کی خوشیوں کی خاطر صبر کرتے ہوں گے یا مالک ان پر رحم فرمائیے ۔ یا ارحم الراحمین! ہم میں سے کتنے بہن بھائیوں کے ماں باپ انہی روزوں کے درمیان ان سے بچھڑ گئے ہوں گے یا ہمارے پیارے رب ان کو صبر جمیل عطا فرمائیے ۔ یا اللہ سبحانہ وتعالیٰ! ہم میں سے کتنے لوگ ہوں گے جو اپنی خواہشات کو پورا کرنا چاہتے ہوں گے مگر آپ کی رضا کی خاطر رک کر برداشت کرتے ہوں گے یا رب العزت ان کے لئے صبر کو آسان بنا دیجیئے ۔ یا مالک سموات والارض! ہم میں سے کتنے لوگ مفلسی کے ساتھ حق حلال پر گزر بسر کر رہے ہوں گے لیکن آپ کی رضا کی خاطر حرام سے خود کو روکتے ہوں گے یا ارحم الراحمین ان کے صبر میں وسعت عطا فرمائیے ۔ یا مالک کائنات ہم میں سے کتنے لوگ جسمانی بیماریوں و تکالیف سے دوچار ہوں گے یا الٰہی ان کو بھی صبر جمیل عطا فرمائیے ۔ یا ارحم الراحمین! ہم سب لوگ کمزور ہیں، کم ہمت ہیں، ہمارے پیارے رب، ہمارے اندر قوت برداشت پیدا فرما دیجئے یا مالک ہم آزمائشوں میں پورے ثابت نہیں ہو سکتے ۔ یا رب العالمین ہم پر رحم فرمائیے ہمیں ان آزمائشوں میں نہ ڈالیے جن کا بوجھ ہم نہیں اٹھا سکتے ۔ ہمارے اندر ” صبر” کرنے کی بہترین صفت پیدا فرما دیجئے ۔۔ بیشک آپ ہی تمام طاقتوں کے مالک اور اختیار کل ہیں ہمیں بخش دیجئے ہم پر آسانیاں کرئیے ہمارے لئے راستوں کو آسان کردیجیے ۔ آمین یارب العالمین آمین الحمدللہ رب العالمین !
٭٭٭