گفتگو کیا ہے !!!

0
146
رعنا کوثر
رعنا کوثر

گفتگو کیا ہے !!!

ہم کو اللہ نے زبان یعنی بولنے کی قوت سے مالا مال کیا ہے اس لئے ہم بولتے ہیں اپنے جذبات کا اظہار بولنے سے کرتے ہیں ہم سچ اور جھوٹ اسی زبان سے بولتے ہیں ہم دوسروں کو معلومات بھی اپنی بات چیت سے فراہم کرتے ہیں کچھ پوچھتے ہیں اپنی ضرورت کا اظہار کسی سے کرتے ہیں تو اسی زبان سے کرتے ہیں اور بات چیت کا انداز اظہار خیال اسی کو گفتگو کہتے ہیں اور گفتگو کے بھی آداب ہوتے ہیں۔ زبان کو قوت گویائی اس لیے دی گئی ہے کے ا س کو بھی اچھے کاموں کے لئے استعمال کرنا ہے زبان کا استعمال بھی کسی وجہ سے انسان کو دیاگیا ہے آدمی جو بھی بات منہ سے نکالتا ہے خدا کا فرشتہ اسے فوراً نوٹ کرلیتا ہے،کوئی بات اس کی زبان پر آتی ہی ہے کہ ایک نگران اس کو محفوظ کرنے کے لئے متعد رہتا ہے۔
اسی لئے گفتگو کرتے ہوئے خدا سے ڈریئے سچ بولئے سچ بولنے میں کبھی جھجک نہ محسوس کیجئے۔ برائی کرنا چغلی کرنا اپنی بڑائی جتانا جھوٹا وعدہ کرنا جھوٹی تعریف کرنا اپنی تعریف کرنا یہ سب ہم اسی زبان سے کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی اسی زبان سے ہم لوگوں کے لئے گواہیاں بھی دیتے ہیں اس لئے قرآن میں کہا گیا ہے کہ اور جب زبان سے کچھ کہو تو انصاف کی بات کہو چاہے وہ تمہارا رشتہ دار ہی ہو۔یہ تو دین کی باتیں ہیں یعنی دین ہمیں کیسا سکھاتا ہے مگر ہم روزانہ صبح اُٹھتے ہی گفتگو کا آغاز کرتے ہیں گھر والوں سے گفتگو کا آغاز ہوتا ہے اگر ہم روزانہ نرمی سے گفتگو کریں مسکراتے ہوئے میٹھے لہجے میں بات کریں اور اپنے بچوں کو بھی یہی سکھائیں تو صبح اُٹھتے ہی پورا گھرانہ پرسکون ہوگا۔ میٹھی اور نرم آوازیں بچوں کو اٹھائیں۔ نرمی سے ان سے کسی بھی قسم کی گفتگو کا آغاز کریں اور اپنی صبح کو پرسکون بنائیں پھر جب باہر نکلیں تو اردگرد کے لوگوں سے طریقے اور سلیقے سے گفتگو کریں نہ چرب زبانی کریں ،نہ اپنا رعب جمائیں ، نہ لوگوں کو مرعوب کرنے کی کوشش کریں اگر کوئی جہالت کرے زور سے بولے یا لڑائی کرنے کی کوشش کرے تو بھی اپنی گفتگو میں بدتمیزی کو شامل نہ کریں ،مناسب لہجے میں جواب دے کر اس جگہ سے ہٹ جائیں۔ اپنی عزت کا ہمیشہ خیال کریں اور مرتبے سے گری ہوئی بات نہ کریں۔ اپنے ساتھ کام کرنے والوں سے بات بھی کریں تو ٹھہر ٹھہر کر سلیقے اور وقار کے ساتھ گفتگو کیجئے۔ کوئی کچھ پوچھے تو پہلے غور سے اس کا سوال سن لیجئے اور خوب سوچ کر جواب دیجئے۔ چاہے جاب ہو یا کسی محفل میں شریک ہوں ذاتی محفل ہو یا مشاعرہ اور کسی بھی قسم کی محفل ہو وقار سے رہیں۔ کوئی کچھ بتا رہا ہو تو پہلے ہی یہ نہ کیجئے کے ہمیں معلوم ہے ہوسکتا ہے اس کے بتانے سے کوئی نئی بات سمجھ میں آجائے یا کسی خاص بات کا دل پر کوئی خاص اثر ہو جائے، اس لئے کہ بات کے ساتھ ساتھ بات کرنے والے کے اخلاص اور نیکی بھی اثر کرتی ہے گفتگو ایک ایسی چیز ہے جو آپ کی شخصیت پر بہت گہرا اثر ڈالتی ہے آپ کتنے بھی تعلیم یافتہ ہوں بہترین مہنگے کپڑے پہنے ہوں اچھی گاڑی ہو مگر اگر آپ میں بات کرنے کا سلیقہ نہیں ہے آپ کسی کی برائی میں لگے ہوئے ہیں خود ہی باتیں کیے جارہے ہیں کسی کو موقعہ نہیں دے رہے ہیں سارا وقت میں یہ اور میں وہ کر رہے ہیں۔ تو آپ کی زبان جتنی بھی چلے آپ کی گفتگو دلپزیر نہ ہوگی آپ صرف اپنا دل خوش کرکے اس محفل سے اُٹھیں گے۔گھر واپسی میں بھی ادب آداب سلام سے گھر والوں کی خیریت نرمی سے معلوم کریں، اچھی باتیں دل موہ لیتی ہیں۔ اچھے لوگ اپنی گفتگو سے پہچانے جاتے ہیں گفتگو صرف زبان کا استعمال نہیں یہ محبت کا ذریعہ ہے اس سے محبت بانٹنے اور خوش رہیئے۔
٭٭٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here