پاک آسٹریلیا پہلا ٹی 20، بارش سے رنگ میں بھنگ پڑنے کا خدشہ

0
633

سڈنی:

پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بارش کے رنگ میں بھنگ ڈالنے کا خدشہ موجود ہے۔

سری لنکا کیخلاف سیریز میں کلین سوئپ کے بعد ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں عالمی نمبر ون ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو ہٹادیا گیا تھا،کمان نو آموز بابر اعظم کے ہاتھوں میں دی جاچکی، احمد شہزاد اور عمراکمل کا تجربہ ناکام ہوا، شعیب ملک اور محمد حفیظ کو ایک بار پھر نظر انداز کردیا گیا، سرفراز احمد کا خلا وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان پر کررہے ہیں، اب نئے کپتان اور نئے کمبی نیشن کیساتھ پاکستان کو سخت جان کینگروز کا چیلنج درپیش ہے۔

اگرچہ گرین شرٹس نے کرکٹ آسٹریلیا الیون کیخلاف وارم اپ میچ میں بہترکارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقامی کنڈیشنز سے ہم آہنگی کی نوید سنائی ہے لیکن اتوار کو پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں بچوں سے نہیں مضبوط آسٹریلوی ٹیم کا سامنا ہوگا، پاکستان کی ممکنہ الیون میں وارم اپ میچ کے کھلاڑیوں کو برقرار رکھے جانے کا امکان ہے۔

بابر اعظم، فخرزمان، حارث سہیل تینوں فارم بحال کرچکے،محمد رضوان ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کے بعد پر اعتماد ہیں، آصف علی وارم اپ میچ میں کھاتہ نہیں کھول سکے لیکن ان کو برقرار رکھا جا سکتا ہے، افتخار احمد ، عماد وسیم، شاداب خان بیٹ اور بال دونوں سے ٹیم کے کام آسکتے ہیں،تینوں آل راؤنڈرز کا کردار اہم ہوگا، محمد عامر، وہاب ریاض اور محمد عرفان اپنے تجربے کی بدولت کینگروز کیلیے مشکلات پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔

دوسری جانب ڈیوڈ وارنر اور اسٹیو اسمتھ کی واپسی کے بعد میزبان اسکواڈ خاصا متوازن ہوچکا ہے،جارح مزاج گلین میکسویل نفسیاتی مسائل کی وجہ سے اچانک رخصت پر چلے گئے لیکن ڈی آرسی شارٹ ان کا خلا پرکرنے کیلیے موجود ہوں گے،کپتان ایرون فنچ بھی پر اعتماد آغاز فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں،مچل اسٹارک، پیٹ کمنز، کین رچرڈسن اور بلی اسٹین لیک پر مشتمل پیس بیٹری کیساتھ ایڈم زمپا جیسے کارآمد اسپنرز کی خدمات بھی میسر ہیں۔

وارم اپ میچ کے بعد جمعہ کو پاکستانی کرکٹرز نے آرام کو ترجیح دی،شام کو شاہد آفریدی فا?نڈیشن کی تقریب میں بھی شریک ہوئیہفتے کوبھرپور پریکٹس سیشن ہوگا،مہمان کھلاڑی بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں اپنی صلاحیتیں نکھارنے کیلیے سرگرم رہیں گے۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلیے ٹرافی کی تقریب رونمائی اور کپتانوں کی پریس کانفرنس بھی ہوگی۔

دوسری طرف موسم کی حوالے سے کوئی اچھی اطلاعات نہیں ہیں،سڈنی میں سہ پہر اور شام کو بارش کا 90فیصد امکان ظاہر کیا گیا ہے،طوفانی ہوائیں بھی چل سکتی ہیں، درجہ حرارت کم سے کم 19اور زیادہ سے زیادہ 29رہے گا۔

یاد رہے کہ 20باہمی ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں پاکستان کا پلڑا بھاری رہا ہے،گرین شرٹس نے 12میں کامیابی حاصل کی، 7میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، ایک میچ ٹائی ہوا،آسٹریلیا میں دونوں ٹیمیں صرف ایک بار مقابل ہوئی ہیں،کینگروز نے سخت مقابلے کے بعد صرف 2رنز سے فتح حاصل کی تھی، 127کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے مہمان ٹیم 9وکٹ پر 125رنز بناسکی تھی۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here