نثار بمبئے والا مرحوم….!!!

0
330
شمیم سیّد
شمیم سیّد

شمیم سیّد،بیوروچیف ہیوسٹن

آسمان تیری لحد پر شبنم افشانی کرے!!!
ہیوسٹن میں بمبئے والا فیملی کسی تعارف کی محتاج نہیں ہے، شاید ہی کوئی ایسا شخص ہوگا جو غلام محمد بمبئے والا کے نام سے واقف نہ ہو ایک زمانہ تھا جب غلام محمد بمبئے والا شاید وہ واحد پاکستانی تھا جو بزنس کی دنیا میں پاکستان کی پہچان تھا اور شاید وہ واحد پاکستانی بزنس مین تھا جو امریکن نمبر ون شو OPERA میں آیا تھا۔ جس طرح غلام محمد بمبئے والا مشہور تھے اسی طرح ان کے بھائی نثار بمبئے والا بھی کافی مشہور تھے اور بڑے عیش و آرام کی زندگی گزار رہے تھے کہ اچانک ان کی زندگی تبدیل ہونی شروع ہو گئی اور وہ دیکھتے ہی دیکھتے اس دنیا سے نکل کر دوسری دنیا میں آگئے اور اپنے آپ کو اللہ اور اس کے رسولﷺ کے اصولوں پر ڈال دیا۔ شرعی داڑھی، لباس اور سادگی کی زندگی گزارنے لگے اور یہاں تک ہوا کہ اپنا کاروبار بھی چھوڑ دیا اور رزق حلال کی تلاش میں سرگرداں رہنے لگے لوگ جب ان سے پوچھتے تو وہ یہی جواب دیتے تھے کہ میں بہت خوش ہوں اور رزق حلال کمانے کی کوشش میں لگا ہوا ہوں، ہیوسٹن میں نثار بمبئے والا اپنے فلاحی کاموں کی وجہ سے بہت مشہور ہو گئے تھے وہ راتوں کو ان ریسٹورنٹ سے جو کھانا بچ جاتا وہ غریبوں میں جو بے گھر ہوتے تھے ان کو کھانا پہنچاتے تھے، لوگوں کی بیماریوں کا علاج عجامہ (Ajama) کے اسلامی اصولوں پر کرتے تھے پھر انہوں نے تبلیغی جماعت سے وابستگی اختیار کر لی ا ور زیادہ تر وقت تبلیغی کاموں میں گزارتے تھے اور وہ اس کام میں کوئی شرم محسوس نہیں کرتے تھے ،ہر جمعہ کو مدرسہ اسلامیہ کے باہر وہ اپنا سٹال لگاتے تھے، بریانی، سموسے، پیٹس وغیرہ بیچتے تھے۔ دکانوں اور گھروں میں سیکیورٹی کیمرے بھی لگاتے تھے، بہت ہی خوش اخلاق اور محبت کرنے والے انسان تھے ،ہر شخص ان کی عزت کرتا تھا، ابھی پچھلے دنوں اپنے تبلیغی ساتھیوں کےساتھ پاکستان گئے تھے، واپسی پر ان کو دل کا دورہ پڑا اور ان کو ایمر جنسی لینڈنگ کر کے کینیڈا کے شہر کیوبک میں اُتار لیا گیا اور وہ ہسپتال میں داخل کر لئے گئے تقریباً پندرہ دن ہسپتال میں رہنے کے بعد اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ،میں اپنا کالم پیر کے روز لکھتا ہوں، ان کے انتقال کو تین دن ہو چکے ہیں اور ابھی تک ان کی میت ہیوسٹن نہیں آسکی ہے ،کوششیں جاری ہیں جیسے ہی ان کی میت ہیوسٹن آئے گی امید یہی ہے کہ ان کی نماز جنازہ مدرسہ¿ اسلامیہ میں ادا کی جائےگی اور ان کو المیڈا جینیوا کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا جائےگا، اگر کینیڈا کی حکومت نے اجازت دیدی ورنہ جو خُدا کی مرضی ہوگی وہی ہوگا۔ یقیناً یہ صدمہ ہیوسٹن کے لوگوں اور غلام محمد بمبئے والا کی فیملی کیلئے بہت ہی تکلیف کا باعث ہے۔ مرحوم نے اپنے پسماندگان میں دو بیٹیاں اور ایک بیوی چھوڑی ہے۔ مرحوم کی عمر 60 برس تھی ،اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند کرے اور دانستہ یا دانستہ طور پر کوئی غلطی سرزد ہوئی ہو تو ان کو معاف کر دیں، پاکستان نیوز غلام محمد بمبئے والا کی فیملی کے غم میں برابر کا شریک ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ نثار بمبئے والا کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔
٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here