گورنر پنجاب کا دورہ امریکہ!!!

0
361
کوثر جاوید
کوثر جاوید

جب یہ کالم چھپے گا گورنر پنجاب چودھری سرور اپنا دورہ امریکہ مکمل کرکے واپس پاکستان پہنچ جانے کی تیاریوں میں مصروف ہونگے۔پاکستان میں اس وقت کرونا کی صورتحال خطرناک حد تک ابدترہے۔معمولات زندگی جمود کا شکار ہیں ،تعلیمی سرگرمیاں تجارتی مصروفیات دیگر کاروبار متاثر ہو رہے ہیں۔پاکستان کو ایسٹرن اور ویسٹرن بارڈرز پر مشکلات کا سامنا ہے۔بین الاقوامی صورتحال کافی خطرناک ہے۔اسرائیل فلسطین کے ساتھ انڈیا میں کرونا اور کشمیر میں مظالم بڑھ رہے ہیں۔پاکستان کے وزیرخارجہ ترکی، فلسطین ،سوڈان کے وزیرخارجہ کے ساتھ امریکہ کا طوفانی اور کامیاب دورہ مکمل کرکے پاکستان جاچکے ہیں۔امریکہ میں فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کیلئے اور اسرائیل مخالف مظاہرے جاری ہیں۔امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی خاص طور پر واشنگٹن میٹروپولیٹن ایریا میں پاکستان تحریک انصاف کے فصلی بٹیرے آپس دست و گریبان اور کئی گروپوں میں تقسیم پاکستان کا نام ڈبونے میں مصروف ہیں، اسی دوران پاکستان کے سب سے بڑے صوبہ پنجاب کے گورنر اپنے ساتھیوں کے ہمراہ امریکہ کے دورہ پر پہنچ چکے ہیں۔ ہیوسٹن میں فنڈ ریزنگ تقریب میں شرکت اور میری لینڈ ورجینیا میں اپنے کارکنوں کے ذریعے فنڈ ریزنگ تقریبات منعقد کرنے اور ایوارڈ وصول کرنے کے پیغامات بھیج رہے ہیں۔ چودھری سرور ایک منجھے ہوئے تجربہ کار سیاستدان ہیںجو انگلینڈ میں تیس سال ممبر پارلیمنٹ رہنے کے ساتھ مسلم لیگ ن اور اب پی ٹی آئی حکومت کی نمائندگی کر رہے ہیں۔پاکستان کی موجودہ سیاسی اور سماجی صورتحال کے باوجود امریکہ کے دورہ پر ہیں ۔ان کا دورہ صرف فنڈ ریزنگ تقریبات میں رقوم اکٹھی کرنا ہے یا امریکی سیاستدانوں کو ملنا ہے ابھی واضح نہیں ہے امریکہ اوورسیز میں جو سپورٹ اور اہمیت عمران خان کی ہے کس اور رہنما کی نہیں ہے۔چودھری سرور اس حاضر سروس گورنر ہیں امریکہ میں جعلی پاکستانی لیڈر ان کے آگے پیچھے پھر رہے ہیں۔یہی دو نمبر پاکستانی جعلی رہنما ہوسٹن سے گورنر کے لئے کئی ہزار ڈالر جمع کرکے واشنگٹن میں ساتھ پہنچ چکے ہیںاور ایک آدھا رکن کانگریس اورسیز سے ملاقات کرکے اپنی رشوت پیش کریں گے۔جس کے نتیجے میں پاکستان میں بھاری بھر کم فوائد اور پروٹوکول حاصل کئے جائیں گے۔ایک تو چودھری سرور صاحب کو فنڈ ریز شدہ رقم کے بارے میں اپنے پراجیکٹس کی تفصیلات واضح کرنے کی ضرورت ہے۔دوسرا امریکہ میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کو کچھ آداب سکھانے کی ضرورت ہے۔جس طرح یورپ میں چودھری سرور نے خدمات انجام دیں ،اس طرح امریکہ میں پی ٹی آئی کے کارکنوں ورکروں کو آپس عہدوں کی بندر بانٹ اور دست گریبان ہونے سے روکنے کی ضرورت ہے۔ امریکہ جیسے ترقی یافتہ اور عظیم ملک میں پی ٹی آئی کے کارکن اور عہدیدارانہ صرف پاکستان کا نام بدنام کر رہے۔ اس کے ساتھ وزیراعظم عمران خان کے تبدیلی کے نعرے کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔گورنر صاحب کو خود بھی عمران خان کانام لیکر فنڈ ریزنگ کرنا اور پی ٹی آئی کی چھتری کے نیچے اپنی ذاتی این جی اوز کے لئے فنڈز اکٹھا کرنے سے گریز کرنا چاہئے، آنے والے دنوں میں پتہ چل سکے گاکہ گورنر پنجاب کا یہ دورہ امریکہ ذاتی نوعیت کا تھا یا ملکی مفاد کے لئے تھا۔
٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here