رنگِ شفق کو دیکھ کے سب لوگ دنگ ہیں!!!

0
323
ڈاکٹر مقصود جعفری
ڈاکٹر مقصود جعفری

شعلہ بیان مقرر ، شاعر ، دانشور اور سیاست دان شہید اسد زیدی سابق ڈپٹی اسپیکر گلگت بلتستان کے شعری مجموعہ کا نام رنگِ شفق تھا، کئی سال قبل اِس کا دیباچہ میں نے لکھا تھا اور اپنا یہ شعر زیب تحریر کیا تھا!
رنگِ شفق کو دیکھ کے سب لوگ دنگ ہیں
کیا آسماں پہ خونِ تمنا کے رنگ ہیں
محترمی و مکرمی جناب ڈاکٹر مرزا شفیق حسین شفق لکھنوی صاحب نے جب اپنی کچھ تحاریر ارسال کیں تو ان کے تخلص شفق نے رنگِ شفق کی یادیں تازہ کر دیں اور بے ساختہ آنکھوں سے اشک جاری ہو گئے اور زباں پر مرزا غالب کا یہ شعر رقص کناں ہو گیا۔
مقدور ہو تو خاک سے پوچھوں کہ اے لئیم
تو نے وہ گنج ہائے گراں مایہ کیا کئے
ڈاکٹر مرزا شفیق حسین شفق نابغ روزگار ہیں۔ آج ان کا فون آیا اور ان کی نستعلیق اردو دانی نے نہال کر دیا۔ شائستہ و شگفتہ علمی اور ادبی لہجہ میں ان کی گفتگو نے متاثر کیا۔ ان کا تعلق لکھن کے ادبی اور مذہبی خانوادے سے ہے، نقادِ ادب بھی ہیں اور شعر و سخن کی وادی کے شہسوار بھی ہیں، تحریر و تقریر کے دھنی ہیں۔ ہمہ جہت شخصیت ہیں۔ ان کی تصنیف عرفان صدیقی ،شخص اور شخصیت ان کی تنقیدی و تحقیقی حلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ عرفان صدیقی کے شعری مجموعہ عشق نامہ پر بھرپور کتاب ادبی دنیا کا شاہکار ہے۔ ان کے والدِ گرامی قبلہ الحاج مرزا نبی حسن لکھنوی نامور عالمِ دین اور خطیبِ بے بدل تھے، مہرِ درخشاں کو ڈاکٹر شفق صاحب نے ترتیب دیا ہے جو ان کے والدِ گرامی پر نامور علما اور فضلا کے مقالہ جات ہیں۔ یہ علم و ادب ڈاکٹر شفق صاحب کو وراثت میں ملا ہے۔ آپ کی علمی و ادبی شہرت چہارِ دانگِ عالم میں مثلِ مہرِ منور تاباں ہے۔ آپ کی مذہبی و ادبی خدمات پر کئی مقالہ جات لکھے گئے ہیں اور کئی شاعروں نے شاعری میں اِنہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ پروفیسر مہتاب حیدر نقوی صاحب اِن کی مدحت میں یوں رطب اللسان ہیں!
نکتہ رس، نکتہ دان و رمز شناس
کیوں کر اوصاف کا ہو ان کے شمار
ہے بھلا کون ایسا خوش تحریر
کس نے دیکھا ہے ایسا خوش گفتار
میری دلی دعا ہے کہ ڈاکٹر شفق صاحب اپنی شعلہ بیانی سے خاکسترِ ملتِ اسلامیہ میں شرر فشانی کرتے رہیں اور امن و انسانیت کے چراغ روشن کر کے شبِ تیرہ و تار کو تابناک بنانے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں۔ آمین۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here