شہداء اسلام کانفرنس !!!

0
43

اسلام کی تاریخ شہداء اسلام سے عبارت ہے ان کی شہادتوں سے اسلام کو عظمت وقوت حاصل ہوئی حق کا پرچم بلند ہوا۔ سید الشہداء حضرت امیر حمزہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ شہادت عمر فاروق رضی اللہ عنہ شہادت حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ شہادت سید علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ شہادت حضرت امام حسین المجتبیٰ رضی اللہ عنہ شہادت حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ ان تمام شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر اسلامی جھنڈے کو سر بلند رکھا۔ آج ان تمام شہداء کرام کی قربانیاں اُمت مسلمہ کے لئے مینارہ نور کی حیثیت رکھتی ہیں۔ ان شہداء اسلام کو خراج تحسین پیش کرنے اور ان کے درخشاں پہلوئوں کو اُجاگر کرنے کے لئے ہر سال المدنی مسجد نیویارک میں شہداء اسلام کانفرنس منعقد کی جاتی ہے۔ جس میں دنیا بھر سے علماء تشریف لاتے ہیں اور شہداء اسلام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ المدنی مسجد محل وقوع کے لحاظ سے بڑے اہم مقام پر واقع ہے۔ مسجد کے سامنے ایک ہندو مندر ہے اور ساتھ ہی کورین چرچ ہے اور مسجد لگوارڈیا ایئرپورٹ سے چند قدم کے فاصلے پر ہے۔ ایئرپورٹ کا عملہ پیدل آکر اپنی عبادت بجا لاتا ہے۔ مسلمان ڈرائیور حضرات کے لئے انتہائی کارآمد جگہ ہے نماز ادا کرتے ہیں سواری کا انتظار کرتے ہیں جیسے ہی ان کو کال آتی ہے اپنے کام پہ نکل جاتے ہیں۔ مسجد کے قرب وجوار میں کوئی ایک ہی گھر ہے جو مسلمان کا ہے باقی سارے حضرات دور دراز سے تشریف لاتے ہیں۔ یہ عاجز بھی تقریباً چالیس میل دور سے حاضر ہوتا ہے ۔ یاد رہے کہ امریکہ میں ابھی تک میل ہی چلتے ہیں کلومیٹر نہیں باوجودیکہ سوشل میڈیا غالب آچکا ہے اور مساجد کی رونق کافی حد تک ماند پڑ چکی ہے مگر المدنی مسجد کی خوش نصیبی یہ ہے کہ مخلوق خدا کی کوئی کمی نہیں ہوئی اس مرتبہ بھی مرد حضرات کا حصہ اور خواتین کا حصہ کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔ علماء کو بیان کرنے کے لئے مجمع کی کمی کا رونا نہیں رونا پڑا۔ تلاوت کے لئے جناب عتیق الرحمن مفتی صاحب اور جناب شاہ میر مفتی نے اپنی ڈیوٹی سرانجام دی۔ نعت ومنقبت کے لئے جناب زبیر محمد مفتی، جناب طارق ملک صاحب، جناب محمد فاروق ڈار صاحب، جناب قاری محمد فاروق صاحب، جناب محمد اصغر چشتی صاحب، اور جناب طارق محمود علوی صاحب نے حصہ لیا جناب راجہ رزاق نے خصوصی شرکت فرمائی۔ نعت ومنقبت کا نذرانہ پیش کیا امام المدنی مسجد جناب ارشاد طاہر نے نعت ومنتقبت کے ساتھ ساتھ نمازوں کی امات بھی فرمائی۔ بلجیئم یورپ سے تشریف عالمی مبلغ اسلام پیر سید حسنات احمد بخاری نے شہادت امام حسین پر روشنی ڈالی جناب پیر طریقت مخدوم پیر سید تصور الحسن گیلانی نے حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی سیرت پرروشنی ڈالی اور علامہ محمد انوارالحق علوی نے سیرت سیدنا عثمان غنی رضی اللہ عنہ بیان کی جبکہ علامہ حافظ محمد سعید طاہر صاحب اور علامہ راجہ منصف القادری صاحب اور سید عثمان شاہ گیلانی نے خصوصی شرکت فرمائی۔ لنگر شریف کا وافر انتظام موجود تھا۔ جس کا انتظام میرے پیارے بھائی چوہدری جاوید ندیم اور عدیل مرزا نے مل کر کیا تھا، اللہ تعالیٰ ہمیں شہداء اسلام کی زندگیوں کو سمجھنے پھر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے(آمین)۔
٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here